پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 OCT 2026 11:14AM by PIB Delhi
بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کی مہم: ایک نظر میں
’کیچ دی رین‘ (بارش کے پانی کو محفوظ کریں) ایک ملک گیر مہم ہے، جس کا مقصد بارش کے پانی کو جمع کرنا، زیر زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنا اور آبی ذخائر کی بحالی ہے۔ یہ مہم برادریوں اور اداروں کو بارش کے پانی کے تحفظ اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ترغیب دیتی ہے۔ اس کے تحت تالابوں اور آبی ذخائر کی صفائی کو فروغ دیا جاتا ہے تاکہ مانسون کی بارش کے پانی کو زیادہ سے زیادہ محفوظ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، پانی کو محفوظ رکھنے والے علاقوں کومزید سرسبز بنانے کے لیے شجرکاری کی بھی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
اس مہم کے تحت آبی تحفظ کے لیے تجویز کردہ اہم اقدامات درج ذیل ہیں:
-
گھروں، رہائشی سوسائٹیوں اور کام کی جگہوں پر بارش کے پانی کو جمع کرنے کے نظام اپنائیں۔
-
موزوں مقامات پر زیرزمین پانی کی سطح بلند کرنے کے لیے ری چارج گڑھے اور کنویں نما گہری ساختیں تعمیر کریں۔
-
زیرزمین پانی کو دوبارہ بھرنے میں سہولت کے لیے غیر استعمال شدہ بورویلوں کی مرمت کریں۔
-
باولیوں، کنوؤں اور روایتی آبی ذخائر کو بحال کریں۔
-
پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کے لیے تالابوں اور آبی ذخائر سے گاد نکالیں۔
-
پانی کو محفوظ رکھنے اور زیرِ زمین پانی کی سطح بلند کرنے والے علاقوں میں شجرکاری کو فروغ دیں۔
جل سنچئےجن بھاگیداری (جے ایس جے بی) 1.0 (2024): آبی ذخائر کے تحفظ میں عوامی شراکت داری
جل سنچئے جن بھاگیداری 1.0 نے آبی تحفظ کے کاموں میں عوامی شراکت داری کو مضبوط بنایا۔ اس مہم پر یکم اپریل 2024 سے 31 مئی 2025 تک عمل درآمد کیا گیا۔ اس اقدام میں ’تین سی‘ کے اصولوں یعنی برادری کی شراکت داری (کمیونٹی)، کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) اور لاگت (کاسٹ) کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ آبی تحفظ کی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے حکومت کی جاری اسکیموں کو باہم مربوط کرکے ان سے بھی استفادہ کیا گیا۔ اس اقدام کے تحت کم لاگت والے ایسے ڈھانچوں کی تعمیر کو فروغ دیا گیا، جو زیرِ زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنے اور پانی ذخیرہ کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ناکارہ بورویلوں کی بحالی اور مقامی ضروریات کے مطابق موزوں حل اپنانے کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔ ان ڈھانچوں کی تعمیر کے لیے حکومت کے تمام محکموں اور پورے سماج کی مشترکہ کوششوں پر مبنی طریقۂ کار اپنایا گیا۔ اس مہم کے دوران زیر زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنے کے 10 لاکھ سے زیادہ ڈھانچے تعمیر کیے گئے، جب کہ مصنوعی طریقے سے زیرزمین پانی کی سطح بلند کرنے والے 27 لاکھ سے زیادہ ڈھانچے تعمیر کیے جانے کی اطلاع دی گئی۔
جل سنچئےجن بھاگیداری 2.0 (2025)
یکم جون 2025 کو شروع کی گئی جل سنچئےجن بھاگیداری 2.0، سابقہ اقدام کو آگے بڑھانے کی ایک کوشش ہے۔ اس میں خاص طور پر ایسے اضلاع میں زیر زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنے پر توجہ دی گئی، جہاں پانی کے وسائل کا ضرورت سے زیادہ استعمال ہو رہا ہے یا پانی کی دستیابی کی صورتِ حال تشویش ناک ہے۔ اس مہم میں کم لاگت والے اور مقامی حالات و ضروریات کے عین مطابق اقدامات پر زور دیا گیا۔ نومبر 2025 میں چھٹے قومی آبی ایوارڈز کے دوران جل سنچئےجن بھاگیداری 1.0 کے تحت نمایاں خدمات انجام دینے والوں کی کوششوں کو سراہا گیا۔

|
جل سنچئےجن بھاگیداری مہم کے اثرات کا جائزہ اور حصولیابیاں
جل سنچئےجن بھاگیداری (جے ایس جے بی) مہم کے تحت مصنوعی طریقے سے زیر زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنے اور پانی ذخیرہ کرنے کے 1.55 کروڑ سے زیادہ ڈھانچے تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، جے ایس جے بی 1.0 کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے ایک مطالعہ کیا گیا، جس میں یکم جون 2025 سے 31 دسمبر 2025 کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار کی مدد سے 23 لاکھ ڈھانچوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ مطالعے کے مطابق، ان اقدامات کے نتیجے میں زیر زمین پانی کے ذخائر میں 2.43 ارب مکعب میٹر پانی کا اضافہ ہوا ہے۔
|
جل سنچئےجن بھاگیداری: کیچ دی رین (جے ایس جے بی: سی ٹی آر) (2026)
یکم جون 2026 کو شروع کی گئی اس مہم کے تحت جل سنچئےجن بھاگیداری کے طریقۂ کار کو وسعت دیتے ہوئے اسے ’جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین‘ مہم کے ساتھ مربوط کیا گیا۔ اس مہم میں بارش کے پانی کو جمع کرنے، زیرزمین پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنے، آبی تحفظ، آبی اثاثوں کی تعمیر اور عوامی شراکت داری پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس کے تحت مقامی ضروریات کے مطابق کم لاگت والے اقدامات کو فروغ دیا گیا اور پانی کے پائیدار انتظام کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنایا گیا۔
اس مہم کے تحت کئی سرکاری اسکیموں کو باہم مربوط کرکے ان سے استفادہ کیا گیا، جن میں وی بی۔ جی رام جی، پردھان منتری کرشی سنچائی یوجنا (پی ایم کے ایس وائی) کے تحت ’پر ڈراپ مور کراپ‘، پی ایم کے ایس وائی کے تحت آبی ذخائر کی مرمت، تجدید اور بحالی، سی اے ایم پی اے، مالیاتی کمیشن کی گرانٹس اور ریاستی حکومتوں کی دیگر اسکیمیں شامل ہیں۔ اس اقدام میں پنچایتی راج اداروں، شہری بلدیاتی اداروں، خواتین کے گروپوں، نوجوانوں، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور مقامی برادریوں کو ایک ساتھ شامل کیا گیا۔ یہ تمام شراکت دار منصوبہ بندی، نفاذ اور عوامی شراکت داری پر مبنی آبی تحفظ کے اقدامات میں تعاون کرتے ہیں۔ جے ایس جے بی: سی ٹی آر کے پورٹل اور موبائل ایپلی کیشن نے شفافیت کو مضبوط بنانے، نگرانی کے عمل کو بہتر بنانے اور عوامی آرا و تجاویز حاصل کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔
جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین (جے ایس اے: سی ٹی آر)
جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین کا آغاز 22 مارچ 2021 کو پانی کے عالمی دن کے موقع پر کیا گیا۔ اس مہم کا بنیادی نعرہ تھا: ’’بارش کا پانی جہاں گرے، جب گرے، اسے محفوظ کریں۔‘‘ یہ مہم 2019 میں شروع کیے گئے جل شکتی ابھیان کی کامیابیوں کو آگے بڑھاتی ہے، جس کے تحت بارش کے پانی کو جمع کرنے کے فروغ کے لیے 256 اضلاع کے پانی کی قلت سے متاثرہ 1,592 بلاکس کا احاطہ کیا گیا تھا۔ اس مہم کے تحت زیرزمین پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنے، آبی گاہوں کی ترقی، آبی ذخائر کی بحالی، شجرکاری اور عوامی شراکت داری کو بھی فروغ دیا گیا۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے اسے ایک عوامی تحریک کی شکل دی گئی۔ اس کے بعد سے یہ مہم ہر سال نئے موضوعات اور ترجیحی شعبوں کے ساتھ نافذ کی جا رہی ہے۔
ہے :
|
سال
|
موضوع / توجہ کا مرکز
|
سرگرمی کے اہم شعبے
|
|
2021
|
بارش کے پانی کو محفوظ کریں، جہاں گرے جب گرے
|
بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی اور پانی کا تحفظ؛ آبی ذخائر کی جیو ٹیگنگ؛ پانی کے تحفظ کی سائنسی منصوبہ بندی؛ جل شکتی کیندر اور بیداری کی سرگرمیاں
|
|
2022
|
پانی کے تحفظ کی سرگرمیوں کو توسیع دینا
|
روایتی آبی ذخائر کی بحالی؛ زمینی ریچارج اور واٹرشیڈ کی ترقی؛ دلدلی علاقہ اور دریا کی بحالی؛ اسپرنگ شیڈ کی ترقی اور کیچمنٹ تحفظ
|
|
2023
|
پینے کے پانی کے وسیلے کی پائیداری
|
پانی کی قلت والے 150 اضلاع پر توجہ مرکوز کریں؛ پینے کے پانی کے ذرائع کو مستحکم بنانا؛زیر زمین پانی کی بحالی اور آبی وسیلے کی پائیداری؛ فیلڈ مانیٹرنگ اور کمیونٹی کی شرکت
|
|
2024
|
ناری شکتی سے جل شکتی
|
خواتین کی زیر قیادت پانی کے تحفظ کے اقدامات؛ آبی ذخائر کی صفائی ستھرائی؛ ترک کیے گئے بورویلوں کی بازبحالی؛ مقامی آبی وسائل کے احیاء کے لیے شجرکاری
|
2024 کی مہم میں پانی کے تحفظ کے لیے خواتین کی قیادت میں انجام دی جانے والی کوششوں کو نمایاں اہمیت دی گئی۔ پانی کے تحفظ، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے شعبوں میں مثالی خدمات انجام دینے والی خواتین کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کے اعتراف کے لیے سُوچھ سُجل شکتی سمان کے ذریعے ان کی نمایاں کوششوں کو سراہا جاتا ہے۔
جل شکتی کیندر
جل شکتی کیندر ضلعی سطح پر معلومات اور رہنمائی فراہم کرنے والے مراکز کے طور پر کام کرتے ہیں۔ یہ مراکز مقامی برادریوں اور انتظامیہ کو درج ذیل امور میں مدد فراہم کرتے ہیں:
-
بارش کے پانی کو جمع کرنے کی تکنیکوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا۔
-
تکنیکی رہنمائی فراہم کرنا۔
-
آبی تحفظ کے منصوبوں کی تیاری اور ان پر عمل درآمد میں تعاون کرنا۔
بارش کے پانی کو محفوظ کرنے سے لیکر دیہی علاقوں کو مستحکم بنانے تک
آبی تحفظ اب ایک ایسی عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کا محور پانی کے وسائل کا پائیدار انتظام ہے۔ ’’بارش کے پانی کو محفوظ کریں‘‘ اور ’’جل سنچئےجن بھاگیداری‘‘ جیسی پہل قدمیاں بارش کے پانی کو جمع کرنے، زیرِ زمین پانی کے ذخائر کو دوبارہ بھرنے اور آبی ذخائر کی بحالی کو فروغ دیتی ہیں۔ سائنسی منصوبہ بندی، مقامی سطح پر ذمہ داری اور وسائل کے باہمی اشتراک سے آبی تحفظ، دیہی روزگار اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو تقویت مل رہی ہے۔ عوامی شراکت داری، وسائل کے اشتراک، ڈیجیٹل نگرانی اور آبی اثاثوں کی تعمیر کو باہم مربوط کرتے ہوئے، جل سنچئےجن بھاگیداری: بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کی مہم، بھارت کو پانی کے تحفظ کے اعتبار سے خود کفیل بنانے کی بنیاد رکھ رہی ہے۔
حوالہ جات
PIB Backgrounders
https://www.pib.gov.in/FeaturesDeatils.aspx?NoteId=159260&ModuleId=2®=%203&lang=1
پی ڈی ایف دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ش ب۔ع ن)
U. No. 6682