پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2026 12:45PM by PIB Delhi
ہندوستان، بیلجیم اور لکسمبرگ اقتصادی اتحاد (بی ایل ای یو) کے مشترکہ اقتصادی کمیشن (جے ای سی) کا 19واں اجلاس 29 اکتوبر 2026 کو لکسمبرگ میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ہندوستان، بیلجیم اور لکسمبرگ کو باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کا جائزہ لینے اور اہم شعبوں میں اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کرنے کا موقع فراہم ہوا۔
مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کی مشترکہ صدارت حکومتِ ہند کے کامرس سکریٹری جناب راجیش اگروال، بیلجیم کی وفاقی وزارتِ خارجہ، بیرونی تجارت اور ترقیاتی تعاون کے شعبے کے جغرافیائی اقتصادی امور اور اقتصادی سفارت کاری کے ڈائریکٹر جنرل عزت مآب جناب فلپ وینڈن بلک اور لکسمبرگ کی وزارتِ خارجہ و یورپی امور، دفاع، ترقیاتی تعاون اور بیرونی تجارت کے سکریٹری جنرل عزت مآب جناب ہنری شوماخر نے کی۔
19ویں اجلاس میں ہندوستان، بیلجیم اور لکسمبرگ کے درمیان موجودہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے، تجارت و سرمایہ کاری کے بہاؤ کو آسان بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مذاکرات میں ترجیحی شعبوں کی ایک وسیع رینج کا احاطہ کیا گیا، جن میں رسدی خدمات، بالخصوص فضائی رابطوں اور بندرگاہوں، قابلِ تجدید توانائی اور صاف ستھری ٹیکنالوجی، مالیاتی خدمات اور مالیاتی ٹیکنالوجی، رقمی تبدیلی اور اطلاعات و مواصلات کی ٹیکنالوجی، صحت کی دیکھ بھال اور حیاتیاتی علوم، آیوروید اور روایتی طریقۂ علاج نیز زرعی اور غذائی مصنوعات کی ڈبہ بندی و تیاری کی صنعت شامل ہیں۔
اجلاس میں ہوابازی و خلائی ٹیکنالوجی، تحقیق و اختراع، اعلیٰ تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تجارت سے متعلق مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، تاکہ تجارتی خدشات کا ازالہ کیا جا سکے، منڈیوں تک رسائی آسان بنائی جا سکے اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے مواقع کی نشاندہی کی جا سکے۔
مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس نے تینوں فریقوں کو اپنی اقتصادی ترجیحات پر خیالات کا تبادلہ کرنے، مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لینے اور کاروباری روابط و سرمایہ کاری کی شراکت داریوں کو فروغ دینے کے امکانات تلاش کرنے کا موقع فراہم کیا۔ مذاکرات کے دوران ہندوستان، بیلجیم اور لکسمبرگ کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل مذاکرات اور باہمی تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔
مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے بعد کامرس سکریٹری جناب راجیش اگروال نے کاروباری ملاقات کے دوران لکسمبرگ میں قائم کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران سے تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے ہندوستان کی مضبوط اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے مالیاتی خدمات، جدید مینوفیکچرنگ، رسدی خدمات، صاف توانائی، رقمی ٹیکنالوجی، صحت کی دیکھ بھال اور تحقیق و اختراع کے شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے لکسمبرگ کی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ طویل مدتی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری اور ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کے امکانات کا جائزہ لیں، تاکہ عالمی رسدی زنجیروں میں مؤثر طور پر شامل ہو کر اپنی خدمات فراہم کر سکیں۔
******
ش ح۔ ع و۔ش ت
U-No-6947