پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 NOV 2026 6:55PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج طبی ریسرچ کی بھارتی کونسل – ملیریا ریسرچ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ(آئی سی ایم آر – این آئی ایم آر) کی گولڈن جوبلی تقریبات کا افتتاح کیا۔ ادارے سے وابستہ سابق اور موجودہ سائنس دانوں، محققین اور صحت کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے صدر جمہوریہ نے یاد دلایا کہ ملیریا تاریخی طور پر ہندوستان کے صحت عامہ کے سنگین ترین چیلنجوں میں سے ایک رہا ہے، جس سے خاص طور پر دیہی اور قبائلی برادریاں متاثر ہوتی رہی ہیں۔ دیہات میں ملیریا کے اثرات کو خود دیکھنے کے اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس بیماری نے لوگوں کے روزگار، تعلیم اور مستقبل کو کس طرح متاثر کیا۔ انہوں نے مؤثر علاج کو یقینی بنانے اور بیماری کے دوبارہ لاحق ہونے سے بچنے کے لیے تجویز کردہ ادویات کا مکمل کورس کرنے کے بارے میں عوامی بیداری کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر جمہوریہ نے ملیریا پر قابو پانے کے سلسلے میں ہندوستان کی پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 2015 سے 2025 کے درمیان ملیریا کے معاملات اور اس سے ہونے والی اموات میں تقریباً 80 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ زیادہ متاثرہ اضلاع کی تعداد 155 سے گھٹ کر 33 رہ گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2022 سے 2025 کے دوران 160 اضلاع میں ملیریا کے مقامی طور پر پیدا ہونے والے کوئی معاملے سامنے نہیں آئے۔ 2024 میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ’ہائی برڈن ٹو ہائی امپیکٹ‘ (ایچ بی ایچ آئی) گروپ سے ہندوستان کے باہر ہونے کو سراہتے ہوئے انہوں نے سائنس دانوں، صحت کارکنوں اور شہریوں کی اجتماعی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے ملیریا کے طفیلی جرثوموں، مچھروں کے ذریعے بیماری پھیلانے والے عوامل، ان پر قابو پانے، کیڑے مار ادویات کے خلاف مزاحمت اور کمیونٹی نگرانی سے متعلق تحقیق میں آئی سی ایم آر – این آئی ایم آر کی پانچ دہائیوں کی خدمات کو بھی سراہا۔
مسلسل چوکسی اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صدر جمہوریہ نے ملیریا کی تشخیص، علاج اور نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے، مچھروں پر قابو پانے، نئی ادویات اور ویکسین تیار کرنے، عوامی بیداری بڑھانے اور کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے زور دیا کہ سائنسی تحقیق اور اس کے نتائج ان دیہات اور برادریوں تک پہنچنے چاہئیں جہاں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، غیر منصوبہ بند شہری کاری اور مچھروں میں کیڑے مار ادویات کے خلاف بڑھتی ہوئی مزاحمت جیسے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے انہوں نے پانی جمع ہونے سے روکنے، مچھروں کی افزائش کے مقامات ختم کرنے اور ماحولیاتی انتظام کو مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے بھونیشور میں تیار کی جا رہی دیسی ملیریا ویکسین میں آئی سی ایم آر – این آئی ایم آر کے تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور اعتماد ظاہر کیا کہ یہ ویکسین ہندوستان کی ملیریا کے خاتمے کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگی۔
صدر جمہوریہ نے تپ دق، جذام، کالا آزار اور کووڈ-19 کے خلاف تحقیق میں آئی سی ایم آر کے تعاون کو بھی اجاگر کیا۔ اس میں ملک گیر جانچ نیٹ ورک کا قیام اور ہندوستان کی پہلی دیسی کووڈ-19 ویکسین کی تیاری میں شراکت داری بھی شامل ہے۔ ڈینگی کو صحت عامہ کا ایک ابھرتا ہوا چیلنج قرار دیتے ہوئے انہوں نے مؤثر تحقیق اور تشخیصی اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے انسانی، حیوانی اور ماحولیاتی سطح پر پیدا ہونے والے صحت کے خطرات کی شناخت اور ان سے نمٹنے کی ہندوستان کی صلاحیت مضبوط بنانے میں نیشنل ون ہیلتھ مشن کے کردار کو بھی سراہا۔ دیسی طبی ٹیکنالوجی اور سستی و معیاری صحت خدمات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے 2047 تک وکست بھارت کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تحقیقی اداروں، تکنیکی اور اعلیٰ تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان زیادہ مضبوط تعاون کی اپیل کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا نے آئی سی ایم آر – این آئی ایم آر کو سائنسی خدمات کے 50 سال مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ ادارے کی خدمات کو انسانیت کے لیے ایک اہم خدمت قرار دیتے ہوئے انہوں نے تحقیق اور ملیریا کی روک تھام کے تئیں اس کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران ملیریا پر قابو پانے میں ہندوستان کی پیش رفت ایک جامع حکمت عملی کا نتیجہ ہے، جس میں مچھروں کے رویے اور ملیریا کے طفیلی جرثوموں پر تحقیق، کمیونٹی کی شمولیت، مؤثر روک تھام، بروقت تشخیص اور مناسب علاج شامل ہیں۔ 2015 سے 2025-26 کے درمیان ملیریا کے معاملات میں تقریباً 80 فیصد کمی اور زیادہ متاثرہ اضلاع کی تعداد 155 سے گھٹ کر 33 رہ جانے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی آبادی کا تقریباً 16 فیصد حصہ رکھنے والے ہندوستان میں دنیا بھر کے ملیریا کے معاملات تقریباً 0.7 فیصد اور اس بیماری سے ہونے والی اموات تقریباً 0.6 فیصد ہیں۔ انہوں نے ڈبلیو ایچ او کے ’ہائی برڈن ٹو ہائی امپیکٹ‘ فہرست سے ہندوستان کے باہر ہونے کو سراہا اور 2030 تک ملیریا کے خاتمے کا ہدف حاصل کرنے پر اعتماد ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم اپنی حکمت عملیوں اور پالیسیوں میں ضروری تبدیلیاں لا کر 2030 تک ملیریا کا خاتمہ کریں گے۔‘‘ اس موقع پر انہوں نے آئی سی ایم آر – این آئی ایم آر سے نئے عزم کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی۔
مرکزی وزیر نے طبی اختراع کے شعبے میں آئی سی ایم آر کی خدمات کو بھی سراہا، جن میں میڈٹیک مترا، پیٹنٹ مترا اور ڈینگی، چکن گونیا، جاپانی انسیفلائٹس اور دیگر متعدی بیماریوں کی تشخیص کے لیے ایلیسا پر مبنی مالیکیولر تشخیصی طریقے شامل ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں صحت خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صحت پر لوگوں کے اپنی جیب سے ہونے والے اخراجات 63 فیصد سے گھٹ کر 42 فیصد رہ گئے ہیں، جبکہ صحت کے شعبے میں سرکاری اخراجات 6 فیصد سے بڑھ کر 23 فیصد ہو گئے ہیں۔ انہوں نے سائنسی اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد سے اپنی کوششیں تیز کرنے اور ہندوستان کو صحت خدمات کے شعبے میں عالمی رہنما بنانے میں تعاون دینے کی اپیل کی۔
محکمہ صحت تحقیق کے سکریٹری اور آئی سی ایم آر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راجیو بہل نے 1977 میں قیام کے بعد سے آئی سی ایم آر – این آئی ایم آر کے 50 سالہ سفر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ملیریا اور مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کی تحقیق کے لیے ہندوستان کے اہم ترین اداروں میں سے ایک بن چکا ہے اور ملیریا پھیلانے والے مچھروں، طفیلی جرثوموں کی حیاتیات، کیڑے مار ادویات کے خلاف مزاحمت، علاج اور تشخیص سے متعلق تحقیق میں اہم تعاون دے رہا ہے۔ انہوں نے اڈیشہ میں ریاستی حکومت کے تعاون سے چلائے گئے جامع کیس مینجمنٹ پروجیکٹ کا ذکر کیا، جس سے یہ ظاہر ہوا کہ جانچ، مکمل علاج اور نگرانی کے مضبوط نظام تک سب کی رسائی یقینی بنا کر، دور دراز کی برادریوں سمیت، ملیریا کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے 2027 تک ملیریا کے مقامی طور پر پیدا ہونے والے صفر معاملات اور 2030 تک اس بیماری کے خاتمے کے اہداف کا ذکر کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے چیلنجوں، مثلاً موسمیاتی تبدیلی، مچھروں کی اقسام میں تبدیلی اور ادویات کے خلاف مزاحمت سے نمٹنے کے لیے بہتر نگرانی، مختلف شعبوں پر مشتمل تحقیق اور شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بنیادی سائنسی دریافت اور ابتدائی مرحلے کی تیاری سے لے کر طبی جانچ اور صحت سے متعلق ٹیکنالوجی و اقدامات کے جائزے تک تحقیق کی ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کے آئی سی ایم آر کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ ہند نے آئی سی ایم آر – نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ملیریا ریسرچ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹوں کی شیٹ بھی جاری کی۔ اس سے قبل ڈاک خدمات بورڈ کی رکن مریمّا تھامس نے اس ڈاک ٹکٹ کا تعارف کرایا۔
صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر نے آئی سی ایم آر – این آئی ایم آر کی کافی ٹیبل بک اور ’آئی سی ایم آر – این آئی ایم آر ریسرچ جرنی: فائیو ڈیکیڈز آف سائنس، سروس اینڈ امپیکٹ‘ نامی کتاب کا اجرا کیا۔ دونوں کتابوں کی پہلی کاپیاں صدر جمہوریہ کو پیش کی گئیں۔
اس موقع پر آئی سی ایم آر – این آئی ایم آر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انوپ انویکر نے ایک ویڈیو فلم کے ذریعے گزشتہ 50 برسوں کے دوران ادارے کے سفر اور ملیریا کے خاتمے کی کوششوں میں اس کے تعاون کو اجاگر کیا۔
گولڈن جوبلی تقریبات ہندوستان میں ملیریا کی تحقیق اور صحت عامہ کے شعبے میں آئی سی ایم آر – این آئی ایم آر کی پانچ دہائیوں پر محیط خدمات کی علامت ہیں۔





***
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 7801 )