نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مائی بھارت نے ’وکست بھارت یوا سمواد: اپنے ووٹ کو جانیے‘ مہم کے تحت ایک ہی دن میں 100 پروگرام منعقد کیے


اب تک 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 411 یوا سمواد پروگرام منعقد، 77,500 سے زائد نوجوانوں تک رسائی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 04 NOV 2026 8:37PM by PIB Delhi

نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت نے میرا یوا بھارت (مائی بھارت) کے ذریعے ملک گیر مہم ’وکست بھارت یوا سمواد: اپنے ووٹ کو جانیے‘ کے تحت آج 23 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 100 یوا سمواد پروگرام منعقد کیے۔ اس مہم کا مقصد انتخابی بیداری کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو جمہوریت میں باخبر اور ذمہ دارانہ شرکت کی ترغیب دینا ہے۔ ان پروگراموں میں 16,600 سے زائد نوجوانوں اور 100 یوتھ آئیکونز نے شرکت کی۔ اس دوران عوامی نمائندوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا گیا اور ووٹ دینے کے حقوق، شہری ذمہ داریوں اور جمہوریت کو مضبوط بنانے میں نوجوانوں کے کردار پر گفتگو ہوئی۔

ان پروگراموں کا انعقاد شمالی بھارت میں دہلی، ہریانہ، ہماچل پردیش، پنجاب، اتراکھنڈ اور اتر پردیش؛ جنوبی بھارت میں تمل ناڈو، کیرالہ، کرناٹک اور پڈوچیری؛ شمال مشرقی خطے میں اروناچل پردیش، آسام، منی پور اور میزورم؛ مشرقی بھارت میں بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال؛ وسطی بھارت میں چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش؛ جب کہ مغربی بھارت میں گجرات، مہاراشٹر اور راجستھان میں کیا گیا۔ آج کے پروگراموں کے ساتھ، 26 اکتوبر 2026 سے 5 نومبر 2026 تک جاری اس مہم کے تحت اب تک 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مجموعی طور پر 411 یوا سمواد پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں، جن میں 77,500 نوجوانوں اور 411 یوتھ آئیکونز نے شرکت کی ہے۔

دہلی میں مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال نے مہرولی علاقے میں منعقدہ ایک یوا سمواد پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے طلبہ سے تبادلۂ خیال کیا اور انتخابی عمل سے متعلق ان کے سوالات کے جوابات دیے۔ ہریانہ میں بھیوانی کے رکن پارلیمنٹ چودھری دھرمبیر سنگھ نے نوجوان شرکاء سے بات چیت کی اور ووٹنگ اور انتخابی بیداری سے متعلق اپنے خیالات ان کے ساتھ شیئر کیے۔ پنجاب میں مائی بھارت نے لدھیانہ  سی ٹی یونیورسٹی کے اشتراک سے اور ترن تارن کے گرو ارجن دیو کالج میں پروگرام منعقد کیے۔

آسام میں ارکانِ پارلیمنٹ پردان باروا اور رنجیت دتہ نے بالترتیب دھیمہ جی اور تیزپور (سونت پور) میں نوجوان شرکاء سے تبادلۂ خیال کیا۔ ان مباحثوں کے دوران طلبہ کو سوالات اٹھانے، وضاحت حاصل کرنے اور ووٹر بیداری اور جمہوری عمل میں شرکت سے متعلق رہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملا۔چھتیس گڑھ میں مائی بھارت نے دھمتری اور کواڑدھا میں یوا سمواد پروگرام منعقد کیے۔ دھمتری میں رکن پارلیمنٹ روپ کماری چودھری نے طلبہ کے سوالات کے جوابات دیے، جب کہ یوتھ آئیکون گلاب سنگھ ورما نے ’آپ کا ووٹ، آپ کی آواز‘ کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن کے ذریعے ووٹ دینے کے حقوق اور شہری ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔ کواڑدھا میں رکن پارلیمنٹ نے نوجوانوں سے تبادلۂ خیال کیا اور یوتھ آئیکون ادیتی مشرا نے انہیں باخبر شہری بننے کی ترغیب دی۔ شرکاء نے شہری ہونے کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا عہد بھی کیا۔

بہار کے بھاگلپور میں منعقدہ پروگرام میں ووٹر کے طور پر اندراج، انتخابی طریقۂ کار اور آزادانہ و اخلاقی انداز میں ووٹ دینے کی اہمیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ان مباحثوں میں پہلی مرتبہ ووٹ دینے والے نوجوانوں کو بھی جمہوری عمل میں ذمہ داری کے ساتھ حصہ لینے اور کسی لالچ یا ناجائز دباؤ کے بغیر اپنی پسند کے مطابق ووٹ دینے کی ترغیب دی گئی۔

مدھیہ پردیش میں انوپ پور، دموہ، جھابوا، کھرگون (مغربی نمار) اور منڈلا میں یوا سمواد پروگرام منعقد کیے گئے۔ ان پروگراموں میں مائی بھارت کی سرگرمیوں کا تعارف، ’اپنے ووٹ کو جانیے‘ کے موضوع پر پیشکشیں، نوجوان شرکاء کے ساتھ تبادلۂ خیال اور اجتماعی طور پر جمہوری اقدار کے تحفظ کا عہد شامل تھا۔ منڈلا میں منعقدہ اجلاس میں نوجوانوں کے خیالات، منتخب نمائندوں کے ساتھ بات چیت اور کھیلوں سے متعلق تجربات کو بھی یکجا کیا گیا، جس سے جمہوری اقدار اور قوم کی تعمیر کی اہمیت ایک بار پھر اجاگر ہوئی۔

اس ملک گیر مہم کے ذریعے جمہوری عمل میں شرکت سے متعلق مباحثوں کو کالجوں اور تعلیمی اداروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اس کے تحت نوجوانوں کو عوامی نمائندوں کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے، تاکہ وہ باخبر شہریوں کی حیثیت سے اپنے کردار پر گفتگو کر سکیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔رک)

U. No.7256


(ریلیز آئی ڈی: 2332860) وزیٹر کاؤنٹر : 7