پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 OCT 2026 4:21PM by PIB Delhi
وزیرِ دفاع جناب راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں 26 اکتوبر 2026 کو دفاعی آلات کی خرید سے متعلق کونسل (ڈی اے سی)نے دفاعی افواج کے لیے مختلف سرمایہ جاتی حصولیابی کی تجاویز کو ضرورت کی منظوری(اے او این)یعنی اصولی انتظامی منظوری فراہم کی۔ ان تجاویز کی تخمینہ لاگت تقریباً 2,12,000 کروڑ روپے ہے۔ بھارتی فوج کے لئے جن آلات کی خریداری کو منظوری دی گئی ہے، ان میں ہائی موبلٹی وہیکل (ایچ ایم وی)، سیلف پروپیلڈ ٹریکڈ گن سسٹم، گن شاٹ رسپانس سسٹم (جی ایس آر ایس)، لائٹ ملٹی رول ہیلی کاپٹر (ایل ایم آر ایچ) ، ویری شارٹ رینج ایئر ڈیفنس سسٹم (وی ایس ایچ او آر اے ڈی ایس) ، پلیٹ فارم پر مبنی کاؤنٹر اَن مینڈ ایریل سسٹم (سی-یو اے ایس)، طویل فاصلے تک مار کرنے والا اَن مینڈ ایریل سسٹم، نگرانی کرنے والے بغیر پائلٹ فضائی طیارے (یو اے وی)، مربوط نگرانی اور حملہ آور نظام اور طویل فاصلے تک مار کرنے والا کامیکاز ڈرون سسٹم شامل ہیں۔
ہائی موبلٹی وہیکلز دشوار گزار علاقوں میں آپریشنل صلاحیتوں، رسدی معاونت اور نقل و حرکت کو بہتر بنائیں گی۔ سیلف پروپیلڈ ٹریکڈ گن سسٹم میکانائزڈ فارمیشنز، یعنی بکتر بند اور مشینی فوجی دستوں، کو ان کی ضروریات کے مطابق نقل و حرکت اور مار کرنے کی صلاحیت فراہم کرے گا۔ جی ایس آر ایس ایک ’فورس ملٹی پلائر‘ کے طور پر کام کرے گا، جو فوجی دستوں کو حقیقی وقت میں صورتِ حال سے متعلق معلومات فراہم کرے گا۔ ایل ایم آر ایچ کو بھارتی فوج اور بھارتی فضائیہ دونوں جاسوسی اور نگرانی، جنگی کارروائیوں، فوجیوں کی تلاش اور بچاؤ، انسانی امداد اور آفات کے دوران راحت رسانی جیسے کاموں کے لیے استعمال کریں گی۔وی ایس ایچ او آر اے ڈی ایس نئی نسل کے مختصر فاصلے کے فضائی خطرات کا مقابلہ کرے گا، جبکہ (سی-یو اے ایس) جدید میدانِ جنگ میں ٹینکوں کی بقا کی صلاحیت کو بہتر بنائے گا۔ نگرانی اور ڈرون نظام بھارتی فوج کی نگرانی اور اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کریں گے۔
بھارتی بحریہ کے لیے ’ایکٹو آف بورڈ ڈیکوئے سسٹم(اے او ڈی ایس)اور دیگر اہم بحری پلیٹ فارمز کی خریداری کو منظوری دی گئی ہے۔ اے او ڈی ایس میزائلوں کے خلاف دفاعی نظام کو مزید مؤثر بنائے گا، خاص طور پر دشمن کی جدید اینٹی شپ میزائلوں کے خلاف۔ مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے یہ اہم بحری پلیٹ فارمز جدید جنگی صلاحیتوں سے لیس ہوں گے اور بحریہ کی جنگی طاقت میں اضافہ کریں گے۔
بھارتی فضائیہ کے لیے فضائی دفاع اور جنگی صلاحیتوں کو بڑھانے کے مقصد سے ہیلی کاپٹر، فضائی دفاعی نظام، ہتھیار اور ’موبائل ایکس بینڈ ڈوپلر ویدر ریڈار سسٹم‘ خریدنے کی منظوری دی گئی ہے۔ ’اسپیشل یوٹیلٹی ہیلی کاپٹر‘ کی خریداری سے بھارتی فضائیہ کو اپنی اہم فضائی نقل و حمل کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ ’ایکس بینڈ ڈوپلر ویدر ریڈار سسٹم‘ اگلے مورچوں کے علاقوں میں موسم کی درست اور مقامی نگرانی فراہم کرے گا۔
منظور شدہ مجموعی تجاویز (اے او این) میں سے تقریباً 82 فیصد خریداری بھارتی صنعتوں سے کی جائے گی۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ت ع
U.NO.6708