صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

قومی صحت کھاتوں کے مطابق سرکاری صحت اخراجات میں تین گنا اضافہ، جبکہ علاج پر گھرانوں کے اپنی جیب سے ہونے والے اخراجات کے تناسب میں نمایاں کمی


ہندوستان میں سستی صحت خدمات کی فراہمی کی جانب بڑی پیش رفت، علاج پر اپنی جیب سے ہونے والے اخراجات (او او پی ای) کا تناسب 2013-14 کے 64.2 فیصد سے گھٹ کر 2023-24 میں 42.7 فیصد رہ گیا، یعنی 21.5 فیصد پوائنٹس کی کمی درج کی گئ

سرکاری صحت اخراجات 2013-14 کے 1.30 لاکھ کروڑ روپے سے تین گنا سے بھی زیادہ بڑھ کر 2023-24 میں 4.14 لاکھ کروڑ روپے ہو گئے، جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران صحت کے شعبے میں سرکاری سرمایہ کاری میں مسلسل اضافے کی عکاسی کرتا ہے

فی کس سرکاری صحت اخراجات 2013-14 کے 1,042 روپے سے بڑھ کر 2023-24 میں 2,959 روپے ہو گئے، جو ہر شہری کی صحت پر سرکاری اخراجات میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے

مجموعی صحت اخراجات میں صحت سے متعلق سماجی تحفظ کے اخراجات کا تناسب تقریباً دوگنا ہو کر 2013-14 کے 6 فیصد سے 2023-24 میں 11 فیصد تک پہنچ گیا، جس سے مالی تحفظ کو مزید تقویت ملی ہے

بنیادی صحت خدمات پر سرکاری سرمایہ کاری بڑھ کر 1.53 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو نچلی سطح پر سستی اور قابلِ رسائی صحت خدمات کی فراہمی پر حکومت کی توجہ کو مزید مستحکم کرتی ہے

آیوشمان بھارت، مفت ادویات اور تشخیصی خدمات، جن اوشدھی اور دیگر اہم اسکیمیں ہندوستان کو سب کے لیے صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے ہدف کی جانب آگے بڑھنے میں مدد دے رہی ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 NOV 2026 2:13PM by PIB Delhi

ہندوستان نے صحت خدمات کو زیادہ سستا اور قابلِ استطاعت بنانے اور گھرانوں پر علاج معالجے کے مالی بوجھ کو کم کرنے کی سمت نمایاں پیش رفت کی ہے۔ گزشتہ دس برسوں کے دوران سرکاری صحت اخراجات میں تین گنا اضافہ ہوا ہے، جبکہ خاندانوں کی جانب سے اپنی جیب سے براہِ راست کیے جانے والے طبی اخراجات کے تناسب میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔

صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے جاری کردہ  ہندوستان کے قومی صحت کھاتوں (این ایچ اے) کے 2023-24 کے تخمینوں سے ملک میں صحت خدمات کی مالی اعانت کے منظرنامے میں آنے والی اہم تبدیلیوں کا پتہ چلتا ہے۔ 2013-14 اور 2023-24 کے درمیان سرکاری صحت اخراجات تقریباً 1.30 لاکھ کروڑ روپے سے بڑھ کر 4.14 لاکھ کروڑ روپے ہو گئے، جبکہ مجموعی صحت اخراجات میں اپنی جیب سے براہِ راست کیے جانے والے اخراجات کا تناسب 64.2 فیصد سے کم ہو کر 42.7 فیصد رہ گیا۔

صحت کے شعبے میں سرکاری مالی اعانت میں اضافے اور گھرانوں کی جانب سے براہِ راست برداشت کیے جانے والے اخراجات کے تناسب میں کمی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان زیادہ قابلِ رسائی، سستے اور مالی تحفظ فراہم کرنے والے صحت نظام کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔

ان نتائج سے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں سرکاری صحت خدمات کو مستحکم بنانے، جامع بنیادی صحت سہولتیں فراہم کرنے، مالی تحفظ کا دائرہ وسیع کرنے، ضروری ادویات اور تشخیصی خدمات تک رسائی بہتر بنانے اور معیاری صحت خدمات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے حکومت کی مسلسل کوششوں کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔

گھرانوں کے اپنی جیب سے ہونے والے طبی اخراجات (او او پی ای) کے تناسب میں 21.5 فیصد پوائنٹس کی کمی

این ایچ اے 2023-24 کے اہم ترین نتائج میں سے ایک ملک کے مجموعی صحت اخراجات میں اپنی جیب سے براہِ راست کیے جانے والے طبی اخراجات کے تناسب میں نمایاں کمی ہے۔

اپنی جیب سے ہونے والے طبی اخراجات کا تناسب 2013-14 میں 64.2 فیصد سے کم ہو کر 2023-24 میں 42.7 فیصد رہ گیا، اس طرح اس میں 21.5 فیصد پوائنٹس کی کمی درج کی گئی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261115160730_11eeb0.jpg

یہ تبدیلی صحت خدمات کی مالی اعانت کے نظام میں ایک اہم ساختی تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے، جس کے نتیجے میں صحت پر ہونے والے مجموعی اخراجات کا ایک بہت کم حصہ اب گھرانوں کی جانب سے براہِ راست ادا کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین سال میں بھی اس کمی کا رجحان برقرار رہا اور اپنی جیب سے ہونے والے طبی اخراجات کا تناسب 2022-23 کے 43.4 فیصد سے کم ہو کر 2023-24 میں 42.7 فیصد رہ گیا۔

اس مسلسل کمی سے ظاہر ہوتا ہے کہ صحت خدمات میں حکومت کی معاونت اور مالی تحفظ فراہم کرنے والے نظام کا کردار بڑھ رہا ہے۔ مفت اور سستے علاج، ادویات، تشخیصی خدمات اور اسپتالوں کی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانے کے مقصد سے شروع کیے گئے اقدامات، گھرانوں کے براہِ راست اخراجات پر انحصار کم کرنے کی کوششوں میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔

سرکاری صحت اخراجات میں تین گنا اضافہ، رقم بڑھ کر 4.14 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی

اس عرصے کے دوران ہندوستان میں صحت کے شعبے میں سرکاری سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سرکاری صحت اخراجات 2013-14 کے 1,29,778 کروڑ روپے سے بڑھ کر 2023-24 میں 4,14,196 کروڑ روپے ہو گئے، جو تین گنا اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

2013-14 سے 2023-24 کے درمیان ایک دہائی کے دوران مجموعی صحت اخراجات (ٹی ایچ ای) میں حکومت کا حصہ تقریباً 52 فیصد بڑھا اور اس میں 14.9 فیصد پوائنٹس کا اضافہ درج کیا گیا۔

اس اضافے سے ملک کے صحت خدمات کی مالی اعانت کے طریقۂ کار میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی ہوتی ہے، جس کے تحت صحت کے اخراجات پورے کرنے میں سرکاری وسائل کا کردار پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے۔

سرکاری صحت اخراجات میں اضافے کے ساتھ گھرانوں کی جانب سے اپنی جیب سے براہِ راست کیے جانے والے اخراجات کے تناسب میں بھی کمی آئی ہے۔ اس سے صحت خدمات کو زیادہ سستا اور قابلِ استطاعت بنانے کے لیے سرکاری سرمایہ کاری جاری رکھنے کی اہمیت مزید اجاگر ہوتی ہے۔

فی کس سرکاری صحت اخراجات میں تقریباً تین گنا اضافہ

قومی صحت کھاتوں کے تخمینوں سے فی کس سرکاری صحت اخراجات میں بھی نمایاں اضافے کا پتہ چلتا ہے۔

فی کس سرکاری صحت اخراجات 2013-14 کے 1,042 روپے سے بڑھ کر 2023-24 میں 2,959 روپے ہو گئے، جو تقریباً 2.8 گنا اضافہ ہے۔

یہ اضافہ ہر فرد کی صحت پر حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اخراجات میں نمایاں اضافے کو ظاہر کرتا ہے اور گزشتہ برسوں کے دوران صحت کے شعبے میں سرکاری مالی اعانت کے بڑھتے ہوئے دائرے کی عکاسی کرتا ہے۔

بنیادی صحت خدمات کو بڑا فروغ؛ سرکاری اخراجات بڑھ کر 1.53 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئے

بنیادی صحت خدمات کو مستحکم بنانا ہندوستان کی صحت اصلاحات کی ترجیحات میں ہمیشہ مرکزی اہمیت کا حامل رہا ہے۔

قومی صحت کھاتوں کے 2023-24 کے تخمینوں کے مطابق، بنیادی صحت خدمات پر سرکاری اخراجات بڑھ کر تقریباً 1.53 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئے، جو ضروری اور مقامی سطح پر فراہم کی جانے والی صحت خدمات میں سرکاری سرمایہ کاری کے وسیع پیمانے کو ظاہر کرتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261115160736_b22748.png

یہ سرمایہ کاری آیوشمان آروگیہ مندروں کے توسیعی منصوبے کے تناظر میں خصوصی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ ان کے ذریعے جامع بنیادی صحت خدمات کو عوام کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے۔

ان مراکز میں احتیاطی اور فروغِ صحت سے متعلق خدمات، غیر متعدی بیماریوں کی جانچ، ضروری ادویات، تشخیصی سہولتوں اور بنیادی صحت کی دیگر خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔

بنیادی صحت خدمات کو مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ سے صحت کا ایک زیادہ جامع نظام تشکیل دینے میں مدد مل رہی ہے، جس میں بیماریوں کی بروقت تشخیص، ان کی روک تھام اور نچلی سطح پر صحت کی قابلِ رسائی سہولتوں کی فراہمی کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔

صحت کے شعبے میں سماجی تحفظ کی مالی اعانت مستحکم؛ اس کا تناسب بڑھ کر 11 فیصد ہو گیا

قومی صحت کھاتوں کے تخمینوں سے صحت کے شعبے میں سماجی تحفظ کے تحت مالی اعانت میں بھی نمایاں اضافے کا پتہ چلتا ہے، جو مالی تحفظ فراہم کرنے کا ایک اہم جزو ہے۔

صحت کے شعبے میں سماجی تحفظ کے اخراجات کا تناسب 2013-14 میں مجموعی صحت اخراجات کے 6 فیصد سے بڑھ کر 2023-24 میں 11 فیصد ہو گیا، یعنی اس میں 5 فیصد پوائنٹس کا اضافہ درج کیا گیا۔

اس تناسب میں اضافے سے مالی تحفظ کے منظم انتظامات میں توسیع اور ان کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی ہوتی ہے۔ ان میں آیوشمان بھارت – پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (اے بی پی ایم-جے اے وائی) جیسی حکومت کی مالی اعانت سے چلنے والی صحت بیمہ اسکیمیں، ریاستی سطح کی صحت بیمہ اسکیمیں، سماجی صحت بیمہ اور سرکاری ملازمین کے علاج معالجے پر ہونے والے اخراجات شامل ہیں۔

سماجی تحفظ کے تحت مالی اعانت میں یہ اضافہ خاص طور پر اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اس سے ایسے نظام کو تقویت ملتی ہے جن کا مقصد طبی علاج سے وابستہ مالی خطرات سے افراد اور خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

نجی صحت بیمہ کے اخراجات کا تناسب بھی 2013-14 میں مجموعی صحت اخراجات کے 3.4 فیصد سے بڑھ کر 2023-24 میں 10.2 فیصد ہو گیا، جو ملک بھر میں صحت بیمہ کی بڑھتی ہوئی رسائی کی عکاسی کرتا ہے۔ اس اضافے کے ساتھ سرکاری صحت اخراجات میں ہونے والا اضافہ بھی عوام کو مزید مالی تحفظ فراہم کر رہا ہے۔

قابلِ استطاعت صحت خدمات تک رسائی میں توسیع کے لیے حکومت کے اہم اقدامات

صحت کی مالی اعانت کے شعبے میں ہندوستان کی پیش رفت کے ساتھ ساتھ کئی اہم اقدامات بھی کیے گئے ہیں، جن کا مقصد صحت خدمات کو زیادہ قابلِ رسائی، کم خرچ اور سب کے لیے یکساں طور پر دستیاب بنانا ہے۔

مفت ادویات اور تشخیصی سہولتوں کے اقدامات، پردھان منتری قومی ڈائلیسس پروگرام، پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدھی پریوجنا اور علاج کے لیے سستی ادویات اور قابلِ اعتماد طبی آلات (اے ایم آر آئی ٹی) کی فارمیسیاں، ضروری صحت خدمات، ادویات اور طبی مصنوعات تک کم خرچ پر رسائی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔

آیوشمان آروگیہ مندر لوگوں کے گھروں کے قریب جامع بنیادی صحت خدمات کی فراہمی کو وسعت دے رہے ہیں، جبکہ آیوشمان بھارت – پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا اہل مستفیدین کو نقد رقم ادا کیے بغیر اسپتال میں داخل ہو کر علاج کرانے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے ان کے مالی تحفظ کو مضبوط بنا رہی ہے۔

ان کوششوں کو نیشنل فارماسیوٹیکل پرائسنگ اتھارٹی کی جانب سے ادویات کی قیمتوں کے ضابطے کے اقدامات سے مزید تقویت ملتی ہے۔

مجموعی طور پر یہ اقدامات ایک جامع حکمتِ عملی کی عکاسی کرتے ہیں، جس میں سرکاری سرمایہ کاری میں اضافہ، کم خرچ علاج معالجہ، بنیادی صحت خدمات کی توسیع اور مالی تحفظ کو یکجا کیا گیا ہے۔

ہندوستان کے صحت نظام کی مالی اعانت میں ایک دہائی کے دوران تبدیلی

قومی صحت کھاتوں کے 2023-24 کے تخمینوں سے ہندوستان میں صحت خدمات کی مالی اعانت کے بدلتے ہوئے منظرنامے کی ایک حوصلہ افزا تصویر سامنے آتی ہے۔

2013-14 کے مقابلے میں ملک میں سرکاری صحت اخراجات میں تین گنا اضافہ ہوا ہے، مجموعی صحت اخراجات میں حکومت کے حصے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، گھرانوں کی جانب سے براہِ راست کیے جانے والے اخراجات کے تناسب میں نمایاں کمی آئی ہے اور سماجی تحفظ کے تحت مالی اعانت میں بھی خاطر خواہ توسیع ہوئی ہے۔

سب سے اہم پیش رفت صحت خدمات کے اخراجات میں حکومت اور گھرانوں کی مالی شراکت کے تناسب میں آنے والی تبدیلی ہے۔ اب صحت خدمات کے مجموعی اخراجات کا ایک بڑا حصہ سرکاری وسائل سے پورا کیا جا رہا ہے، جبکہ گھرانوں کو براہِ راست برداشت کرنے والے اخراجات کا تناسب نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے۔

یہ رجحانات سب کے لیے صحت کی جامع کوریج کے ہدف کی جانب اہم پیش رفت کی عکاسی کرتے ہیں اور ایک قابلِ استطاعت، منصفانہ اور قابلِ رسائی صحت نظام کی تعمیر کے لیے حکومت کے مسلسل عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔

قومی صحت کھاتوں کے 2023-24 کے بارے میں

ہندوستان کے لیے قومی صحت کھاتوں کے 2023-24 کے تخمینے، تخمینوں کے گیارہویں دور پر مشتمل ہیں، جنہیں صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے تحت قومی صحت نظام وسائل مرکز میں قومی صحت کھاتوں کے تکنیکی سکریٹریٹ نے تیار کیا ہے۔

یہ تخمینے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ صحت کھاتوں کے نظام 2011 کے فریم ورک کو بروئے کار لاتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں۔

قومی صحت کھاتوں کے 2023-24 کے تخمینے یہاں ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں: 

https://nhsrcindia.org/national-health-accounts-records

***

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 7678)


(ریلیز آئی ڈی: 2336582) وزیٹر کاؤنٹر : 12