نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

 نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے اُپ راشٹرپتی بھون میں ’سردار کتھا‘ میں شرکت کی، راشٹریہ ایکتا دیوس پر سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا


نوجوانوں سے سردار پٹیل کے اتحاد، نظم و ضبط اور ملک کی تعمیر کے نظریات سے تحریک لینے کی اپیل؛ کہا کہ وکست بھارت @2047 کی جانب ہندوستان کے سفر کو بلند تر عزائم اور اجتماعی عزم سے رہنمائی ملنی چاہیے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 OCT 2026 6:07PM by PIB Delhi

   نائب صدر جمہوریہ  ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج اُپ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ’سردار کتھا‘ میں شرکت کی۔ یہ پروگرام سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 151ویں یوم پیدائش اور راشٹریہ ایکتا دیوس کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا۔ پروگرام میں معروف کتھا واچک ڈاکٹر شوبھنا رادھا کرشنن نے سردار پٹیل کی زندگی، نظریات اور ملک کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے متاثر کن کتھا پیش کی۔

خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے راشٹریہ ایکتا دیوس کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سردار پٹیل کی داستان صرف ہندوستان کے عظیم ترین رہنماؤں میں سے ایک کی داستان نہیں، بلکہ یہ ہندوستان کے اتحاد، حوصلے اور ملک کی تعمیر کی داستان بھی ہے۔

ہندوستان کے سیاسی انضمام میں سردار پٹیل کی غیر معمولی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ آزادی کے وقت ملک کو بڑے چیلنجوں کا سامنا تھا۔ تقسیم ہند نے غیر یقینی صورتحال پیدا کردی تھی اور 550 سے زائد شاہی ریاستوں کو ہندوستانی یونین میں ضم کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔ سردار پٹیل نے اپنے عزم، قائل کرنے کی صلاحیت، انتظامی قابلیت اور سیاسی بصیرت کے ذریعے یہ تاریخی کام انجام دیا اور متحد ہندوستان کے وژن کو عملی شکل دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک سردار پٹیل کی اس غیر معمولی خدمت کے لیے ہمیشہ ان کا شکر گزار رہے گا۔

نائب صدر نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں سردار پٹیل کی پیش کردہ اتحاد کی روح کو ’وکست بھارت @2047‘ کے قومی مشن میں بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1947 سے اب تک ہندوستان کا سفر حوصلے، عزم اور اجتماعی ارادے کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ 2047 تک کا سفر اس سے بھی زیادہ بلند عزائم، امنگوں اور عزم سے عبارت ہونا چاہیے۔

سردار پٹیل کے نظریات کی مسلسل اہمیت پر زور دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ سچائی، سادگی، حوصلہ، نظم و ضبط اور ہر فرد کی خدمت وہ اقدار ہیں جنہیں ملک کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سردار پٹیل کی زندگی سے تحریک لیں اور اپنی بے پناہ توانائی، صلاحیت اور استعداد کو ملک کی تعمیری سرگرمیوں کے لیے بروئے کار لائیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر جناب سی پی رادھا کرشنن نے ڈاکٹر شوبھنا رادھا کرشنن اور ان کی ٹیم کی ستائش کی کہ انہوں نے کتھا کی لازوال روایت کے ذریعے سردار پٹیل کی زندگی اور ورثے کو سامعین کے مزید قریب پہنچایا۔ انہوں نے کہا، ’’سردار پٹیل نے ہمیں متحد ہندوستان دیا۔ اسے متحد، مضبوط اور انصاف پسند رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ بھارت ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا!‘‘

پروگرام میں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر جناب ترنجیت سنگھ سندھو اور دیگر ممتاز مہمانوں نے شرکت کی۔

اس سے قبل دن میں نائب صدر جمہوریہ نے نئی دہلی کے سردار پٹیل چوک اور اُپ راشٹریہ پتی  بھون میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کو گلہائے عقیدت پیش کیے۔

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 7021 )


(ریلیز آئی ڈی: 2330992) وزیٹر کاؤنٹر : 6