ا قتصادی امور کی کابینہ کمیٹی
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی کابینہ نے نئی دہلی کے نارتھ اور ساؤتھ بلاک کمپلیکس میں ‘یُگے یُگین بھارت میوزیم’کے قیام کو دی منظوری

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 NOV 2026 3:05PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں آج اقتصادی امور سے متعلق کابینہ کمیٹی نے نئی دہلی کے نارتھ اور ساؤتھ بلاک کمپلیکس میں یُگے یُگین بھارت میوزیم (وائی وائی بی ایم) کے قیام کو منظوری دے دی۔ اس منصوبے کی مجموعی تخمینہ لاگت 3,230 کروڑ روپے ہے، جس کا جائزہ پبلک انویسٹمنٹ بورڈ (پی آئی بی) نے لیا ہے۔

اہم تفصیلات

’یُگے یُگین بھارت میوزیم’ کو ایک بڑے تہذیبی عجائب گھر کے طور پر قائم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ یہ عجائب گھر ہندوستان کے تہذیبی ورثے کے تسلسل، تنوع اور اس کی مالامال روایت کو اجاگر کرے گا اور اس کے لئے ہندوستان کے مادی اور غیر مادی ثقافتی ورثے کو ایک مربوط داستان کی صورت میں پیش کیا جائے گا۔

اس عجائب گھر کو تاریخی نارتھ اور ساؤتھ بلاک کمپلیکس کے متبادل استعمال کے ذریعے تیار کیا جائے گا۔ اس عمل میں ان عمارتوں کے طرزِ تعمیر اور تاریخی اہمیت کو محفوظ رکھتے ہوئے انہیں ایک عوامی ثقافتی ادارے میں تبدیل کیا جائے گا۔

تقریباً 1,78,509 مربع میٹر کے مجوزہ تعمیراتی رقبے پر پھیلا یہ عجائب گھر، عجائب گھروں کے جدید طریقۂ کار، حقیقت نما ٹیکنالوجیز اور سیاحوں کے تجربات پر مبنی پیشکشوں کو یکجا کرے گا۔ دنیا کے معروف بین الاقوامی عجائب گھروں کے معیارات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ‘یُگے یُگین بھارت میوزیم’ نمائش کے لیے مختص رقبے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا عجائب گھر ہوگا۔

یہ عجائب گھر مختلف موضوعاتی گیلریوں، نمائشوں اور ہندوستان کی متنوع ثقافتی روایات، علمی نظام، فنونِ لطیفہ اور ورثے کی تشریح کے ذریعے ہندوستان کے تہذیبی سفر کو پیش کرے گا۔

اس منصوبے میں گیلریوں کی تعمیر و ترقی، نوادرات کے ذخیرے اور ان کے تحفظ کی سہولیات، سیاحوں کے لیے ضروری انتظامات، ٹیکنالوجی کا انضمام اور حقیقت نما تجربات، تزئین و آرائش، ذہین عمارتوں کے نظام اور دیگر متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر شامل ہے۔

اس عجائب گھر کو عجائب گھروں کی منصوبہ بندی، ورثے کے تحفظ، نمائش کے ڈیزائن اور ثقافتی انتظام کے پائیدار طریقوں سے متعلق بین الاقوامی بہترین معیارات کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے، جنہیں ہندوستان کے متنوع ثقافتی ماحول کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا گیا ہے۔

پس منظر

’یُگے یُگین بھارت میوزیم’ کے قیام کا اعلان وزیر اعظم نے 18 مئی 2023 کو کیا تھا۔

حکومت کے دفاتر کی منتقلی کے بعد تاریخی نارتھ اور ساؤتھ بلاک کی عمارتوں کو ایک اہم عوامی اور ثقافتی مقصد کے لیے نئے انداز میں استعمال کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم ہوا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ان تاریخی عمارتوں کے طرزِ تعمیر اور ورثے سے وابستہ خصوصیات کو محفوظ رکھتے ہوئے انہیں ایک نئے ادارہ جاتی کردار میں ڈھالنا ہے۔

اس تجویز کا جائزہ 27 جولائی 2026 کو پبلک انویسٹمنٹ بورڈ (پی آئی بی) نے لیا تھا اور وزارتِ ثقافت نے اس کی سفارشات سے اتفاق کیا ہے۔

عمل درآمد کی حکمت عملی اور اہداف

اس منصوبے پر مالی سال 2027-2026 سے مالی سال 2031-2030 تک مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے گا۔ ‘آرائش و زیبائش’ کے موضوع پر پہلا افتتاحی گیلری 2027 کے اواخر میں نارتھ بلاک میں عوام کے لیے کھولے جانے کی توقع ہے۔ مزید گیلریوں کے اضافے کے لیے ایک ماڈیولر طریقۂ کار وضع کیا جا رہا ہے۔ مواد اور نوادرات کے مجموعوں کا تجزیہ کیا جا رہا ہے اور نیشنل میوزیم اور وزارتِ ثقافت کے دیگر عجائب گھروں، آثارِ قدیمہ کے سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کے 52 مقامی عجائب گھروں، مختلف ریاستی عجائب گھروں اور نجی ذخائر سے تقریباً 18 لاکھ اشیا کی نشان دہی کی گئی ہے، جنہیں یُگے یُگین بھارت میوزیم میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

دیگر گیلریاں بھی مختلف موضوعات پر تیار کی جا رہی ہیں، جن میں فنِ تعمیر اور شہری مناظر، ریاضی اور فلکیات، زبانیں اور رسم الخط، عقیدہ اور روحانیت نیز ‘بھارت کے روابط: تجارت اور خیالات’ وغیرہ شامل ہیں۔

اس منصوبے پر مربوط منصوبہ جاتی انتظام، ڈیزائن اور تکنیکی نگرانی، معیار کی یقین دہانی اور وقتاً فوقتاً جائزے کے ذریعے عمل درآمد کیا جائے گا۔

روزگار کے مواقع سمیت اہم اثرات

’یُگے یُگین بھارت میوزیم’ سے ثقافتی، تعلیمی، اقتصادی اور روزگار کے شعبوں میں نمایاں نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔

تہذیبی ورثے کا تحفظ: یہ عجائب گھر ہندوستان کی تہذیبی ترقی، تسلسل اور تنوع کو پیش کرنے کے لیے ایک مربوط ادارہ جاتی پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جس سے مادی اور غیر مادی ورثے کے تحفظ اور فروغ کو تقویت ملے گی۔

ورثے کی حامل تاریخی عمارتوں کا موافق استعمال: یہ منصوبہ تاریخی نارتھ اور ساؤتھ بلاک کی عمارتوں کو ایک اہم عوامی اور ثقافتی مقصد کے لیے استعمال میں لائے گا، ساتھ ہی ان کے طرزِ تعمیر اور تاریخی ورثے کی خصوصیات کو بھی برقرار رکھے گا۔

ثقافتی سیاحت اور بین الاقوامی روابط: توقع ہے کہ یہ عجائب گھر ایک اہم ثقافتی سیاحتی مرکز کے طور پر ابھرے گا، جو ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرے گا اور عالمی سطح پر ہندوستان کی ثقافتی شناخت اور اس کے ‘نرم اثر و رسوخ’ کو مستحکم کرے گا۔

تعلیم اور تحقیق: یہ عجائب گھر عوامی تعلیم، علمی تحقیق، علم کے تبادلے اور ہندوستان کی متنوع ثقافتی روایات اور علمی نظاموں سے واقفیت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔

روزگار کے مواقع کی فراہمی: اس منصوبے کی تعمیر اور اس کے عملیاتی مراحل کے دوران براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ اس سے دست کاروں، ہنرمندوں، محققین، عجائب گھروں کے ماہرین، ڈیزائنروں، فن کاروں اور دیگر تخلیقی شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد کے لیے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے علاوہ مہمان نوازی اور سیاحت کے شعبوں میں روزگار اور ذریعۂ معاش کو بھی فروغ ملے گا۔

’میک اِن انڈیا’ کو فروغ: منظم طور پر سپلائرز کی ترقی کے اقدامات کے ذریعے یہ منصوبہ عالمی معیار کے عجائب گھروں کے سازوسامان اور مصنوعات کی ملک میں تیاری کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ اس سے ہندوستانی دست کاروں، مینوفیکچررز، تحفظِ ورثہ کے ماہرین اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

سیاحوں کی ضروریات کے مطابق جامع بنیادی ڈھانچہ: عجائب گھروں کی جدید ٹیکنالوجیز اور سیاحوں کے لیے آسان رسائی کی سہولیات عوام کی شرکت میں اضافہ کریں گی اور عجائب گھر کے مجموعی تجربے کو مزید بہتر بنائیں گی۔

اخراجات کی تفصیلات

اس منصوبے کی مجموعی تخمینہ لاگت 3,230 کروڑ روپے ہے۔ اس کا تعین تفصیلی تعمیراتی اور نمائشی ڈیزائن، انجینئرنگ اور عجائب گھر کی منصوبہ بندی سے متعلق ضروریات کے ساتھ ساتھ متعلقہ ایجنسیوں کے ذریعے کیے گئے تکنیکی جائزوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

اس عجائب گھر سے ٹکٹوں کی فروخت، کھانے پینے کی سہولیات، تقریبات اور مقامات کے کرایے، ڈیجیٹل تجربات، رہنمائی کے ساتھ دوروں، خوردہ فروشی کے مراکز اور سیاحوں کے لیے دیگر خدمات کے ذریعے مستقل آمدنی حاصل ہونے کی بھی توقع ہے۔ اس عجائب گھر کو اس طرح تیار کیا جا رہا ہے کہ یہاں سالانہ ایک کروڑ سیاحوں کی آمد و رفت کو سنبھالا جا سکے۔

مستفید ین کی تعداد

اس عجائب گھر کو ایک قومی عوامی ثقافتی ادارے کے طور پر قائم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے، جو عام لوگوں، طلبہ، محققین، دانشوروں، ثقافتی شعبوں سے وابستہ افراد، ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں اور دیگر زائرین کی ضروریات پوری کرے گا۔

ایک عوامی ثقافتی اور تعلیمی ادارے کی حیثیت سے یہ عجائب گھر سیکھنے، تحقیق، ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت اور ہندوستان کے تہذیبی ورثے کو سمجھنے اور اس کی قدر و اہمیت سے واقف ہونے کے مواقع فراہم کرے گا۔ اس منصوبے کے لیے مستفید ہونے والوں کی کوئی مقررہ تعداد لاگو نہیں ہوتی۔

شامل ریاستیں اور اضلاع

یہ عجائب گھر نئی دہلی کے نارتھ اور ساؤتھ بلاک کمپلیکس میں قائم کیا جائے گا۔ اگرچہ اس کا بنیادی ڈھانچہ قومی راجدھانی میں واقع ہوگا۔تاہم اس ادارے کا مقصد ہندوستان کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سیاحوں کی بھی خدمت کرنا ہے۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ن ع

U.NO.7487

 


(ریلیز آئی ڈی: 2335046) وزیٹر کاؤنٹر : 7