پوسٹ کرنے کی تاریخ:
31 OCT 2026 12:42PM by PIB Delhi
قومی یومِ اتحاد (راشٹریہ ایکتا دیوس) 2026 کے موقع پر، سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 151ویں یومِ پیدائش کی یاد میں، وزارتِ آیوش ’یوگا برائے اتحاد‘ کا پیغام عام کر رہی ہے۔ اس کے ذریعے قومی یکجہتی، سماجی ہم آہنگی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے فروغ میں یوگا کے کردار کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
یوگا 365 پہل سے مربوط اس اقدام کا مقصد شہریوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں یوگا کو لازمی حصہ بنانے کی ترغیب دینا ہے، تاکہ باہمی اتحاد اور صحت و تندرستی کے تئیں مشترکہ ذمہ داری کے جذبے کو بھی تقویت ملے۔ وزارت ملک بھر میں اپنے یوگا اور قدرتی طریقۂ علاج کے اداروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے کہ وہ ایسی سرگرمیاں انجام دیں جن کے ذریعے ’یوگا برائے اتحاد‘ کا پیغام عوام تک پہنچے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو فروغ حاصل ہو۔
مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے آیوش اور وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود، جناب پرتاپ راؤ جادھو نے کہا: ’’سردار ولبھ بھائی پٹیل نے اپنے تصور اور عزم کے ذریعے ملک کو متحد کیا۔ قومی یومِ اتحاد کے موقع پر ہمیں اجتماعی کوششوں کے ذریعے ان کے اتحاد کے پیغام کو آگے بڑھانا چاہیے۔ یوگا عمر، علاقے اور پس منظر کے اختلافات سے بالاتر ہوکر لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے اور جسمانی و ذہنی صحت کو فروغ دیتا ہے۔ ’یوگا برائے اتحاد‘ اور ’یوگا 365‘ کے ذریعے ہم ہر شہری کو روزانہ یوگا اپنانے اور ایک صحت مند و متحد ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔‘‘
وزارتِ آیوش کے سکریٹری، ویدیہ راجیش کوٹیچا نے کہا، ’’یوگا جسمانی و ذہنی صحت کو بہتر بنانے کا ایک آسان اور قابلِ رسائی ذریعہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ افراد اور برادریوں کے درمیان باہمی ربط و تعلق کے احساس کو بھی فروغ دیتا ہے۔ ’یوگا 365‘ پہل لوگوں کو پورے سال یوگا کرنے کی ترغیب دیتی ہے، تاکہ احتیاطی طبی نگہداشت روزمرہ زندگی کا حصہ بن سکے۔ ’یوگا برائے اتحاد‘ کے ذریعے ہمارا مقصد اس پیغام کو مزید مستحکم کرنا اور صحت، ہم آہنگی اور اجتماعی فلاح و بہبود کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے برادریوں کی وسیع تر شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔‘‘
یہ مہم اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ یوگا کسی مخصوص دن یا موقع تک محدود نہیں ہے، بلکہ اسے روزمرہ کی مستقل مشق کے طور پر اپنایا جا سکتا ہے، جو انفرادی صحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سماجی روابط کو بھی مضبوط بناتا ہے۔ اجتماعی یوگا نشستوں اور عوامی شرکت کے ذریعے قومی اتحاد کے جذبے کو احتیاطی طبی نگہداشت اور صحت مند طرزِ زندگی سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔
اس پہل کے تحت وزارت کے ماتحت یوگا اور قدرتی طریقۂ علاج کے اداروں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے کہ وہ یوگا کی باقاعدہ مشق، اجتماعی شرکت اور اس کے فوائد کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے سرگرمیوں کا انعقاد کریں۔ اس مہم میں ’یوگا 365‘ کو بھی ایک ایسی پہل کے طور پر اجاگر کیا جائے گا، جس کا مقصد سال بھر یوگا کے تئیں عوامی دلچسپی اور وابستگی کو برقرار رکھنا اور اسے یادگاری تقریبات سے آگے وسیع تر عوام تک پہنچانا ہے۔
’یوگا برائے اتحاد‘ کے ذریعے وزارتِ آیوش صحت مند طرزِ زندگی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے یوگا کو ایک آسان اور قابلِ رسائی مشق کے طور پر فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سردار ولبھ بھائی پٹیل کے تصور کے مطابق قومی یکجہتی اور اتحاد کے جذبے کو آگے بڑھانے کی کوشش بھی جاری رکھتی ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7000