پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 3:54PM by PIB Delhi
نائب صدرِ جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج توتھوتھوکوڑی کے وی او چدمبرم کالج کی پلاٹینم جوبلی تقریبات اور طلبہ قدیم کے اجتماع میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ یہ کالج ان کا مادرِ علمی ہے، جہاں انہوں نے 1975 سے 1978 تک تعلیم حاصل کی تھی۔
انہوں نے کالج کے احاطے میں مجاہدِ آزادی وی او چدمبرم پلئی کے مجسمے پر پھولوں کا نذرانہ پیش کیا اور ادارے کی 75ویں سالگرہ کی یاد میں تعمیر کیے گئے یادگاری چبوترے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اپنے سابقہ کلاس روم کا بھی دورہ کیا اور 1975 سے 1978 کے تعلیمی سیشن کے اپنے ساتھیوں سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کالج کے زمانے کی خوشگوار یادیں بھی تازہ کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدرِ جمہوریہ نے یاد کیا کہ اس کالج، اس کے اساتذہ اور یہاں ان کی ملاقات میں آنے والی شخصیات نے ان کی سوچ اور نظریات کو کس طرح تشکیل دیا اور انہیں مستقبل کی بڑی ذمہ داریوں کے لیے تیار کیا۔ انہوں نے اپنے اساتذہ کی تعلیمات، کالج کیمپس کی زندگی اور طالب علمی کے زمانے میں اپنائی گئی اقدار کو محبت کے ساتھ یاد کیا۔
ایمرجنسی کے دور کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کالج میں تعلیم کے دوران اس کے خلاف چلائی گئی تحریک میں اپنی شرکت کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس دور میں جیل بھیجے گئے افراد کے اہلِ خانہ کی مدد کے لیے چندہ جمع کرنے کی اپنی کوششوں کو بھی یاد کیا۔
مجاہدِ آزادی وی او چدمبرم پلئی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے آزادی کے اس عظیم سپاہی کی بے شمار قربانیوں، مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کے عزم اور تحریکِ آزادی میں ان کی ناقابلِ فراموش خدمات کو اجاگر کیا۔
قومی اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ایک متحد قوم کی حیثیت سے ہندوستان کی طاقت اس کی مختلف برادریوں کی زبان، ثقافت اور شناخت کا تحفظ یقینی بناتی ہے، جن میں تمل ثقافت بھی شامل ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی مادری زبان پر فخر کرتے ہوئے قومی شعور کو مضبوط بنائیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے طلبہ کو متعدد زبانیں سیکھنے اور تمل زبان کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی ترغیب بھی دی۔
قومی تعمیر و ترقی میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے ملک بھر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی توسیع کا ذکر کیا اور کالج انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنی شاندار روایات اور ورثے کو برقرار رکھتے ہوئے نئی ٹیکنالوجیز، سائنسی تحقیق اور ابھرتے ہوئے تعلیمی شعبوں کو بھی اپنائے، تاکہ معاشرے کے تمام طبقات تک معیاری تعلیم کی رسائی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود نظم و ضبط پیدا کریں، منشیات اور دیگر مضر عادات سے دور رہیں اور 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
نائب صدرِ جمہوریہ نے اپنے مادرِ علمی کی ترقی اور وسعت کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پلاٹینم جوبلی کی تقریبات کو مزید بڑی کامیابیوں کی جانب ایک نئی شروعات کا ذریعہ بننا چاہیے۔
اس موقع پر تمل ناڈو کے گورنر جناب راجندر وشوناتھ آرلیکر، کالج کے سکریٹری جناب اے پی سی وی چوکّلنگم، پرنسپل ڈاکٹر سی ویراباگو، تنظیم ابنائے قدیم کے صدر جناب اے وی مروگیشن، کالج کے منتظمین، اساتذہ، سابق طلبہ اور موجودہ طلبہ بھی موجود تھے۔
******
(ش ح۔ م ش ع۔ م ا)
UR. No-7501