نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

موسمیاتی سربراہ اجلاس میں بھارت نے اتوار کے روز سائیکل سواری کی مہم کی تجویز پیش کی


انطالیہ میں منعقدہ کوپ 31 کے موقع پر فٹ انڈیا نے ’’سنڈیز آن سائیکل‘‘ مہم پیش کی، جو دسمبر 2024 سے مسلسل ہر اتوار منعقد ہو رہی ہے،  اس موقع پر تمام ممالک کو دعوت دی گئی کہ وہ آئندہ ایک سال کے دوران اپنے یہاں کم از کم ایک اجتماعی سائیکل سواری کا اہتمام کریں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 NOV 2026 6:33PM by PIB Delhi

اقوام متحدہ کے موسمیاتی سربراہ اجلاس میں زیادہ تر گفتگو توانائی، مالی وسائل اور ٹیکنالوجی کے موضوعات پر ہوتی ہے۔ تاہم، ہفتے کی دوپہر کوپ 31 کے موقع پر انٹرنیشنل سولر الائنس پویلین میں بھارت کی فٹ انڈیا تحریک نے ایک نسبتاً سادہ نکتہ پیش کیا۔ اس کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد میں عام سڑکوں پر ہونے والی سرگرمیاں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اس مقصد کے حصول میں ہر ہفتے کے اختتام پر ہونے والی سائیکل سواری بھی اپنا تعاون دے سکتی ہے۔

اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل مینک سریواستو نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا:

’’کوئی شہر سائیکل چلانے کے لیے مخصوص راستہ تو بنا سکتا ہے، لیکن اس کا فائدہ اسی وقت ہوگا جب وہاں کے شہری ان راستوں پر سائیکل چلانے کا انتخاب کریں گے۔ صرف بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سے لوگوں کے طرزِ زندگی میں تبدیلی نہیں آتی۔‘‘

ایک گھنٹے پر مشتمل اس اجلاس کا عنوان ’’سنڈیز آن سائیکل: ہفتہ وار سائیکل سواری سے طرزِ زندگی تک‘‘ تھا۔ یہ اجلاس کوپ 31 کے موقع پر منعقدہ ’’بچوں، نوجوانوں، تعلیم اور ہنرمندی کے دن‘‘ کے موقع پر سربراہ اجلاس کے پویلین (ڈی 610) میں منعقد ہوا۔ کوپ 31، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن (یو این ایف سی سی سی) کی فریق ممالک کی 31ویں کانفرنس ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 29 اگست 2019 کو فٹ انڈیا تحریک کا آغاز کیا تھا۔ یہ تحریک ایک صحت مند، فعال اور خوشحال بھارت کی تعمیر کے ان کے وژن کی عکاس ہے۔ اس تحریک کا مقصد لوگوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے، باقاعدگی سے جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینے، یوگا کرنے اور کھیلوں میں شرکت کی ترغیب دے کر جسمانی صحت و تندرستی کو ہر ہندوستانی کی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنانا ہے۔

نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت کی فٹ انڈیا تحریک نے اس سائیکل سواری کو مشن لائف (ماحول دوست طرزِ زندگی) کی ایک عملی مثال کے طور پر پیش کیا۔ مشن لائف پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے بھارت کی ایک مہم ہے، جس کا سادہ سا پیغام ہے: ایک پیڈل، ایک مقصد اور ایک صحت مند دنیا۔

’’سنڈیز آن سائیکل‘‘ ایک مفت اجتماعی سائیکل سواری کی مہم ہے، جس کا انعقاد 22 دسمبر 2024 سے ہر اتوار کو کیا جا رہا ہے۔ جناب سریواستو نے کہا کہ ’’اس مہم کا ایک بھی اتوار نہیں چھوٹا ہے۔‘‘ ان کے مطابق بھارت بھر میں 30 ہزار سے زیادہ مقامات پر اس مہم میں شرکت کرنے والوں کی تعداد تقریباً 37 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال عالمی یومِ سائیکل کے موقع پر سائیکلنگ کی عالمی نگراں تنظیم ’’یونین سائیکلسٹ انٹرنیشنل‘‘ کے اشتراک سے منعقدہ پروگرام میں منتظمین نے ایک لاکھ سائیکل سواروں کی شرکت کا ہدف مقرر کیا تھا، لیکن اس میں تقریباً چار لاکھ افراد نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا، ’’اعداد و شمار سے بڑھ کر اہم بات یہ ہے کہ لوگوں نے سائیکل چلانے کو سنجیدگی سے لینا شروع کر دیا ہے۔ وہ ہر اتوار اس سرگرمی میں دوبارہ شریک ہوتے ہیں اور جو مہم کے طور پر شروع ہوئی تھی، اب وہ ایک عادت بنتی جا رہی ہے۔‘‘

انہوں نے دلیل دی کہ بھارت جیسے ممالک کے لیے اس کا وقت بہت اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق عالمی جنوب کے بہت سے شہروں کی تعمیر و ترقی کا عمل ابھی جاری ہے اور وہاں زیادہ تر سفر اتنے مختصر ہوتے ہیں کہ انہیں سائیکل کے ذریعے طے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر کاروں پر انحصار بڑھنے سے پہلے ہی سائیکل چلانا عادت بن جائے تو ان کے استعمال سے پیدا ہونے والی آلودگی اور کاربن کے اخراج سے مکمل طور پر بچا جا سکتا ہے۔ ان اخراجات سے اب بچنا، بعد میں انہیں ختم کرنے کی کوشش کرنے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سستا ہے۔‘‘

اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ادارے میں عالمی موسمیاتی اقدامات کے لیے مختلف شعبوں کے ساتھ روابط کی سربراہ لنڈیٹا ژفیری سالیہو نے کلیدی خطبہ دیا۔ انہوں نے فٹ انڈیا تحریک کو ’’ایک بہترین نمونہ قرار دیا، جسے ہر جگہ اپنایا جا سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے اپنے شوہر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 18 سال کی عمر میں ایک پناہ گزین کی حیثیت سے ایک نئے ملک پہنچے تھے، جہاں انہیں ایک مقامی ہینڈ بال کلب کے ذریعے ایک برادری سے جڑنے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا، ’’کوئی برادری اسی وقت حقیقی معنوں میں برادری بنتی ہے جب کوئی اسے یکجا کرنے والا ہو۔ اگر ہمارے پاس فٹ انڈیا جیسا کوئی ادارہ نہ ہو، جو ایک ہی مقصد رکھنے والے لوگوں کو متحد کرے اور انہیں اپنے معاشرے کی بہتری کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کے قابل بنائے، تو ہم برادریوں کی بات نہیں کر سکتے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مذاکرات اس قدر تکنیکی نوعیت کے ہوتے ہیں کہ عام لوگوں کو ان سے جوڑنا مشکل رہا ہے، اور کھیل اس مقصد کے لیے ایک ایسا ذریعہ بن سکتے ہیں جو لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا کام انجام دے۔

اس کے بعد اس سائیکل سواری کی مہم کے سفر پر مبنی ایک مختصر فلم دکھائی گئی۔ اس فلم میں بھارت کے نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے، جنہوں نے دسمبر 2024 میں ’’سنڈیز آن سائیکل‘‘ مہم کا آغاز کیا تھا، سائیکل چلانے کو ’’محض ورزش سے کہیں بڑھ کر‘‘ اور ’’معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے فٹ انڈیا کے پیغام کو عام کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل جیسی پہلوں کے ذریعے ہمیں اس جذبے کو ہر گھر اور ہر برادری تک پہنچانا چاہیے۔‘‘

اس کے بعد فٹ انڈیا کی مشیر ڈاکٹر بھیرَوی جوشی کی زیرِ صدارت ایک مذاکرہ منعقد ہوا، جس میں یہ سوال اٹھایا گیا کہ کیا ہفتے کے اختتام پر ہونے والی سائیکل سواری شہروں کی تعمیر و منصوبہ بندی کے طریقوں میں تبدیلی لا سکتی ہے؟

واک 21 فاؤنڈیشن کے جم واکر، جنہوں نے گزشتہ ماہ دہلی میں ’’سنڈیز آن سائیکل‘‘ کی ایک مہم میں شرکت کی تھی، نے کولمبیا کے شہر بگوٹا کی مثال پیش کی۔ وہاں تقریباً 50 سال قبل اسی نوعیت کی ایک مہم کے تحت سڑکوں کو گاڑیوں کے لیے بند کرکے عوام کے لیے کھولا گیا تھا، اور اب ہر اتوار تقریباً 16 لاکھ افراد 125 کلومیٹر طویل ایسی سڑکوں پر آتے ہیں جہاں موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت ممنوع ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم اپنے شہروں کی عادتوں اور روایتی طور طریقوں میں اس قدر جکڑ جاتے ہیں کہ ان سے باہر نکلنا مشکل ہو جاتا ہے۔‘‘

ڈبلیو آر آئی راس سینٹر فار سسٹین ایبل سٹیز کے شعبۂ شہری آمد و رفت کے ڈائریکٹر فلیپ اے رامیریز بوئتراگو نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات ’’عملی مثال کے ذریعے سکھاتی ہیں۔‘‘ ان کے مطابق، جب لوگ سڑکوں سے لطف اندوز ہونے لگتے ہیں تو شہروں کے لیے سائیکلوں کے محفوظ راستے بنانے اور انہیں عوامی ذرائع آمد و رفت سے جوڑنے کے حق میں دلائل پیش کرنا آسان ہو جاتا ہے۔

آئی ٹی ڈی پی افریقہ کے گیشاو ابیرا نے کہا کہ ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں گاڑیوں سے پاک دن منانے کی مہموں سے ملک کی پہلی غیر موٹرائزڈ ٹرانسپورٹ حکمتِ عملی وضع کرنے میں مدد ملی ہے، جس میں پیدل چلنے والوں کے راستوں اور سائیکل ٹریکس کی تعمیر کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ پوچھنے کے بجائے کہ ہم افریقہ سے کیا سیکھ سکتے ہیں، میں یہ کہوں گا کہ افریقہ بھارت سے کیا سیکھ سکتا ہے۔‘‘

دی انرجی اینڈ ریسورسز انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنجے سیٹھ نے کہا کہ پیدل چلنے اور سائیکل چلانے کو بھارت کے موسمیاتی وعدوں اور ریاستی و شہری منصوبوں میں بھی شامل کیا جانا چاہیے، نہ کہ انہیں صرف بیداری پیدا کرنے والی مہمات تک محدود رکھا جائے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ محفوظ راستے تعمیر کیے جائیں، اس کے بعد لوگوں کے طرزِ عمل میں خود بخود تبدیلی آئے گی۔‘‘

جب مذاکرے کے شرکا سے پوچھا گیا کہ آئندہ 12 ماہ کے دوران ہر شہر کو کون سا ایک قدم ضرور اٹھانا چاہیے تو پینل کے ارکان نے ایک یا دو الفاظ میں اپنے جوابات دیے۔ بی وائی سی ایس کی چیف ایگزیکٹو ماؤڈ ڈی فریز نے کہا، ’’بس اسے شروع کر دیجیے۔‘‘ جب کہ دیگر شرکا نے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، عوامی شمولیت اور رکاوٹوں سے پاک راستوں کی فراہمی کو اہم قرار دیا۔

اجلاس کے اختتام پر فٹ انڈیا کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر محترمہ امر جیوتی نے وہاں موجود تمام ممالک، شہروں اور شراکت داروں کو دعوت دی کہ وہ آئندہ 12 ماہ کے دوران کم از کم ایک ’’صحت مند و فعال صبح‘‘ کا اہتمام کریں، جس کی قیادت مقامی برادری خود کرے، اور اس کے تجربات ’’ون پلانیٹ نیٹ ورک‘‘ کے ذریعے دوسروں کے ساتھ بھی شیئر کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی کی سائیکلنگ فیڈریشن اس دعوت پر آگے آنے والی پہلی شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا، ’’سائیکل چلانے کا کلچر ایک دن میں پروان نہیں چڑھتا، بلکہ یہ ان لوگوں کی مسلسل کوششوں سے ہفتہ بہ ہفتہ فروغ پاتا ہے، جو ہر بار اس میں شرکت کے لیے آتے ہیں۔‘‘

منتظمین نے اس سائیکل سواری کی مہم کی پہلی 97 قسطوں کے اثرات پر مشتمل ایک رپورٹ بھی جاری کی۔

انٹرنیشنل سولر الائنس کے ڈائریکٹر جنرل آشیش کھنہ نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں پویلین میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ کھیلوں کی تمام سہولیات، خواہ وہ اسٹیڈیم ہوں یا جمنازیم، شمسی توانائی کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں اس بات پر بہت فخر ہے کہ ہم اپنے ایجنڈے میں کھیلوں اور سائیکلنگ سے متعلق ایک موضوع کو شامل کر سکے۔‘‘

اس سائیکل سواری کی مہم کی 100ویں قسط 29 نومبر کو پورے بھارت میں منعقد کی جائے گی۔ فٹ انڈیا نے کہا کہ وہ دیگر شہروں کو اپنی سائیکل سواری کی مہم شروع کرنے میں مدد دینے کے لیے ’’سنڈیز آن سائیکل‘‘ کا رہنما کتابچہ جاری کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی دنیا بھر کے لوگوں کو دعوت دی گئی کہ وہ اس دن اپنی اپنی برادریوں میں سائیکل سواری کا اہتمام کریں۔

فٹ انڈیا نے کوپ 31 کے مندوبین کو اتوار 15 نومبر کو انطالیہ میں منعقد ہونے والی ’’سنڈیز آن سائیکل‘‘ کی ایک خصوصی سائیکل سواری میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ یہ پروگرام ترکی کی سائیکلنگ فیڈریشن (ترکیہ بیسکلیت فیڈراسیونو) کے اشتراک سے کونیا آلتی سے قدیم شہر کالی ایچی تک منعقد کیا گیا۔ اس طرح بھارت کے محلوں اور بستیوں سے شروع ہونے والی اتوار کی یہ سائیکل سواری سربراہ اجلاس کے میزبان شہر تک پہنچ گئی۔ بھارت میں اسی دن اس مہم کی 98ویں قسط کے تحت یومِ اطفال منایا گیا، جس میں سائیکل سواری کے ساتھ زومبا (موسیقی کے ساتھ ورزش) کا بھی اہتمام کیا گیا۔

محترمہ امر جیوتی نے کہا، ’’مل کر سائیکل چلائیں، مل کر تبدیلی لائیں۔‘‘

کوپ 31 کے موقع پر ’’سنڈیز آن سائیکل‘‘ کی یہ خصوصی مہم ’’بھارت پیڈلز اینڈ دی ورلڈ جوائنز اِن!‘‘ (بھارت سائیکل چلاتا ہے اور دنیا اس کے ساتھ شامل ہوتی ہے!) کے عنوان سے منعقد کی گئی۔ اس کا اہتمام اتوار، 15 نومبر 2026 کو ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ترکی کی سائیکلنگ فیڈریشن کے اشتراک سے کیا گیا۔ اس سائیکل ریلی کا آغاز کونیا آلتی جادّیسی سے ہوا اور اختتام ایشِکلار کے مقام پر ہوا۔

فٹ انڈیا – سنڈیز آن سائیکل کے بارے میں

نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے دسمبر 2024 میں ’’فٹ انڈیا – سنڈیز آن سائیکل‘‘ مہم کا آغاز کیا تھا۔ اس مہم کا اہتمام نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت کے تحت اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا، سائیکلنگ فیڈریشن آف انڈیا، نوَاوَرتی فاؤنڈیشن، فٹ اسپائر، سینٹر فار انٹیگریٹیو ہیلتھ، ایم وائی بھارت اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے کرتی ہے۔

اس مہم کے تحت تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہر اتوار سائیکل سواری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ان میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے علاقائی مراکز، نیشنل سنٹر آف ایکسی لنس، اسپورٹس اتھارٹی کے تربیتی مراکز، کھیلو انڈیا کے ریاستی سنٹر آف ایکسی لنس اور کھیلو انڈیا مراکز بھی شامل ہیں۔

کوپ 31 کے اس اجلاس کو نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا، فٹ انڈیا، مشن لائف، انٹرنیشنل سولر الائنس اور بی وائی سی ایس انڈیا فاؤنڈیشن کا تعاون حاصل تھا۔

******

ش ح۔ ف ا ۔ م ر

U-NO. 7691


(ریلیز آئی ڈی: 2336679) وزیٹر کاؤنٹر : 9