وزارتِ تعلیم
azadi ka amrit mahotsav

وارانسی کی بنارس ہندو یونیورسٹی میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کاشی تمل سنگمم 5.0 کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا


کاشی تمل سنگمم 5.0، 28 نومبر سے 12 دسمبر 2026 تک ’تروکّرَل پَیلووم – تروکّرَل اَبھیاس کریں‘ کے موضوع پر  منعقدہوگا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 04 NOV 2026 8:06PM by PIB Delhi

کاشی تمل سنگمم 5.0 (کے ٹی ایس 5.0) کے لیے تیاریوں اور مختلف اداروں کے درمیان تال میل کا جائزہ لینے کی غرض سے 3 نومبر 2026 کو وارانسی کی بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت محکمۂ اعلیٰ تعلیم کی سکریٹری محترمہ دیپتی گور مکھرجی نے کی۔

بنارس ہندو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اجیت کمار چترویدی، حکومت اتر پردیش کے ایڈیشنل چیف سکریٹری (اعلیٰ تعلیم) جناب امیت کمار گھوش، مرکزی وزارتِ تعلیم، ریاستی حکومت، ضلع انتظامیہ، بنارس ہندو یونیورسٹی اور بھارتی ریلوے کے سینئر افسران کے علاوہ دیگر اہم متعلقہ فریقوں نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بین محکمہ جاتی اور ضلعی سطح پر انتظامی تال میل، آئی آر سی ٹی سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ذریعے خصوصی ریل گاڑیوں کی آمد و رفت کے انتظامات اور دیگر ضروری سہولیات، بنیادی ڈھانچے سے متعلق سہولیات، نمائشوں، سیر و تفریح کے پروگراموں اور کاشی تمل سنگمم 5.0 کے تحت منعقد کیے جانے والے ثقافتی پروگراموں سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزارت کے سینئر افسران نے انتظامی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے نمو گھاٹ سمیت مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا۔

کاشی تمل سنگمم کے پانچویں ایڈیشن کا انعقاد 28 نومبر سے 12 دسمبر 2026 تک ’تروکّرَل پَیلووم – تروکّرَل اَبھیاس کریں‘ کے موضوع پر کیا جائے گا۔ کاشی تمل سنگمم 5.0 کا مقصد قدیم تمل تصنیف تروکّرَل کی لازوال اخلاقی اور اقدارکی تعلیمات کو ملک بھر کے نوجوانوں اور طلبہ تک پہنچانا ہے۔

اس پروگرام کے تحت تمل ناڈو سے تقریباً 1400 شرکاء، جنہیں تقریباً 200 افراد پر مشتمل سات گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، آٹھ روزہ سفر کریں گے۔ اس سفر میں چار دن آمد و رفت اور چار دن دوروں اور طے شدہ پروگراموں کے لیے مختص ہوں گے۔ اس دوران وارانسی، پریاگ راج اور ایودھیا کا دورہ کیا جائے گا، جہاں ثقافتی، تعلیمی، متعلقہ شعبوں اور روحانی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ کاشی تمل سنگمم 5.0 کے دوران تمل ناڈو کے 50 اساتذہ بھی اتر پردیش کا دورہ کریں گے اور اسکولوں اور کالجوں میں تروکّرَل کی تعلیم دیں گے۔

کاشی تمل سنگمم 5.0 کے ویب پورٹل اور مندوبین کے اندراج کے عمل کا افتتاح 22 اکتوبر 2026 کو مرکزی وزیر تعلیم جناب پرلہاد جوشی نے کیا تھا۔

 

طلبہ میں تروکّرَل کی تعلیمات کے بارے میں وسیع تر فہم وفراست  کو فروغ دینے کے لیے ملک بھر کے ایک ہزار اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ذریعے طلبہ کی شمولیت کا ایک ملک گیر پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا۔ اس پہل کے تحت مختلف تعلیمی شعبوں اور لسانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے تروکّرَل کی تعلیمات اور اقدار کو وسیع پیمانے پر عام کرنے کی غرض سے منظم مطالعے، تحقیق اور تعلیمی اداروں میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی تفصیلات www.kts.cict.in  پر دستیاب ہیں۔

کلاسیکی تمل کا مرکزی ادارہ (سی آئی سی ٹی)، چنئی، ڈیجیٹل ذرائع سے تشہیر، اشاعتوں اور ادارہ جاتی سرگرمیوں کی قیادت کر رہا ہے، جبکہ آئی آئی ٹی مدراس اور بنارس ہندو یونیورسٹی بالترتیب تمل ناڈو اور کاشی کے لیے رابطہ کاری کے مرکزی اداروں کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔  م م ع۔ع ن)

U. No. 7250


(ریلیز آئی ڈی: 2332854) وزیٹر کاؤنٹر : 5