کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

محکمۂ تجارت نے برآمدات کے فروغ کے مشن کے تحت برآمد کنندگان کی معاونت بڑھانے کے لیے چار اقدامات کے رہنما خطوط میں ترمیم کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 NOV 2026 1:27PM by PIB Delhi

محکمۂ تجارت نے 17 نومبر 2026 کو برآمدات کے فروغ کے مشن (ای پی ایم) کی ذیلی اسکیم ’نریات دِشا‘ کے تحت چار اقدامات کے رہنما خطوط میں ترمیم کی ہے، تاکہ برآمد کنندگان کی معاونت میں اضافہ کیا جا سکے اور مزید افراد و اداروں کی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔ ان اقدامات میں مارکیٹ تک رسائی میں معاونت (ایم اے ایس)، تجارتی ضوابط، منظوری اور تعمیل کو آسان بنانا (ٹریس) اور مال برداری و نقل و حمل کے لیے لاجسٹکس سے متعلق اقدامات (لفٹ) شامل ہیں۔

ایم اے ایس اقدام کا مقصد خریداروں اور فروخت کنندگان کی میٹنگوں (بی ایس ایم)، خریداروں فروخت کنندگان کی کاروباری میٹنگوں (آر بی ایس ایم)، تجارتی میلوں، نمائشوں اور بازار تک رسائی سے متعلق دیگر اقدامات کے لیے منظم معاونت فراہم کرکے ہندوستان کی برآمدات کو بین الاقوامی بازاروں   تک رسائی کے معاملے میں مضبوط بنانا ہے۔

ترمیم شدہ رہنما خطوط کے تحت درج ذیل تبدیلیاں کی گئی ہیں:

● خریداروں اور فروخت کنندگان کی ملاقاتوں، تجارتی میلوں اور تجارتی وفود میں شرکت کے لیے ہوائی سفر کے کرایے کی واپسی کی سہولت حاصل کرنے کی خاطر گزشتہ سال کے برآمدی کاروبار کی زیادہ سے زیادہ اہل حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔

● خردہ اور چھوٹے برآمد کنندگان کے لیے ہوائی سفر کے کرایے کی 95 فیصد تک، جبکہ دیگر اہل برآمد کنندگان کے لیے 80 فیصد تک واپسی کی سہولت دی جائے گی۔

● برآمدات کے فروغ سے متعلق کونسلوں کی رکنیت کی لازمی مدت چھ ماہ سے کم کر کے تین ماہ کر دی گئی ہے۔

ٹریس اقدام کے تحت چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ایز) کو بیرونِ ملک منڈیوں میں نافذ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معیار، حفاظت اور تکنیکی تقاضوں کو پورا کرنے میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔ اس معاونت میں ضوابط کی تعمیل اور معیار سے متعلق سرٹیفکیٹس کے ساتھ ساتھ مطابقت کے جائزے سے متعلق دیگر لازمی اور رضاکارانہ تقاضے بھی شامل ہیں۔

ترمیم شدہ رہنما خطوط کے تحت اخراجات کی واپسی کے اہل سرٹیفکیٹس کی فہرست 462 سے بڑھا کر 600 کر دی گئی ہے۔ اس سے ایم ایس ایم ایز کو بین الاقوامی معیار، حفاظت اور تکنیکی تقاضے پورے کرنے میں زیادہ وسیع دائرے میں معاونت فراہم کی جا سکے گی۔

ایل آئی ایف ٹی  اقدام کا مقصد کم برآمدی سرگرمی والے علاقوں میں واقع ایم ایس ایم ایز کو جغرافیائی دشواریوں اور رسد و نقل و حمل سے متعلق خامیوں کے باعث درپیش مسائل کو دور کرنا ہے۔ اس کے تحت محلِ وقوع سے پیدا ہونے والی مشکلات کے نتیجے میں مال برداری اور نقل و حمل پر آنے والے اخراجات کم کرنے کے لیے معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

ترمیم شدہ رہنما خطوط کے تحت درج ذیل تبدیلیاں کی گئی ہیں:

● کم برآمدی سرگرمی والے اضلاع کا دائرہ 13 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے بڑھا کر 34 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک کر دیا گیا ہے۔

● اہل بندرگاہوں کے زمروں میں توسیع کرتے ہوئے لینڈ کسٹمز اسٹیشنز (ایل سی ایس) اور انٹیگریٹڈ چیک پوسٹس (آئی سی پی) کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

● سڑک، ریل اورفضائی نقل و حمل کے موجودہ ذرائع کے ساتھ آبی گزرگاہوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

● برآمدی کھیپوں کے لیے ہوائی مال برداری کی معاونت شمال مشرقی خطے کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر اور لداخ تک بھی بڑھا دی گئی ہے۔

● مال بھیجنے کی جگہ اور منزل کی بندرگاہ کے درمیان کم از کم فاصلے کی اہلیت کی شرط 200 کلومیٹر سے کم کر کے 100 کلومیٹر کر دی گئی ہے۔

● برآمد کی جانے والی تمام اشیا کو معاونت کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے، سوائے ان اشیا کے جنہیں برآمدی مصنوعات یا برآمدات کے زمروں کی منفی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

مرکزی کابینہ نے 12 نومبر 2025 کو برآمدات کے فروغ کے مشن (ای پی ایم) کی منظوری دی تھی، جس کے لیے مالی سال 2025-26 سے 2030-31 تک کی مدت کے لیے 25,060 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس مشن کا مقصد ہدف پر مبنی مالی اور غیر مالی معاونت کے ذریعے ہندوستان کی برآمدی مسابقت کو مضبوط بنانا ہے، جس میں خاص طور پر ایم ایس ایم ایز، پہلی بار برآمدات کرنے والوں اور کم نمائندگی والے علاقوں پر توجہ دی گئی ہے۔

یہ مشن دو مربوط ذیلی اسکیموں کے ذریعے کام کرتا ہے۔ ‘نریات پروتساہن’ کے تحت تجارتی مالیات تک رسائی کو آسان بنایا جاتا ہے، جبکہ‘نریات دِشا’ بازار تک رسائی میں معاونت فراہم کرتی ہے اور برآمدات کی راہ میں حائل غیر مالی رکاوٹوں کو دور کرتی ہے۔ ان دونوں ذیلی اسکیموں کے تحت اب تک مجموعی طور پر 11 اقدامات کو عملی شکل دی جا چکی ہے۔

برآمدات کے فروغ کے مشن کے تحت ان اقدامات میں کی گئی ترامیم حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں میں برآمد کنندگان کی شرکت کے لیے معاونت بڑھا کر، سرٹیفکیشن اور ضوابط کی تعمیل سے متعلق سہولتوں تک رسائی آسان بنا کر اور مال برداری و رسد سے متعلق ان مسائل کو حل کرکے ہندوستان کی برآمدی مسابقت کو مضبوط بنایا جائے، جن کا سامنا ایم ایس ایم ایز کو، خصوصاً کم برآمدی سرگرمی والے علاقوں میں واقع اداروں کو، کرنا پڑتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ک ح۔ ر ب۔

U-7828


(ریلیز آئی ڈی: 2337931) وزیٹر کاؤنٹر : 8