کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وشاکھاپٹنم میں 31 ویں سی آئی آئی پارٹنرشپ سمٹ 2026 میں عالمی پالیسی سازوں، کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں کی شرکت


سمٹ میں عالمی شراکت داری کو مستحکم کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ہندوستان کو عالمی مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر فروغ دینے پر توجہ

این آئی سی ڈی سی پویلین میں آندھرا پردیش کی صنعتی صلاحیت، سرمایہ کاری کے مواقع اور گرین فیلڈ انڈسٹریل اسمارٹ سٹیز کو اجاگر کیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 NOV 2026 7:59PM by PIB Delhi

سی آئی آئی پارٹنرشپ سمٹ 2026 کا 31 واں ایڈیشن 12 اور 13 نومبر 2026 کو وشاکھاپٹنم، آندھرا پردیش میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس سمٹ کا موضوع ہے: ’’نئے عالمی نظام میں راہِ عمل: تجارت، ٹیکنالوجی، اعتماد اور فکری قیادت‘‘۔

کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) کے زیر اہتمام، حکومت ہند کی وزارت تجارت و صنعت کے صنعت اور داخلی تجارت کے فروغ کے محکمے (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے اشتراک اور حکومت آندھرا پردیش کی میزبانی میں منعقد ہونے والی اس سمٹ میں پالیسی سازوں، بین الاقوامی مندوبین، عالمی کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا ہے، تاکہ تجارت، ٹیکنالوجی اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں ابھرتے ہوئے مواقع پر غور و خوض کیا جا سکے۔

افتتاحی اجلاس میں مرکزی وزیر داخلہ و تعاون جناب امت شاہ، مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل، مرکزی وزیر شہری ہوا بازی جناب کنجاراپو رام موہن نائیڈو، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب این چندرابابو نائیڈو اور ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ جناب کونیڈالا پون کلیان نے شرکت کی۔ آندھرا پردیش حکومت کے وزیر برائے انسانی وسائل کی ترقی، آئی ٹی، الیکٹرانکس اور مواصلات جناب نارا لوکیش نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔

دیگر معزز شرکا میں وزیر مملکت برائے مواصلات ڈاکٹر چندر شیکھر پیمّاسانی، وزیر مملکت برائے بھاری صنعتیں جناب بھوپتی راجو سرینواس ورما، وزیر برائے صنعت و فوڈ پروسیسنگ جناب ٹی جی بھرت، نیز حکومت ہند اور حکومت آندھرا پردیش کے سینئر نمائندے شامل تھے۔ صنعتی شعبے کی نمایاں شخصیات نے بھی اجلاس میں شرکت کی، جن میں ساگر ڈیفنس کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر کیپٹن نکونج پراشر اور سی آئی آئی کے صدر نیز ٹاٹا کیمیکلز لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب آر مکندن شامل تھے۔

دو روزہ سمٹ میں بین الاقوامی تجارت، عالمی ویلیو چینز(عالمی قدر کی زنجیریں)، مضبوط اور لچکدار سپلائی چینز، جدید مینوفیکچرنگ، دفاعی ٹیکنالوجی، اہم معدنیات، مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجیز، اسمارٹ مینوفیکچرنگ، سبز توانائی، مستقبل کی نقل و حرکت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔ ان مباحثوں میں بین الاقوامی شراکت داری کو مستحکم کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ہندوستان کو عالمی مینوفیکچرنگ اور اختراع کے لیے ایک مسابقتی مرکز کے طور پر قائم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

سمٹ کے دوران مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب این چندرابابو نائیڈو نے این آئی سی ڈی سی پویلین کا دورہ کیا۔ این آئی سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب رجت کمار سینی، آئی اے ایس، نے معززین کو آندھرا پردیش میں این آئی سی ڈی سی کے تین گرین فیلڈ انڈسٹریل اسمارٹ سٹی نوڈس—کرشنا پٹنم، اورواکل اور کوپرتھی—کی ترقی اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔

این آئی سی ڈی سی پویلین میں مختلف اقدامات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ہندوستان کے ابھرتے ہوئے صنعتی بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا گیا۔ اس کی اہم جھلکیوں میں گرین فیلڈ انڈسٹریل اسمارٹ سٹیز کی ترقی، بھاویا (بھارت اودیوگک وکاس یوجنا)، انڈسٹریل کوریڈور لینڈ پلیٹ فارم (آئی سی ایل پی) اور کوئلہ شکتی—اسمارٹ کول اینالیٹکس ڈیش بورڈ—شامل تھے۔ آئی سی ایل پی سرمایہ کاروں کو ملک بھر میں تصدیق شدہ صنعتی اراضی کے مواقع تلاش کرنے اور ان کا تقابل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ پویلین میں 360 ڈگری ورچوئل ریئلٹی (وی آر) ٹور بھی پیش کیا گیا، جس کے ذریعے زائرین کو این آئی سی ڈی سی کے صنعتی کوریڈور منصوبوں کا ایک جامع اور حقیقت سے قریب تر جائزہ لینے کا موقع ملا۔

بات چیت کے دوران جناب پیوش گوئل نے بھاویا اسکیم کو اجاگر کیا، جبکہ جناب این چندرابابو نائیڈو نے اورواکل ڈرون سٹی اور آندھرا پردیش میں ایرو اسپیس اور ڈرون مینوفیکچرنگ کے ابھرتے ہوئے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی اس کی صلاحیت پر روشنی ڈالی۔

پویلین میں آندھرا پردیش کی صنعتی صلاحیت کو بھی نمایاں کیا گیا۔ اس سلسلے میں تینوں نوڈس کے مجموعی طور پر 7,717 ایکڑ رقبے پر مشتمل پروجیکٹ ایریا، 31,360 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے امکانات اور 2 لاکھ روزگار کے مواقع کو اجاگر کیا گیا۔ ان تینوں نوڈس کو مختلف صنعتی راہداریوں کے تحت ترقی دی جا رہی ہے۔ انہیں عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور رابطے کی سہولتوں سے آراستہ مربوط صنعتی ماحولیاتی نظام کے طور پر فروغ دینے کا منصوبہ ہے۔ ان کی ترقی کا مقصد بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنا، مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کو مضبوط بنانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور آندھرا پردیش میں صنعتی ترقی کو تیز کرنا ہے۔

ان نمائشوں اور تبادلۂ خیال کے ذریعے این آئی سی ڈی سی نے مینوفیکچرنگ اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا اور آندھرا پردیش کو ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پُرکشش مقام کے طور پر پیش کیا۔ سرمایہ کاروں کے لیے پیغام واضح تھا: ہندوستان میں سرمایہ کاری کریں، آندھرا پردیش کو اپنا نیا ٹھکانہ بنائیں۔

ہندوستان میں جاپان کے سفیر عزت مآب کیچی اونو نے ہندوستان اور جاپان کے درمیان بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ آندھرا پردیش کے تین شہروں میں 31 جاپانی کمپنیوں نے 8,000 سے زیادہ مقامی افراد کو روزگار فراہم کیا ہے۔ انہوں نے فولاد، دواسازی، صاف توانائی اور سیمی کنڈکٹر کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کو بھی اجاگر کیا۔

آندھرا پردیش حکومت کے وزیر برائے صنعت، تجارت اور فوڈ پروسیسنگ جناب ٹی جی بھرتھ نے ریاست کے صنعتی بنیادی ڈھانچے، اسٹریٹجک بندرگاہوں، مختلف شعبوں میں دستیاب مواقع اور سرمایہ کاری کے وعدوں کو عملی منصوبوں کی شکل دینے پر توجہ  مرکوز کی۔

این آئی سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب رجت کمار سینی، آئی اے ایس، نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پانچ اہم شعبوں کی نشاندہی کی: مینوفیکچرنگ اور صنعتی راہداریوں کی ترقی، مضبوط اور لچکدار سپلائی چینز، جدید ٹیکنالوجی، پائیدار صنعتی ترقی، نیز ایم ایس ایم ای کے شعبے میں شراکت داری اور ہنرمندی کا فروغ۔ انہوں نے سرمایہ کاری کے مواقع کو عملی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور آئندہ دہائی کے دوران ہندوستان میں 10 ٹریلین جاپانی ین کی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے جاپان کے عزم کو اجاگر کیا۔

جناب سینی نے معززین کو تینوں صنعتی نوڈس میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ کرشنا پٹنم میں 50 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے، اورواکل میں تقریباً 30 فیصد اور کوپرتھی میں تقریباً 12 فیصد کام مکمل ہوا ہے۔ ان تفصیلات میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں ہونے والی پیش رفت اور ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے تیار صنعتی مقامات فراہم کرنے کے سلسلے میں این آئی سی ڈی سی کی مسلسل کوششوں کو نمایاں کیا گیا۔

جے ای ٹی آر او چنئی کے ڈائریکٹر جنرل جناب کیوٹاکا ڈوہو نے ہندوستان، بالخصوص آندھرا پردیش میں جاپانی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سروے میں شامل 80 فیصد سے زیادہ کمپنیاں اپنے کاروباری آپریشنز کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اسوزو موٹرز انڈیا کے صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب راجیش متل نے جاپانی طرزِ مینوفیکچرنگ، معیار کے اعلیٰ معیارات، ہنرمندی کے فروغ اور مقامی سپلائرز کے مضبوط ماحولیاتی نظام کی اہمیت پر زور دیا۔

پروٹیریل انڈیا اور نِٹّان انڈیا کی جانب سے پیش کی گئی پیشکشوں نے صنعتی تعاون کے مزید مواقع کو اجاگر کیا۔

مختلف صنعتی راہداریوں میں گرین فیلڈ انڈسٹریل اسمارٹ سٹیز کی ترقی کے ذریعے این آئی سی ڈی سی ہندوستان کے مینوفیکچرنگ کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے، لاجسٹکس کی کارکردگی بہتر کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے تیار صنعتی مقامات قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس کے اقدامات کا مقصد ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ہندوستانی صنعتوں کو عالمی ویلیو چینز ( عالمی قدر کی زنجیریں) سے مربوط کرنا ہے۔

31 ویں سی آئی آئی پارٹنرشپ سمٹ 2026 میں این آئی سی ڈی سی کی شرکت نے اسے اپنے صنعتی راہداری منصوبوں کی پیش رفت پیش کرنے، عالمی متعلقہ فریقوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنے اور آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا۔ یہ کوششیں ملک کی داخلی صنعتی پیداواری صلاحیت کو مضبوط بنانے اور وکست بھارت @2047 کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے حکومت ہند کے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔

نیشنل انڈسٹریل کوریڈور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (این آئی سی ڈی سی)، حکومت ہند کی وزارت تجارت و صنعت کے تحت صنعت اور داخلی تجارت کے فروغ کے محکمے (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے ماتحت، ملک بھر میں عالمی معیار کے گرین فیلڈ انڈسٹریل اسمارٹ سٹیز تیار کرنے کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ مربوط صنعتی بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹل اقدامات کے ذریعے این آئی سی ڈی سی کا مقصد مینوفیکچرنگ کے شعبے کی مسابقتی صلاحیت بڑھانا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

***

(ش ح۔اس ک  )

UR-7568


(ریلیز آئی ڈی: 2335628) وزیٹر کاؤنٹر : 8