امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت، غیر ملکی شہریوں کے انتظام کے لیے غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر   (  ایف آر آر اوز )  کے دائرۂ کار میں توسیع کرکے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنا رہی ہے


مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے   سال 2027 ء  تک تمام ریاستی  راجدھانیوں میں غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر  (  ایف آر آر اوز ) قائم کرنے کی ہدایت دی ہے

ملک میں غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر کی تعداد بڑھ کر اب 20 ہوگئی ہے

 جے پور، چنڈی گڑھ، گواہاٹی، آئیزول اور امراوتی میں پانچ نئے غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر قائم کیے گئے ہیں، جب کہ کوہیما، اگرتلہ اور بھوبنیشور میں تین نئے دفاتر کو نوٹیفائی کیا گیا ہے

ان دفاتر کا مقصد سیاحت، علاج اور تعلیم کے لیے بھارت آنے والے غیر ملکی شہریوں کو خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے

ای  - ایف آر آر او کے ذریعے  35  آن لائن خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں رجسٹریشن، ویزا کی مدت میں توسیع، ویزا کی قسم میں تبدیلی اور امیگریشن سے متعلق دیگر مجاز خدمات شامل ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 NOV 2026 4:17PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت، غیر ملکی شہریوں کے انتظام و انصرام کے لیے غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر  (  ایف آر آر اوز)  کے دائرۂ کار میں توسیع کرکے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنا رہی ہے۔

سیاحت، علاج اور تعلیم کے مقاصد سے بھارت آنے والے غیر ملکی شہریوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر تمام ریاستوں میں غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر قائم کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ اس سے خدمات تک آسان رسائی  کو یقینی بنانے، ضابطوں کی تعمیل کو بہتر  کرنے اور بھارت کو ایک پُرکشش  مقام کے طور پر فروغ دینے میں مدد  حاصل ہو گی۔ اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے  ، داخلہ اور  امدادِ باہمی   کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے  2027 ء  تک تمام ریاستی  راجدھانیوں میں غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ کی مذکورہ ہدایات کے تحت  2025  ء سے اب تک پانچ ریاستوں کی راجدھانیوں میں پانچ نئے غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر قائم کیے گئے ہیں۔ سال  2025  ء میں جے پور، چنڈی گڑھ اور گواہاٹی میں تین نئے دفاتر قائم کیے گئے تھے۔ اس سے پہلے یہ شہر بالترتیب دلّی، امرتسر اور کولکاتہ  میں واقع غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر کے دائرۂ اختیار میں آتے تھے۔

اس سال ریاستی  راجدھانیوں ، یعنی آئیزول   ( میزورم )  اور   امراوتی  (  آندھرا پردیش )  میں دو نئے غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر قائم کیے گئے ہیں۔ اس سے پہلے آئیزول، کولکاتہ کے غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفتر کے دائرۂ اختیار میں تھا، جب کہ امراوتی  ، حیدرآباد کے دفتر کے دائرۂ اختیار میں آتا تھا۔ حال ہی میں کوہیما  (  ناگا لینڈ )  ، اگرتلہ  (  تری پورہ )  اور بھوبنیشور  (  اوڈیشہ )  میں تین نئے غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر کو نوٹیفائی کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے کوہیما اور اگرتلہ، کولکاتہ  کے دفتر کے دائرۂ اختیار میں تھے، جب کہ بھوبنیشور  ، حیدرآباد کے دفتر کے دائرۂ اختیار میں آتا تھا۔

بھارت میں غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر  (  ایف آر آر اوز )  کی مجموعی تعداد بڑھ کر  اب   20  ہوگئی ہے۔ یہ دفاتر احمد آباد، امراوتی، امرتسر، آئیزول، اگرتلہ، بنگلورو، بھوبنیشور، کالی کٹ، چنئی، کوچی، چنڈی گڑھ، دلّی، گواہاٹی، حیدر آباد، کولکاتہ ، کوہیما، کوژیکوڈ، لکھنؤ، ممبئی اور ترووننت پورم میں واقع ہیں۔

حکومتِ ہند باقی ماندہ ریاستوں، یعنی بہار، گوا، ہماچل پردیش، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، اتراکھنڈ، اروناچل پردیش، منی پور اور میگھالیہ میں بھی غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سے بھارت آنے والے غیر ملکی شہریوں کو ویزا کی مدت میں توسیع، ویزا کی قسم میں تبدیلی، امیگریشن سے متعلق ضابطوں کی تعمیل اور قانونی تحفظ جیسی مختلف قونصلر خدمات حاصل کرنے میں سہولت  حاصل ہوگی۔ ان دفاتر کے دائرۂ کار میں توسیع سے مقامی سطح پر ادارہ جاتی صلاحیت مضبوط ہوگی، ریاستی حکام کے ساتھ تال میل بہتر ہوگا، قانونی طور پر بھارت آنے والے غیر ملکی شہریوں کو سہولت ملے گی اور امیگریشن قوانین نیز قومی سلامتی کے تقاضوں پر مؤثر عمل درآمد کو تقویت حاصل ہوگی۔

غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفاتر  (  ایف آر آر اوز )  کے دائرۂ کار میں توسیع کے دو اہم مقاصد ہیں۔ پہلا، غیر ملکی شہریوں کے بھارت میں قانونی سفر اور قیام کو آسان بنانا اور دوسرا، امیگریشن قوانین اور سلامتی سے متعلق تقاضوں پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانا۔ امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ  ، 2025  کے تحت امیگریشن اور غیر ملکی شہریوں سے متعلق پہلے کے چار قوانین کو یکجا کرکے ایک متحد قانونی ڈھانچہ فراہم کیا گیا ہے۔ یہ قانون غیر ملکی شہریوں کی آمد، قیام، نقل و حرکت اور روانگی کو منضبط کرتا ہے۔ اس قانون کے مطابق امیگریشن کا بنیادی کام انجام دینے والے بیورو آف امیگریشن کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن افسر  (  ایف آر آر او )  کی معاونت بھی حاصل ہوگی، جسے حکومتِ ہند کی مرکزی حکومت کی جانب سے مجاز قرار دیا گیا ہو۔

غیر ملکی علاقائی رجسٹریشن دفتر  ، بھارت آنے یا یہاں مقیم غیر ملکی شہریوں کے قانونی قیام کو منضبط کرنے، اس کا ریکارڈ رکھنے اور اسے آسان بنانے کا کام انجام دیتا ہے۔ یہ اہل زمرے کے غیر ملکی شہریوں کی بھارت آمد کے بعد رجسٹریشن کرتا ہے اور رجسٹریشن کے بعد انہیں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ  (  آر سی )  یا رہائشی اجازت نامہ جاری کرتا ہے۔ اس کے علاوہ  ، یہ غیر ملکی شہریوں کی تفصیلات میں ہونے والی تبدیلیوں، مثلاً رہائشی پتے، پاسپورٹ کی معلومات یا ملک کے اندر سفر کے منصوبوں کو بھی اپنے ریکارڈ میں درج کرتا ہے اور محفوظ و ممنوعہ علاقوں میں جانے کی اجازت دیتا ہے۔ جن غیر ملکی شہریوں کے ویزا کی مدت ختم ہوچکی ہو، جو مقررہ مدت سے زیادہ قیام کرچکے ہوں یا جنہیں بھارت سے روانگی سے قبل باضابطہ منظوری درکار ہو، انہیں روانگی کا اجازت نامہ بھی جاری کیا جاتا ہے۔ مجموعی طور پر ایف آر آر او بھارتی امیگریشن قوانین کی تعمیل پر نظر رکھتا ہے، مقررہ مدت سے زیادہ قیام اور ویزا قوانین کی خلاف ورزی کے معاملات سے نمٹتا ہے اور ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی یا جرمانے کے سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ تال میل قائم کرتا ہے۔

***

 ( ش ح ۔   ض ر   ۔ ع ا )

U.No. 7098


(ریلیز آئی ڈی: 2331667) وزیٹر کاؤنٹر : 11