زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 9:38AM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی جناب شیوراج سنگھ چوہان 20 نومبر 2026 کو بھوپال میں واقع آئی سی اے آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائی سیکیورٹی اینیمل ڈیزیز (آئی سی اے آر-این آئی ایچ ایس اے ڈی) میں بھارت کی پہلی دیسی، غیر فعال ایچ 5 این 1 (کلیڈ2.3.2.1a) انتہائی مہلک برڈ فلو (ایچ پی اے آئی) ویکسین برائے مرغیاں قوم کے نام وقف کریں گے۔ بھوپال کے آئی سی اے آر-این آئی ایچ ایس اے ڈی نے یہ ویکسین دیسی طور پر تیار کی ہے۔ یہ بھارت میں کلیڈ2.3.2.1a کے ایچ 5 این 1 ایچ پی اے آئی وائرس کے خلاف اپنی نوعیت کی پہلی ویکسین ہے۔
پس منظر
انتہائی مہلک برڈ فلو (ایچ پی اے آئی)، جسے عام طور پر برڈ فلو کہا جاتا ہے، مرغیوں کو متاثر کرنے والی ایک سنگین بیماری ہے۔ اس بیماری کے پھیلنے سے متاثرہ پرندوں میں اموات کی شرح تقریباً 100 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر پرندوں کو تلف کرنے اور تجارت پر پابندیاں عائد ہونے کے باعث مرغی پالنے والے کسانوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ اس کے اثرات صرف مرغی فارموں تک محدود نہیں رہتے بلکہ عالمی تجارت، مرغی کی مصنوعات کی قیمتوں اور کسانوں کے ذریعۂ معاش کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔ بھارت میں 2006 میں اس بیماری کا پہلی بار پتہ چلنے کے بعد سے اب تک ایچ 5 این 1 اور ایچ 5 این 8 ذیلی اقسام کے 500 سے زیادہ مشترکہ وبائی واقعات رپورٹ کیے جا چکے ہیں۔
برڈ فلو کی ایک بڑی وبا بھارت کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرحِ نمو میں 1.5 فیصد تک کمی کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ اگر اس بیماری کو پھیلنے سے نہ روکا گیا تو ملک میں مرغیوں کی 20 فیصد سے زیادہ آبادی اس کی زد میں آ سکتی ہے۔ 2006 میں برڈ فلو کی وبا کے باعث براہِ راست اور بالواسطہ طور پر تقریباً 2,200 سے 3,000 کروڑ روپے کا نقصان ہونے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ منی پور میں پھیلنے والی اس بیماری کی ایک وبا کے نتیجے میں ریاست کی جی ڈی پی کے 0.5 فیصد کے مساوی نقصان بھی ہوا تھا۔ یہ بیماری صحتِ عامہ کے لیے بھی تشویش کا باعث ہے۔ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق، 2003 سے اب تک بھارت سمیت 25 ممالک میں ایچ 5 این 1 ایویئن انفلوئنزا کے انسانی انفیکشن کے 1,003 معاملات سامنے آئے ہیں، جن میں 479 افراد کی موت ہوئی ہے۔
وائرس پر کی گئی تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ ایچ 5 این 1 کا کلیڈ 2.3.2.1aنامی اسٹرین مرغیوں میں برڈ فلو کی زیادہ تر وباؤں کا سبب رہا ہے۔ حالیہ عرصے میں اس اسٹرین کے باعث ہونے والے انفیکشن مختلف جانوروں، بشمول ممالیہ جانوروں میں بھی پائے گئے ہیں، جبکہ انسانوں میں بھی اس کے انفیکشن کے تین معاملات سامنے آئے ہیں۔ اس لیے اس وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانا ضروری ہے، تاکہ مرغی پالنے والے کسانوں کو ہونے والے مالی نقصان کو کم کیا جا سکے اور مرغیوں سے دوسرے جانوروں اور انسانوں میں اس کی منتقلی کو روکا جا سکے۔
فی الحال کلیڈ2.3.2.1a کے ایچ 5 این 1 وائرس کے خلاف کوئی مخصوص تجارتی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔ اس لیے بھارت کے لیے دیسی ویکسین تیار کرنا اہمیت رکھتا ہے۔ آئی سی اے آر-این آئی ایچ ایس اے ڈی کی تیار کردہ ویکسین کا مقصد اس ضرورت کو پورا کرنا ہے۔ یہ ویکسین ملک میں پھیلنے والے کلیڈ2.3.2.1a ایچ 5 این 1 وائرس کے اسٹرینز کے خلاف تحفظ فراہم کرے گی۔
***
(ش ح ۔رک)
U. No.7812