پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 NOV 2026 3:14PM by PIB Delhi

محکمہ محصولات کی انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے افسران نے ہاتھی کے دانتوں کی نقل و حرکت سے متعلق مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر، 5 نومبر 2026 کو گوہاٹی سے تقریباً 27 کلومیٹر دور سوناپور ٹول گیٹ کے قریب جنگلی حیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
تقریباً 17:40 بجے ڈی آر آئی کے افسران نے دو دو پہیہ گاڑیوں پر سوار پانچ مشتبہ افراد کو دیکھا، جن میں سے ایک کے پاس ایسا تھیلا تھا، جس میں ہاتھی کے دانت ہونے کا شبہ تھا۔ روکنے کی کوشش پر مشتبہ افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی اور تعاقب کرنے والے افسران کو خوف زدہ کرنے کے لیے خُکری اور ڈاؤ لہراتے ہوئے تھیلا وہیں چھوڑ کر قریبی گاؤں میں فرار ہوگئے۔
چھوڑے گئے تھیلے کی تلاشی لینے پر ہاتھی کے دو دانت برآمد ہوئے، جن کی لمبائی بالترتیب 29 اور 30 انچ تھی اور ان کا مجموعی وزن تقریباً 3.7 کلوگرام تھا۔ ان دانتوں کو جنگلی حیات (تحفظ) ایکٹ، 1972 کی دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا اور بعد ازاں مزید تحقیقات اور ضروری کارروائی کے لیے آسام کے ریاستی محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیا گیا۔
ہاتھی کے دانت جنگلی حیات (تحفظ) ایکٹ، 1972 کے شیڈول اوّل اور جنگلی حیوانات و نباتات کی معدومیت کے خطرے سے دوچار انواع کی بین الاقوامی تجارت کے کنونشن (سائٹس) کے ضمیمہ اوّل کے تحت محفوظ ہیں۔ بھارتی قانون کے تحت ایسی محفوظ انواع سے حاصل کردہ اشیا کی تجارت اور ان کا تجارتی لین دین ممنوع ہے۔
ڈی آر آئی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی اور متعلقہ دیگر اداروں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے جنگلی حیات کی اسمگلنگ اور محفوظ انواع کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائی کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
...........................
) ش ح –ض ر-ق ر)
U.No. 7451