پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 NOV 2026 2:15PM by PIB Delhi
صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے ادویوات سے متعلق ضوابط، 1945 کے شیڈول ایم میں ترمیم کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ تجویز 28 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ جی ایس آر نمبر 953 (ای) کے ذریعے پیش کی گئی ہے، جس کا مقصد جراثیم سے پاک ادویہ جاتی مصنوعات کی تیاری کے سلسلے میں عمدہ پیداواری طریقوں (جی ایم پی) سے متعلق عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی تکنیکی رپورٹ سیریز نمبر 1044 کے ضمیمہ 2 کے مطابق گریڈ اے کے صاف ستھرے علاقوں میں جرثومی آلودگی کی مقررہ حدود پر نظرثانی کرنا ہے۔
مجوزہ ترمیم کا مقصد شیڈول ایم کے تحت جراثیم سے ہونے والی آلودگی کی مقررہ حدود اور گریڈ اے کے علاقوں کے لیے عالمی ادارۂ صحت کے متعلقہ تقاضوں کے درمیان موجودہ فرق کو دور کرنا ہے، تاکہ بھارت کے ضابطہ جاتی التزامات کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معیارات کے مطابق بنایا جا سکے۔
گریڈ اے میں جراثیم سے پاک ادویہ سازی کے اہم ترین حصے شامل ہوتے ہیں، جہاں کھلی ادویہ جاتی مصنوعات، کنٹینرز اور جراثیم سے پاک کیے گئے اجزا کو سنبھالا جاتا ہے۔ ان علاقوں میں جراثیم سے ہونے والی آلودگی پر سختی سے قابو رکھنا، جراثیم سے پاک ادویہ جاتی مصنوعات کے معیار اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
مجوزہ ترمیم کے ذریعے نظرثانی شدہ شیڈول ایم کو عالمی ادارۂ صحت کے رہنما اصولوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا اور ملک میں جراثیم سے پاک ادویہ سازی کے عمل کو منضبط کرنے والے ضابطہ جاتی نظام کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، عالمی ادارۂ صحت کی ہدایات کے مطابق گریڈ اے کے علاقوں میں جرثومی افزائش کے کسی بھی معاملے کا پتہ چلنے کو تحقیقات شروع کرنے کی بنیاد قرار دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
مجوزہ ترمیم ادویہ سازی کے عمل میں معیار کے ضوابط کو مستحکم بنانے، ملکی ضابطہ جاتی تقاضوں کو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنے اور ادویہ جاتی مصنوعات کے معیار اور تحفظ کو یقینی بنانے کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
تمام متعلقہ فریقوں اور عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مجوزہ ترمیم کے سلسلے میں اپنے اعتراضات یا تجاویز، حکومت ہند کی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے انڈر سکریٹری (ضابطۂ ادویات) کو درج ذیل پتے پر ارسال کریں یا ای میل کے ذریعے اپنی آرا پیش کریں:
انڈر سکریٹری (ضابطۂ ادویات)، وزارت صحت و خاندانی بہبود، حکومت ہند،یو-6، ورک ہال، سی ونگ، پہلی منزل،کرتویہ بھون-1، نئی دہلی–110001۔ای میل: drugsdiv-mohfw[at]gov[dot]in.
سرکاری گزٹ درج ذیل لنک کے ذریعے ملاحظہ کیا جا سکتا ہے:
https://egazette.gov.in/(S(vgjbg1v51kl1b3qx5voh12qg))/ViewPDF.aspx
****
ش ح۔ک ح۔ اش ق
U. No-7203