ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مدھیہ پردیش میں آتشیں اسلحے کے چھرّوں سے زخمی ہونے کے باعث چیتے کی موت کی تحقیقات کے لیے مرکزی حکومت  کی اعلیٰ سطحی مرکزی ٹیم تعینات

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 OCT 2026 7:52AM by PIB Delhi

حکومت ہندوستان نے مدھیہ پردیش کے کونو نیشنل پارک کے 19 ماہ کے نر چیتے(کے این جی22) کی آتشیں اسلحے کے چھرّوں سے زخمی ہونے کے باعث موت کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ معاملہ کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے واقعہ کی موقع پر جا کر تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ٹیم تعینات کی ہے۔ پروجیکٹ چیتا کی غیر معمولی اہمیت اور دوبارہ متعارف کرائی گئی چیتوں کی آبادی کے تحفظ کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنانے کی ضرورت کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے۔

مرکزی ٹیم میں نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی(این ٹی سی اے) کے انسپکٹر جنرل آف فاریسٹ، وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو(ڈبلیو سی سی بی) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اور ڈبلیو سی سی بی کے ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر شامل ہیں۔ ٹیم کو چیتے کی موت کے اسباب اور حالات کی جامع تحقیقات کرنے، دستیاب تمام شواہد کا جائزہ لینے اور اس معاملہ میں فوری اور سخت کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے مدھیہ پردیش کے محکمۂ جنگلات کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

خیال رہے،چیتا، جو چیتا نروَا کی اولاد تھا، 25 اکتوبر 2026 کو کونو نیشنل پارک کے محفوظ علاقے سے باہر ضلع مرینہ کے علاقائی جنگلات میں زخمی حالت میں پایا گیا۔ مدھیہ پردیش کے محکمۂ جنگلات کے مطابق، اسے اسی روز شیوپور کے علاقائی جنگلاتی ڈویژن سے بچا کر نکالا گیا اور جبل پور میں قائم ویٹرنری مرکز میں انتہائی نگہداشت اور ہنگامی سرجری فراہم کی گئی۔ آپریشن کے دوران اس کے جسم سے آتشیں اسلحے کے پانچ چھرّے نکالے گئے۔ طبی مداخلت کے باوجود چیتا 27 اکتوبر 2026 کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ طبی معائنہ میں بھی برآمد ہونے والے چھرّوں سے متعلق متعدد اندرونی زخموں کی تصدیق ہوئی۔

ریاستی حکومت اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے پہلے ہی محکمۂ جنگلات اور پولیس کے افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹاسک فورس(ایس ٹی ایف) تشکیل دے چکی ہے۔ وزارت ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی(ایم او ای ایف سی سی) کی جانب سے تعینات مرکزی ٹیم ریاستی حکام کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ ٹیم سکیورٹی پروٹوکول پر عمل درآمد اور نگرانی و تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لے گی، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔ مرکزی ٹیم اپنی تحقیقات کے نتائج اور سفارشات وزارت کو پیش کرے گی، جس کی بنیاد پر ریاستی حکومت اور متعلقہ فیلڈ حکام کو مزید ہدایات جاری کی جائیں گی۔

*****

ش ح-ظ الف- ع ن

UR No. 6798


(ریلیز آئی ڈی: 2329293) وزیٹر کاؤنٹر : 14
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati , Telugu , Kannada