پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 3:37PM by PIB Delhi
آج ملک بھر میں ’قدرتی طریقۂ علاج، صحت مند بھارت‘ کے موضوع کے تحت نواں یومِ نیچروپیتھی منایا گیا۔ اس موقع پر احتیاطی طبی نگہداشت، صحت مند طرزِ زندگی اور مجموعی صحت و تندرستی کے فروغ میں نیچروپیتھی اور قدرتی طریقوں پر مبنی طبی نگہداشت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ قومی سطح کی یہ تقریب آیوش کی وزارت کے تحت مرکزی کونسل برائے تحقیقِ یوگا و نیچروپیتھی (سی سی آر وائی این) نے پونے کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیچروپیتھی (این آئی این) کے اشتراک سے کرناٹک کے ناگمنگلا میں واقع مرکزی تحقیقی ادارہ برائے یوگا و نیچروپیتھی (سی آر آئی وائی این) میں منعقد کی۔
آیوش کی وزارت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کے وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو اور آیوش کی وزارت کے سکریٹری ویدیا راجیش کوٹیچا نے تقریب کے دوران دکھائے گئے ویڈیو پیغامات کے ذریعے اپنی نیک خواہشات اور مبارک باد پیش کی۔
اپنے پیغام میں جناب پرتاپ راؤ جادھو نے احتیاطی طبی نگہداشت کو مضبوط بنانے اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے میں نیچروپیتھی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

جناب جادھو نے شہریوں سے صحت مند عادات اپنانے اور صحت مند بھارت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے نیچروپیتھی کے فروغ اور اس طریقۂ علاج کے بارے میں عوام میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کرنے کے لیے معالجین، محققین، اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کی کوششوں کو بھی سراہا۔
ویدیا راجیش کوٹیچا نے اپنے پیغام میں احتیاطی طبی نگہداشت، صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے اور فطرت کے ساتھ ہم آہنگی قائم کرنے میں نیچروپیتھی کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے نیچروپیتھی کو آگے بڑھانے کے لیے سائنسی تحقیق، صحت سے متعلق بیداری اور عوامی شرکت کی اہمیت کو اجاگر کیا اور شہریوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ صحت سے متعلق باخبر اور پائیدار طریقے اپنائیں۔

کرناٹک حکومت میں آبی وسائل (بڑی اور درمیانی آبپاشی) کے وزیر اور ناگمنگلا کے رکن اسمبلی جناب این چلوورایاسوامی نے تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ آیوش کی وزارت کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ الارمیلم نگئی ڈی مہمانِ اعزازی تھیں۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب این چلوورایاسوامی نے ناگمنگلا میں سی آر آئی وائی این کے قیام اور اس کی ترقی کو سراہا اور خطے کی طبی ضروریات پوری کرنے کی اس کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادارے کی سہولتیں عام لوگوں کے لیے قابلِ رسائی بنائی جائیں، تاکہ آس پاس کے علاقوں کی عوام نیچروپیتھی پر مبنی طبی خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے ادارے کی مزید ترقی کے لیے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا اور کرناٹک میں آیوش کی وزارت کے منصوبوں اور حکومتِ ہند کے دیگر اقدامات پر عمل درآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ریاستی حکومت کے ساتھ تال میل قائم کرنے کی آمادگی ظاہر کی۔
محترمہ الارمیلم نگئی ڈی نے یوگا اور نیچروپیتھی کی بڑھتی ہوئی پذیرائی اور احتیاط و فروغِ صحت پر مبنی طبی نگہداشت کے ذریعے طرزِ زندگی سے متعلق امراض سے نمٹنے میں ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سی سی آر وائی این کے تحقیقی بنیادی ڈھانچے میں توسیع پر بھی روشنی ڈالی، جس میں کرناٹک کے ناگمنگلا اور ہریانہ کے جھجر میں قائم یوگا و نیچروپیتھی کے مرکزی تحقیقی اداروں کے ساتھ دہلی کے روہنی میں موجود سہولتیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے تعلیم، تحقیق، تربیت، طبی خدمات اور عوامی بیداری کے فروغ میں پونے کے این آئی این کے تعاون کو بھی سراہا۔

سی سی آر وائی این کی ڈائریکٹر پروفیسر (ڈاکٹر) جیوتی کیسوَانی نے استقبالیہ خطاب میں یومِ نیچروپیتھی کی اہمیت اور تحقیق، ادارہ جاتی ترقی اور یوگا و نیچروپیتھی کے فروغ میں کونسل کے کردار کو اجاگر کیا۔

تقریب کے دوران سی سی آر وائی این اور پونے کے این آئی این کی جانب سے متعدد تحقیقی اشاعتوں اور تعلیمی مواد کا اجرا کیا گیا۔ ان میں سی آر آئی وائی این ناگمنگلا اور جھجر پر دستاویزی فلمیں، انڈین جرنل آف یوگا اینڈ نیچروپیتھی (جلد 1، شمارہ 3)، یوگا اور نیچروپیتھی پر ایک کتاب، انٹرن بُک لیٹ اور ری جین-بیٹا شامل تھے، جو ٹائپ 2 ذیابیطس کے لیے طرزِ زندگی میں تبدیلیوں سے متعلق ایک طبی آزمائش ہے۔ پونے کے این آئی این نے ’’نیچر کیور 360: پائیدار اور صحت مند مستقبل کی جانب ایک عوامی صحت پہل‘‘ اور ’’دی فیملی ڈاکٹر‘‘ کا اجرا بھی کیا۔

نیچروپیتھی فوڈ فیئر اور دواؤں کے پودے لگانے کی مہم کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں قدرتی وسائل، صحت مند طرزِ زندگی اور قدرتی طریقوں پر مبنی طبی نگہداشت کے طریقۂ کار کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں موجود شخصیات میں سی سی آر وائی این کی ڈائریکٹر پروفیسر (ڈاکٹر) جیوتی کیسوَانی، پونے کے این آئی این کی ڈائریکٹر پروفیسر (ڈاکٹر) گیتا بی شیٹی اور آیوش کی وزارت کے تحت ناگمنگلا کے یوگا و نیچروپیتھی کے مرکزی تحقیقی ادارے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر وڈِراج ایچ ایس شامل تھے۔
نویں یومِ نیچروپیتھی کی تقریبات نے احتیاط اور فروغِ صحت پر مبنی طبی نگہداشت کو مضبوط بنانے میں تحقیق سے تائید یافتہ یوگا اور نیچروپیتھی کی اہمیت کو پھر سے اجاگر کیا۔ تحقیق، ادارہ جاتی ترقی، عوامی بیداری اور عوامی شرکت کے لیے مسلسل کوششوں کے ذریعے آیوش کی وزارت مجموعی صحت و تندرستی کو فروغ دینے اور صحت مند بھارت کے تصور کو آگے بڑھانے کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
****
(ش ح ۔رک)
U. No.7835