بندرگاہوں، جہازرانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سربانند سونووال نے وشاکھاپٹنم بندرگاہ پر 560 کروڑ روپے مالیت کے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا


سونووال نے وشاکھاپٹنم میں بندرگاہ  کے  ساحلی تفریحی  راستے کو قوم کے نام وقف کیا، عوام کے لیے کھول دیا

نئے معاہدوں کے تحت تقریباً 500 مقامی افراد کو روزگار ملے گا

سونووال نے ان منصوبوں کو وزیر اعظم مودی کے اس وژن سے جوڑا، جس میں شہریوں کو ترقی کے عمل میں فعال شراکت دار بنانے پر زور دیا گیا ہے

نئے افتتاح شدہ   ساحلی تفریحی  راستے کے بارے میں سونووال نے کہا، ‘‘اس سے بندرگاہ شہر کے لیے کھل جائے گی ‘‘

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 NOV 2026 8:38PM by PIB Delhi

بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے وشاکھاپٹنم میں وشاکھاپٹنم بندرگاہ کے ساحلی تفریحی راستے کو عوام کے نام وقف کیا اور چار نئے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس طرح بندرگاہ پر شروع کیے جانے والے نئے کاموں کی مجموعی مالیت تقریباً 560 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔

19 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا یہ ساحلی تفریحی راستہ تقریباً 710 میٹر (2,330 فٹ) طویل ہے، جو وینکٹیشور مندر سے بین الاقوامی کروز ٹرمینل تک ساحل کے ساتھ متصل  ہے اور تقریباً 5.5 ایکڑ رقبے پر محیط ہے۔ اس راستے کے ذریعے پہلی مرتبہ مقامی باشندوں کو ایک منظم اور محفوظ مقام فراہم کیا گیا ہے، جہاں سے وہ جہازوں اور بندرگاہ کی سرگرمیوں کا  نظارہ  کر سکتے ہیں۔ سونووال نے کہا، ’’اس سے بندرگاہ شہر کے لیے کھل جائے گی۔ یہ منصوبہ وشاکھاپٹنم کے عوام کے نام وقف کیا جاتا ہے۔‘‘

اس ساحلی تفریحی راستے میں سمندر کے کنارے چہل قدمی کے لیے راستہ اور دو  قابل دید مقامات بنائے گئے ہیں، جن میں سے ایک ٹائی ٹینک کے طرز کا   منظر پیش  کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں ایک پارک، عوامی اجتماع کے لیے ایک وسیع جگہ، بچوں کے کھیلنے کا علاقہ، فوڈ کورٹ اور گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ یہ منصوبہ بندرگاہ کی موجودہ اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے اور اس سے سامان کی باربرداری کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئی ہیں۔ کروز ٹرمینل کے قریب اس کی موجودگی کا مقصد کروز جہازوں کے مسافروں کے لیے بھی اس ٹرمینل کی کشش میں اضافہ کرنا ہے۔

جناب سونوال نے اس منصوبے کو وزیر اعظم نریندر مودی کے جامع ترقی کے وژن سے جوڑتے ہوئے کہا کہ اس وژن میں شہری محض مستفید ہونے والے نہیں، بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بندرگاہ کبھی بیرونی افراد کے لیے بند تھی، اب وہاں مقامی باشندوں کو آنے کی دعوت دی جا رہی ہے۔ نئے ٹرمینلوں کے معاہدوں کے تحت تقریباً 500 مقامی افراد کو وہاں کی برتھوں کے انتظام و انصرام کے لیے روزگار بھی فراہم ہوگا۔

سربانند سونووال نے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی کا وژن ایسی ترقی کا ہے جس میں ہر شہری کا ایک مقام بھی ہو اور اسے اپنا  رول ادا کرنے کا موقع بھی ملے۔ بندرگاہ کے دروازے عوام کے لیے کھولنا اور مقامی نوجوانوں کو اس کی برتھوں کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری سونپنا اسی وژن کا عملی مظاہرہ ہے۔’’

سونووال نے موجودہ کارگو ٹرمینلوں کے  کام کاج  اور دیکھ بھال کے لیے تین معاہدوں کا بھی سنگِ بنیاد رکھا، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 580 کروڑ روپے ہے۔ ان معاہدوں میں ڈبلیو کیو-1 اور ڈبلیو کیو-1 آر ای برتھیں، ڈبلیو کیو-2 اور ڈبلیو کیو-3 برتھیں اور ای کیو-3 برتھ شامل ہیں۔ ان کے تحت متعلقہ آپریٹروں کے لیے کرینوں اور کنویئر نظام کے ذریعے برتھوں کو جدید مشینی سہولتوں سے آراستہ کرنا اور ماحولیاتی تحفظ کے انتظامات کرنا لازمی ہوگا۔ ان منصوبوں کے تحت تقریباً 500 مقامی افراد کو روزگار بھی ملے گا۔ سربانند سونووال نے کہا، ’’ان منصوبوں کے ذریعے وشاکھاپٹنم پورٹ اتھارٹی (وی پی اے) کو کارگو کی مسلسل اور یقینی آمدورفت حاصل ہوگی اور ان برتھوں کی گنجائش کا بہترین استعمال ممکن ہو سکے گا۔‘‘

مرکزی وزیر نے بندرگاہ کے گندے پانی کو صاف کرنے والے پلانٹ کی صلاحیت 10 ملین لیٹر یومیہ سے بڑھا کر 15 ملین لیٹر یومیہ کرنے کے منصوبے کا بھی سنگِ بنیاد رکھا۔ اس منصوبے کے تحت 5 ملین لیٹر یومیہ صلاحیت کا ایک نیا پلانٹ بھی تعمیر کیا جائے گا، جس پر تقریباً 11 کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ صاف کیے گئے پانی کا استعمال گردوغبار پر قابو پانے، سڑکوں کو تر رکھنے اور سامان کے ذخیرے کے مقامات پر پانی کے چھڑکاؤ کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس توسیعی منصوبے سے وزارت کی ’ہرت ساگر‘ سبز بندرگاہ پہل کو بھی تقویت ملے گی۔

سونووال نے بتایا کہ بندرگاہ نے مالی سال 2026-25 کے دوران ریکارڈ 91.17 ملین میٹرک ٹن سامان کی نقل و حمل انجام دی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 10 فیصد زیادہ ہے۔ یہ مسلسل چوتھا سال ہے جب بندرگاہ کی کارکردگی میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ یکم اپریل سے 31 اکتوبر تک سامان کی نقل و حمل میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 4.44 ملین میٹرک ٹن، یعنی 8.88 فیصد کا اضافہ ہوا۔ بندرگاہ کے ملازمین سے خطاب اور بات چیت کے دوران سونووال نے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا، ’’آپ کو گزشتہ سال کی 10 فیصد ترقی کی شرح کے ہدف کو پیچھے چھوڑنا ہوگا۔‘‘

یہ اقدامات ایسے وقت میں شروع کیے گئے ہیں جب سونووال 31ویں سی آئی آئی پارٹنرشپ سمٹ 2026 سے خطاب کرنے والے ہیں۔ آندھرا پردیش حکومت کی میزبانی میں یہ سربراہی اجلاس 12 اور 13 نومبر کو منعقد ہو رہا ہے، جس کا موضوع ہے: ’نئے عالمی نظام میں راستے تلاش کرنا: تجارت، ٹیکنالوجی اور اعتماد‘۔

بندرگاہ نے سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری (پی پی پی) کے تحت تقریباً 800 کروڑ روپے مالیت کے چار منصوبے شروع کیے ہیں، جن پر کام جاری ہے اور توقع ہے کہ انہیں 2027 تک مکمل کرکے شروع کر دیا جائے گا۔ ہندوستان کی بڑی بندرگاہوں میں اس کے کنٹینر ٹرمینل کی گہرائی سب سے زیادہ ہے، جہاں 16 میٹر تک گہرائی والے جہاز لنگر انداز ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ جہازوں کے بندرگاہ پر قیام کے وقت اور نقل و حمل کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے بندرگاہ کو مالک بندرگاہ کے ماڈل پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

 جناب سونووال نے 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے مقصد کے حصول کی جانب جاری کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستانی بندرگاہوں کو عالمی معیار کی سہولتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج شروع کیے گئے منصوبے، خواہ وہ عوام کے لیے ساحلی تفریحی راستے کی تعمیر ہو یا گندے پانی کی صفائی کے نظام کو بہتر بنانا، وزیر اعظم کے اس تصورِ ترقی کی مثالیں ہیں جس میں معاشرے کے ہر طبقے کو شامل کیا گیا ہے۔

 جناب سونووال نے کہا، ’’جب شہری محض تماشائی بننے کے بجائے ترقی کے عمل میں شراکت دار بنتے ہیں تو ترقی پائیدار ہوتی ہے۔ یہی ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس‘ کا جذبہ ہے اور 2047 تک وکست بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کا سب سے یقینی راستہ بھی یہی ہے۔‘‘

 جناب سونووال نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو اور ریاستی حکومت کا تعاون کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔

وشاکھاپٹنم کے لوک سبھا رکن ایم سری بھارت، راجیہ سبھا رکن گولا بابو راؤ، آندھرا پردیش بی جے پی کے صدر پی وی این مادھو، قانون ساز اسمبلی کے اراکین  چینو موینا ومسی کرشنا سرینواس اور پی وشنو کمار راجو، نیز بندرگاہ کے چیئرمین جس میت سنگھ بندرا سمیت دیگر سرکاری عہدیداروں اور بندرگاہ کے ملازمین نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔


https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261111204025_03279d.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261111204030_a799c4.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261111204036_41d994.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261111204041_a9a758.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261111204046_ee739d.jpg

***

ش ح۔ ش  ب ۔رض

7524:U-No


(ریلیز آئی ڈی: 2335319) وزیٹر کاؤنٹر : 8