الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 JUL 2026 3:15PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر مملکت جناب جتن پرساد نے 29 جولائی2026 کو لوک سبھا میں بتایا کہ حکومت مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کردہ ڈیپ فیک مواد، بشمول مصنوعی آڈیو، ویڈیو اور متنی مواد سے پیدا ہونے والے خطرات سے بخوبی آگاہ ہے۔ صارفین کے لیے ایک کھلا، محفوظ، قابلِ اعتماد اور جواب دہ سائبر ماحول یقینی بنانے کے مقصد سے حکومتِ ہند نے ڈیپ فیک کے مختلف پہلوؤں سے نمٹنے کے لیے درج ذیل قوانین اور ضوابط نافذ کیے ہیں:
اطلاعاتی ٹیکنالوجی ایکٹ، 2000 (آئی ٹی ایکٹ)
- اس قانون میں شناخت کی چوری (دفعہ 66سی)، کسی دوسرے شخص کا روپ دھار کر دھوکہ دہی (دفعہ 66ڈی)، نجی زندگی میں مداخلت (دفعہ 66E) اور فحش یا جنسی طور پر واضح مواد شائع کرنے یا منتقل کرنے (دفعات 67 اور 67A) جیسے جرائم کا احاطہ کیا گیا ہے۔
- اس قانون کی دفعہ 69A کے تحت مخصوص معلومات یا روابط تک رسائی روکنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کو احکامات جاری کرنے کی شق موجود ہے۔
- دفعہ 79 کے تحت غیر قانونی کاموں کے ارتکاب کے لیے استعمال ہونے والی معلومات کو ہٹانے کے سلسلے میں ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کو نوٹس جاری کرنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔
- اس کے علاوہ، اس قانون کی دفعات 78 اور 80 کے تحت پولیس کو جرائم کی تفتیش کا اختیار بھی حاصل ہے ۔
بھارتیہ نیائے سنہتا، 2023 (بی این ایس)
- دفعہ 353 کا مقصد ایسے جھوٹے یا گمراہ کن بیانات، افواہوں یا رپورٹوں کے پھیلاؤ کو روکنا ہے جو عوامی بدامنی یا خوف و ہراس کا سبب بن سکتے ہیں۔ اس دفعہ کے تحت ایسے اقدامات کو قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔
- ڈیپ فیک مواد سے متعلق منظم سائبر جرائم کے خلاف دفعہ 111 کے تحت بھی قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی (انٹرمیڈیئری گائیڈلائنز اینڈ ڈیجیٹل میڈیا ایتھکس کوڈ) رولز، 2021 (آئی ٹی رولز)
آئی ٹی رولز کے تحت ڈیجیٹل پلیٹ فارموں پر لازم ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے وقت مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کمپیوٹر وسائل کے صارفین کو مطلع کریں کہ وہ ایسی کوئی بھی معلومات اپنے پلیٹ فارم پر نہ رکھیں، نہ دکھائیں، نہ اپ لوڈ کریں، نہ ان میں ترمیم کریں، نہ شائع کریں، نہ منتقل کریں، نہ انہیں اپ ڈیٹ کریں اور نہ ہی دوسروں کے ساتھ شیئر کریں، جو:
- فحش یا عریاں ہو، فحش نگاری پر مبنی ہو، کسی کی نجی زندگی میں مداخلت کرتی ہو یا نفرت اور تشدد کو فروغ دیتی ہو؛
- بچوں کے لیے نقصان دہ ہو؛
- ڈیپ فیک سمیت کسی بھی ذریعے سے گمراہ کرتی ہو یا دھوکہ دیتی ہو؛
- مصنوعی ذہانت سمیت کسی بھی ذریعے سے کسی دوسرے شخص کا روپ دھارتی ہو؛
- قومی سلامتی یا امنِ عامہ کے لیے خطرہ ہو؛
- کسی بھی نافذ العمل قانون کی خلاف ورزی کرتی ہو۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنی خدمات کی شرائط اور صارفین کے معاہدوں کے ذریعے صارفین کو واضح طور پر مطلع کریں کہ غیر قانونی مواد شیئر کرنے کے کیا نتائج ہو سکتے ہیں۔ ان میں متعلقہ مواد کو ہٹانا، صارف کا اکاؤنٹ معطل کرنا یا مستقل طور پر بند کرنا شامل ہے۔
بھارت میں 50 لاکھ یا اس سے زیادہ رجسٹرڈ صارفین کی تعداد رکھنے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارموں (ایس ایس ایم آئیز) کے لیے درج ذیل اضافی ذمہ داریوں کی پابندی لازمی ہے:
- پیغام رسانی کی خدمات فراہم کرنے والے ایس ایس ایم آئیز کے لیے ضروری ہے کہ وہ سنگین یا حساس نوعیت کے مواد کے اصل ماخذ کا پتا لگانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں۔
- غیر قانونی مواد کی شناخت کرنے اور اس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے خودکار آلات استعمال کریں۔
- تعمیل سے متعلق رپورٹیں شائع کریں، مقامی افسران مقرر کریں اور ضابطوں کی پابندی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تال میل کے لیے بھارت میں واقع اپنا پتہ فراہم کریں۔
- صارفین کو اپنی مرضی سے تصدیق کی سہولت، داخلی اپیل کا طریقۂ کار اور اپنی جانب سے کارروائی کرنے سے پہلے اپنا مؤقف پیش کرنے اور منصفانہ سماعت کا موقع فراہم کریں۔
شکایات کے ازالے کا طریقۂ کار:
ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے لیے شکایات کے ازالے کے افسران مقرر کرنا اور مقررہ مدت کے اندر شکایات کا حل یقینی بنانا لازمی ہے۔ اگر صارفین کی شکایات کا ازالہ متعلقہ پلیٹ فارموں کے شکایات کے ازالے کے افسران نہیں کرتے ہیں تو صارفین https://www.gac.gov.in پر آن لائن اپیل دائر کر سکتے ہیں۔ شکایات کے ازالے کی کمیٹیاں (جی اے سیز) مواد کی نگرانی اور اس سے متعلق فیصلوں میں جواب دہی اور شفافیت یقینی بناتی ہیں۔
پولیس میں درج کرائی گئی شکایات کی تحقیقات متعلقہ قانون نافذ کرنے والے ادارے (ایل ای ایز) متعلقہ قانونی ضابطوں کے تحت کرتے ہیں۔ بھارتی آئین کے ساتویں شیڈول کے مطابق ’پولیس‘ اور ’امنِ عامہ‘ ریاستی موضوعات ہیں۔ اس لیے سائبر جرائم سمیت دیگر جرائم کی روک تھام، ان کا پتہ لگانے، تحقیقات کرنے اور قانونی کارروائی کے ذریعے ملزمان کو سزا دلانے کی بنیادی ذمہ داری ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی ہے، جسے وہ اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے انجام دیتے ہیں۔
حالیہ ترامیم:
دس فروری 2026 کو حکومت نے مصنوعی طور پر تیار کردہ معلومات (ایس جی آئی) سے پیدا ہونے والے نقصانات، بشمول ڈیپ فیک اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد سے نمٹنے کے لیے آئی ٹی رولز، 2021 میں ترمیم کرکے ضابطہ جاتی نظام کو مزید مستحکم کیا۔
اس ترمیم کے اہم نکات درج ذیل ہیں:
- ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے لیے لازم ہے کہ وہ قابلِ اجازت مصنوعی طور پر تیار کردہ مواد پر واضح نشانات لگائیں اور اس کے ساتھ ایسا میٹا ڈیٹا منسلک کریں جس کے ذریعے اس کے ماخذ کا پتا لگایا جا سکے، تاکہ صارفین مصنوعی طور پر تیار کردہ مواد کی آسانی سے شناخت کر سکیں اور دھوکہ دہی یا غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
- اس ترمیم کے ذریعے صارفین کی جواب دہی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کی جانب سے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے تقاضوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ اس میں غیر قانونی مصنوعی مواد کے استعمال کے قانونی نتائج سے متعلق صارفین کو لازمی طور پر آگاہ کرنا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے لیے تعمیل کی مزید سخت ذمہ داریاں بھی شامل ہیں۔
- خاص طور پر، ان رہنما خطوط میں بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد، رضامندی کے بغیر بنائی یا پھیلائی گئی نجی نوعیت کی تصاویر، کسی دوسرے شخص کا روپ دھارنے اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ دیگر نقصان دہ مواد کو واضح طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس کے تحت پلیٹ فارموں کے لیے ایسے مواد کی روک تھام اور اس کی نشاندہی ہونے پر فوری کارروائی کرنا لازمی ہے۔
- ضابطوں کی پابندی کے لیے مقررہ مدت میں کمی کرکے انہیں مزید سخت بنایا گیا ہے۔ مجاز حکومت کی جانب سے معقول وجوہات پر مبنی درست اطلاع یا عدالت کے حکم کے ذریعے غیر قانونی معلومات کا علم ہونے پر انہیں ہٹانے کی مدت 36 گھنٹے سے کم کرکے 3 گھنٹے کر دی گئی ہے۔ اسی طرح شکایات کے ازالے کی مدت بھی کم کی گئی ہے، جس میں عریاں مواد اور کسی دوسرے شخص کا روپ دھارنے جیسے خصوصی زمروں کے معاملات بھی شامل ہیں۔ ان کے لیے مدت 72 گھنٹے سے کم کرکے 36 گھنٹے اور حساس معاملات کے لیے 24 گھنٹے سے کم کرکے 2 گھنٹے کر دی گئی ہے۔
- ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے لیے مناسب اور معقول تکنیکی اقدامات، بشمول خودکار آلات یا دیگر موزوں طریقۂ کار اختیار کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی صارف کو ایسی مصنوعی طور پر تیار کردہ معلومات تخلیق، تیار، تبدیل، ترمیم، شائع، منتقل، شیئر یا پھیلانے کی اجازت نہ دی جائے جو اس وقت نافذ کسی بھی قانون کی خلاف ورزی کرتی ہوں۔
- آئی ٹی رولز کے تحت بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارموں (ایس ایس ایم آئیز) کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ مناسب تکنیکی اقدامات، بشمول خودکار آلات یا دیگر موزوں طریقۂ کار اختیار کرنے کی مناسب کوشش کریں، تاکہ ایسے مواد کی ازخود شناخت کی جا سکے جس میں کسی بھی شکل میں عصمت دری، بچوں کے جنسی استحصال یا ان سے متعلق کسی عمل کی عکاسی یا نقل موجود ہو، خواہ وہ واضح ہو یا بالواسطہ۔ اس کے علاوہ ایسے مواد کی بھی شناخت کی جائے جو پہلے ہٹائی جا چکی معلومات سے بالکل مماثل ہو۔
اگر ڈیجیٹل پلیٹ فارم آئی ٹی رولز میں درج قانونی ذمہ داریوں کی پابندی کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو وہ آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 79 کے تحت تیسرے فریق کی فراہم کردہ معلومات کے حوالے سے حاصل قانونی تحفظ سے محروم ہو جاتے ہیں۔ ایسی صورت میں وہ کسی بھی نافذ العمل قانون کے تحت متعلقہ قانونی کارروائی یا مقدمے کا سامنا کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔
ایڈوائزری اور معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پی):
حکومت نے ڈیجیٹل پلیٹ فارموں، بشمول سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کو متعدد ایڈوائزری جاری کی ہیں، جن میں آئی ٹی ایکٹ اور آئی ٹی رولز کے تحت مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق ذمہ داریوں کی پابندی پر زور دیا گیا ہے۔ جاری کردہ ایڈوائزری اور وضع کردہ معیاری عملی طریقۂ کار کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
- انتیس دسمبر2025 کو جاری کردہ ایڈوائزری کے ذریعے حکومت نے ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کو ایک بار پھر یاد دہانی کرائی کہ وہ اپنے پلیٹ فارموں پر نازیبا، غیر مہذب، فحش، عریاں اور دیگر غیر قانونی مواد کی میزبانی، اشاعت، ترسیل، شراکت یا اپ لوڈنگ کو روکنے کے لیے آئی ٹی ایکٹ اور آئی ٹی رولز کے تحت مقررہ قانونی ذمہ داریوں اور احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔ اس کے علاوہ، پلیٹ فارموں کو اپنے داخلی تعمیلی نظام، مواد کی نگرانی کے طریقوں اور صارفین کے خلاف کارروائی کے طریقۂ کار کا فوری جائزہ لینے اور آئی ٹی ایکٹ و آئی ٹی رولز کی دفعات پر سختی سے اور مسلسل عمل درآمد یقینی بنانے کا مشورہ بھی دیا گیا۔
- نو فروری2026 کو مذہبی امور سے متعلق معلومات کو ذمہ داری کے ساتھ پیش کرنے کے سلسلے میں ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی۔ اس میں انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ نگرانی اور جواب دہی کے مؤثر نظام فوری طور پر نافذ کریں، تاکہ مذہبی مواد کو پوری حساسیت، درستگی اور احترام کے ساتھ پیش کیا جائے اور کسی بھی مسخ شدہ، گمراہ کن یا غیر قانونی مذہبی مواد کو اپنے پلیٹ فارموں پر پھیلنے کی اجازت نہ دی جائے۔ مزید یہ بھی واضح کیا گیا کہ قانونی ذمہ داریوں اور احتیاطی تدابیر کی پابندی نہ کرنے کی صورت میں پلیٹ فارم آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 79 کے تحت حاصل قانونی تحفظ سے محروم ہو سکتے ہیں اور متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
- سولہ مارچ 2026 کو ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی، جس میں توہین آمیز، ہتک آمیز، قابلِ اعتراض، تضحیک آمیز اور گمراہ کن مصنوعی طور پر تیار کردہ معلومات کی تخلیق، میزبانی، اشاعت، ترسیل، شراکت یا اپ لوڈنگ سے متعلق ہدایات دی گئیں۔
- آن لائن پلیٹ فارموں پر رضامندی کے بغیر بنائی یا پھیلائی گئی نجی نوعیت کی تصاویر (این سی آئی آئی) کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پی) وضع کرکے 11 نومبر2025 کو جاری کیا گیا۔ اس میں متاثرین، ڈیجیٹل پلیٹ فارموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے تفصیلی رہنما ہدایات فراہم کی گئی ہیں، تاکہ نجی نوعیت کی تصاویر، بشمول رضامندی کے بغیر شیئر کی گئی حقیقی یا تبدیل شدہ تصاویر، کے آن لائن پھیلاؤ کے خلاف فوری اور یکساں کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
بھارت کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے مقامی مصنوعی ذہانت پر مبنی ذرائع
گیان بھارتَم ویب پورٹل مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتا ہے، جن میں لارج لینگویج اسکرپٹ ماڈلز (ایل ایل ایس ایم)، آپٹیکل کریکٹر ریکگنیشن (او سی آر)،ہینڈ رٹرن ٹیکسٹ ریکگنیشن (ایچ ٹی آر)،اسکرپٹ ریکگنیشن ، معنوی تلاش اور مشین کی مدد سے ترجمہ شامل ہیں۔ ان ٹیکنالوجیز کے ذریعے بھارت کے مخطوطات کے ورثے تک ذہین رسائی فراہم کی جاتی ہے۔
گیان مترم، گیان بھارتَم ویب پورٹل کا مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ علمی واسطہ ہے۔ یہ ایل ایل ایس ایم، او سی آر، ایچ ٹی آر، اسکرپٹ ریکگنیشن، معنوی تلاش اور مشین کی مدد سے ترجمے جیسی ٹیکنالوجیز استعمال کرتے ہوئے مخطوطات کی تصاویر، نقلِ تحریر اور تراجم کو یکجا کرتا ہے، جس سے مخطوطات کی بامعنی تشریح، سیاق و سباق کے ساتھ تفہیم اور کھوج ممکن ہوتی ہے۔
بھارتیہ جی پی ٹی، گیان بھارتَم ویب پورٹل پر ’’مینواسکرپٹ ٹو کنورسیشنل اے آئی‘‘ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ یہ مخطوطات کے ورثے کو مصنوعی ذہانت کے لیے موزوں اور مشین کے ذریعے پڑھے جانے کے قابل علمی مواد میں تبدیل کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، ’’مخطوطے سے بات چیت‘‘ (ٹاک ٹو مینو اسکرپٹ) کی سہولت کے ذریعے متن، آڈیو اور آواز پر مبنی تعامل سمیت کثیرلسانی اور ملٹی ماڈل ایکسز فراہم کرتا ہے، جس سے بھارت کی علمی روایات علما، طلبہ، محققین اور عام لوگوں کے لیے زیادہ قابلِ رسائی ہو جاتی ہیں۔
ڈیپ فیک مواد کی شناخت
انڈیا اے آئی مشن کا محفوظ اور قابلِ اعتماد اے آئی ستون، مقامی حکمرانی کے نظام، معیارات، ذرائع اور جانچ کے طریقۂ کار کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی ذمہ دارانہ ترقی، تعیناتی اور اسے اپنانے کے عمل کو فروغ دینے کا مقصد رکھتا ہے۔ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق 13 منصوبوں کو منظوری دی گئی ہے، جن میں ڈیپ فیک کی شناخت سے متعلق منصوبے بھی شامل ہیں۔
ڈیپ فیک کی شناخت سے متعلق اہم اقدامات میں شامل ہیں:
- ساکشیہ: ڈیپ فیک کی شناخت کے لیے آئی آئی ٹی جودھپور اور آئی آئی ٹی مدراس کا تیار کردہ ملٹی ایجنٹ فریم ورک۔
- صوتی و بصری جعل سازی کی شناخت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اے آئی وشلیشک۔
- آئی آئی ٹی کھڑگپور کا حقیقی وقت میں آواز پر مبنی ڈیپ فیک کی شناخت کا نظام تیار کرنے سے متعلق منصوبہ۔
بیداری مہمات:
انفارمیشن سکیورٹی ایجوکیشن اینڈ اویئرنیس (آئی ایس ای اے): حکومت اطلاعاتی تحفظ کے شعبے میں افرادی قوت تیار کرنے اور عوام میں سائبر حفظانِ صحت اور سائبر سلامتی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں عمومی بیداری پیدا کرنے کے لیے ’انفارمیشن سکیورٹی ایجوکیشن اینڈ اویئرنیس (آئی ایس ای اے)‘ منصوبہ نافذ کر رہی ہے۔ اب تک ملک بھر میں بیداری سے متعلق 6650 ورکشاپیں منعقد کی جا چکی ہیں، جن سے 11.37 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے ہیں۔ ان میں اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ، اساتذہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، سرکاری ملازمین اور عام شہری شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، کثیر لسانی بیداری کا مواد بھی تیار کرکے عام کیا گیا ہے۔ اس میں کتابچے، مختصر ویڈیوز، پوسٹر، بروشر، بچوں کے لیے کارٹون کہانیاںوغیرہ شامل ہیں۔ یہ مواد مطبوعہ ذرائع ابلاغ، الیکٹرانک ذرائع ابلاغ، سوشل میڈیا اور www.isea.gov.in اور https://staysafeonline.in/ کے ذریعے شائع اور تقسیم کیا گیا ہے۔
سرٹ اِن: بھارتی کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (سرٹ اِن) بھی ڈیپ فیک سمیت مصنوعی ذہانت سے متعلق خطرات اور ان سے نمٹنے کے اقدامات کے بارے میں باقاعدگی سے رہنما ہدایات جاری کرتی ہے۔ یہ اپنی سرکاری ویب سائٹس اور سوشل میڈیا ذرائع کے ذریعے تحفظ اور سلامتی سے متعلق مشورے، بیداری کے پوسٹر، معلوماتی خاکے اور ویڈیوز بھی شائع کرتی ہے۔ اس کا مقصد انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کو سائبر سلامتی کے حملوں اور دھوکہ دہی کے بارے میں حساس بنانا ہے، جس میں بچوں کے لیے آن لائن تحفظ کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ اس نے نومبر 2024 میں ڈیپ فیک سے لاحق خطرات اور ان سے محفوظ رہنے کے لیے اختیار کیے جانے والے ضروری اقدامات سے متعلق ایک ایڈوائزری بھی جاری کی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ت ف۔ ن م۔
U- 7408