وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم 2 نومبر کو بھارت قابلِ تجدید توانائی سربراہی اجلاس اور نمائش 2026 کا افتتاح کریں گے


سربراہی اجلاس کا موضوع: ”سرمایہ کاری کریں، اختراع کریں، ترغیب دیں“

سربراہی اجلاس میں 130 سے زائد ممالک، 9 شراکت دار ممالک اور 40 وزراء کی شرکت متوقع

تیرہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے قابل تجدید توانائی کے امکانات اور سرمایہ کاری کے مواقع کو پیش کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 NOV 2026 5:43PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 2 نومبر کو شام تقریباً 4:30 بجے نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں بھارت قابل تجدید توانائی سربراہی اجلاس اور نمائش 2026 کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

یہ چار روزہ سربراہی اجلاس 2 سے 5 نومبر 2026 تک منعقد ہوگا۔ اجلاس کا موضوع ”سرمایہ کاری کریں، اختراع کریں، ترغیب دیں“ ہے۔

بھارت آر ای 2026 میں 130 سے زائد ممالک کے شرکت کنندگان شرکت کریں گے، جن میں 40 سے زیادہ وزراء کے علاوہ پالیسی ساز، سرمایہ کار، مالیاتی ادارے اور صنعت کے سرکردہ رہنما شامل ہوں گے۔ یہ صاف توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری، صنعتی اشتراک اور ٹیکنالوجی کی شراکت داری کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ آسٹریلیا، ڈنمارک، یوروپی یونین، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز، ناروے، سویڈن اور برطانیہ شراکت دار ممالک کی حیثیت سے اس میں شرکت کریں گے۔

تیرہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے، یعنی آندھرا پردیش، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، دہلی، گجرات، کرناٹک، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، اڈیشہ، راجستھان، اتر پردیش اور مغربی بنگال، قابلِ تجدید توانائی کے اپنے امکانات، سرمایہ کاری کے مواقع اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو پیش کریں گے۔

یہ سربراہی اجلاس بین الاقوامی شمسی اتحاد کی اسمبلی کے نویں اجلاس اور گرین ہائیڈروجن سے متعلق چوتھی بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی جی ایچ) کے ساتھ منعقد ہوگا۔ جہاں بھارت آر ای صاف توانائی کے پورے شعبے میں سرمایہ کاری، صنعت اور ٹیکنالوجی کی شراکت داری پر توجہ مرکوز کرے گا، وہیں آئی ایس اے اسمبلی مالیات اور ادارہ جاتی صلاحیت سمیت شمسی توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو آگے بڑھائے گی۔ آئی سی جی ایچ میں گرین ہائیڈروجن ٹیکنالوجیز، سرمایہ کاری اور ان کے وسیع پیمانے پر استعمال کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ یہ تینوں پلیٹ فارم مل کر بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے اور صاف توانائی کے فروغ کی رفتار تیز کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کے لیے ہندوستان کے اہم سربراہی اجلاس آر ای-انویسٹ کی کامیاب روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے، بھارت آر ای 2026 صاف توانائی کے شعبے میں عالمی سطح پر اشتراک و تعاون کے لیے ایک وسیع تر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ اس سربراہی اجلاس میں مکمل اجلاس، وزارتی سطح کے مباحثے، چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای او) کی گول میز کانفرنسیں اور ملکی و ریاستی سطح کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ سرمایہ کاری، شراکت داری اور منصوبوں کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے کاروبار سے کاروبار (B2B)، کاروبار سے حکومت (B2G) اور حکومت سے حکومت (G2G) کے درمیان تبادلہ خیال کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

نمائش میں 400 سے زائد نمائش کنندگان شرکت کریں گے، جو جدید ترین ٹیکنالوجیز، ہندوستان کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں اور صاف توانائی کے حل پیش کریں گے۔ ان میں شمسی اور ہوا سے بجلی کی پیداوار، گرین ہائیڈروجن، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں سے متعلق ٹیکنالوجیز اور حل شامل ہوں گے۔

                                               **************

 

ش ح۔ ف ش ع

01-11-2026

                                                                                                                                    U: 7056


(ریلیز آئی ڈی: 2331295) وزیٹر کاؤنٹر : 10