پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 NOV 2026 1:49PM by PIB Delhi
ہندوستانی فضائیہ کے 13 بیس ریپیئر ڈپو نے نئی دہلی کے مانک شا سینٹر میں ’’فضائی دفاع 2040: سینسرز، نیٹ ورکس اور خود کفیل دفاعی نظام کو برقرار رکھنا‘‘ کے موضوع پر ایک سیمینار کے انعقاد کے ساتھ اپنی شاندار خدمات کے پچاس سال مکمل ہونے کا جشن منایا۔ اس سیمینار کی صدارت ایئر مارشل یلا امیش، وی ایس ایم، پی ایچ ڈی، ایئر آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، مینٹیننس کمانڈ نے کی۔ اس میں اعلیٰ فوجی قیادت، سابق فوجی اہلکاروں، ڈی آر ڈی او، علمی شعبے اور دفاعی صنعت کے سرکردہ شراکت داروں نے شرکت کی۔
1976 میں قائم کیا گیا یہ بیس ریپیئر ڈپو ہندوستانی فضائیہ کے دیکھ بھال اور مرمت کے نظام کا ایک اہم ستون رہا ہے۔ یہ اہم ریڈار اور مواصلاتی آلات کی مرمت، مکمل جانچ و تجدید اور ان کی پوری مدتِ کار کے دوران معاونت کی خدمات انجام دیتا ہے۔ ریڈار اینڈ کمیونیکیشن پروجیکٹ آفس سے اپنی وراثت کا آغاز کرنے والے اس ڈپو نے گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران اہم فضائی دفاعی نظاموں کی عملی دستیابی اور قابلِ اعتماد کارکردگی کو یقینی بنانے میں نمایاں تعاون کیا ہے۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں ڈپو کے ایئر آفیسر کمانڈنگ نے اس کے سفر پر روشنی ڈالی، سابق اہلکاروں کی خدمات کا اعتراف کیا اور فضائی دفاع 2040 کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مقامی انجینئرنگ اور صنعتی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، ایئر مارشل یلا امیش، ایئر آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، مینٹیننس کمانڈ نے اس بات پر زور دیا کہ فضائی دفاعی نظام کی حقیقی افادیت کا انحصار اس کی عملی دستیابی پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلات کی تیاری اور انہیں نظام میں شامل کرنے کے مرحلے ہی سے ان کی دیکھ بھال اور پائیداری کو پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خود کفیل نظام کو برقرار رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ جدید اور پیچیدہ دفاعی نظاموں کی خرابیوں کی تشخیص، مرمت اور بحالی ملک کے اندر ہی انجام دینے کی صلاحیت موجود ہو۔ انہوں نے دفاعی صنعت کے شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ ایسے آلات تیار کریں جن کی جانچ، مرمت اور پوری مدتِ کار کے دوران معاونت کی صلاحیتیں ملک میں ہی دستیاب ہوں، تاکہ دفاعی شعبے میں خود انحصاری کے تصور کو مزید تقویت مل سکے۔
سیمینار میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں، جن میں کوانٹم سینسنگ، آلات کے پورے دورِ حیات کا انتظام، فضائی دفاعی ریڈاروں کی جدید کاری اور نیٹ ورک پر مبنی فضائی دفاع شامل ہیں، پر ماہرین نے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
سیمینار میں پائیدار ریڈار آپریشنز کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل کو بھی اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر قومی گرین ہائیڈروجن مشن اور این ٹی پی سی کے اشتراک سے ہندوستانی فضائیہ کے ریڈاروں کو توانائی فراہم کرنے کے لیے ہائیڈروجن فیول سیل ٹیکنالوجی کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا۔ یہ پہل صاف توانائی کے حل کی اس صلاحیت کو نمایاں کرتی ہے کہ وہ بالخصوص مشکل عملیاتی ماحول میں فضائی دفاعی نظاموں کی عملی مضبوطی، توانائی کے معاملے میں خود مختاری اور پائیدار تعیناتی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
_20261115135045_d35e9f.jpg)
_20261115135058_020e98.jpg)
_20261115135109_61491b.jpg)
_20261115135123_8c68d5.jpg)
***
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 7680)