وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستانی بحریہ کے اہم پروگرام ’سوالمبن 2026‘ میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور دفاعی شعبے میں خود کفالت پر توجہ مرکوز کی جائے گی


بحری اختراع اور دیسی کاری سیمینار کا پانچواں ایڈیشن 26 اور 27 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہوگا

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ 26 اکتوبر کو نئی دہلی میں سوالمبن 2026 کے مرکزی اجلاس میں شرکت کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 24 OCT 2026 11:30AM by PIB Delhi

ہندوستانی بحریہ کے اہم پروگرام بحری اختراع اور دیسی کاری سیمینار ’سوالمبن 2026‘ کا پانچواں ایڈیشن 26 اور 27 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی کے مانک شا سینٹر میں منعقد ہوگا۔ اس سیمینار کا موضوع ”اختراع اور دیسی کاری کے ذریعے قوت اور طاقت“ ہے۔ اس سیمینار میں مسلح افواج، صنعت، اسٹارٹ اپ، چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای)، تعلیمی اداروں اور سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا، تاکہ دیسی تکنیکی اختراع کو آگے بڑھایا جا سکے اور ہندوستان کے دفاعی شعبے میں خود کفالت کو مستحکم کیا جا سکے۔

2022 میں اپنے آغاز کے بعد سے سوالمبن ایک نیشنل پلیٹ فارم کی شکل اختیار کر چکا ہے، جو ہندوستانی بحریہ کی عملی ضروریات کو ہندوستانی صنعت اور تعلیمی اداروں کی تکنیکی صلاحیتوں سے مربوط کرتا ہے۔ اس پہل کا مقصد دیسی اختراعات کو عملی طور پر قابل استعمال صلاحیتوں میں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کرنا، بحری تیاری کو مستحکم بنانا اور آتم نربھرتا (خود کفالت) کو فروغ دینا ہے۔

(https://www.pib.gov.in/Pressreleaseshare.aspx?PRID=1842970)

ایک موضوعاتی نمائش میں بحری نگرانی، بغیر پائلٹ کے فضائی نظاموں (کاؤنٹر یو اے ایس) سے نمٹنے، مصنوعی ذہانت اور کوانٹم ٹیکنالوجیز، این بی سی ڈی اور حفاظتی اقدامات نیز کارکردگی کو بہتر بنانے والی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں دیسی اختراعات پیش کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ایسی کامیابیوں کی داستانیں بھی دکھائی جائیں گی، جو مصنوعات کے ابتدائی تصور سے لے کر ان کی تکمیل تک کے سفر کو نمایاں کریں گی۔

اس سیمینار میں مستقبل کی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، بشمول کوانٹم ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت، خودکار نظاموں اور ہائپرسونک ٹیکنالوجیز پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ اس دوران مستقبل کی جنگوں اور بحری کارروائیوں میں ان ٹیکنالوجیز کے ممکنہ استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ مخصوص اجلاسوں میں خود کفالت کو مستحکم بنانے اور آئی ڈیکس کے نظام کو مضبوط کرنے، ملک کے اندر مضبوط اور مستحکم سپلائی چین تیار کرنے، تعلیمی اداروں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور اسٹارٹ اپ کو امید افزا دیسی ٹیکنالوجیز کو وسعت دینے کے قابل بنانے جیسے موضوعات پر بھی غور کیا جائے گا۔ سرمایہ کاروں اور وینچر کیپیٹلسٹ کے ساتھ تبادلۂ خیال سے دفاعی شعبے کے امید افزا کاروباری اداروں کے لیے مالی اعانت، توسیع اور تجارتی استعمال کے امکانات تلاش کرنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔

سیمینار کے مرکزی اجلاس میں 26 اکتوبر 2026 کو وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں دفاعی اختراع اور دیسی کاری کے شعبوں میں ان کی خدمات کے اعتراف میں وزیر دفاع کے ہاتھوں صنعتی شراکت داروں کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اس موقع پر سوالمبن 5.0 دستاویز اور ٹیکنالوجی سے متعلق اہم تقاضوں کے مجموعے کا اجرا بھی کیا جائے گا۔ یہ دستاویزات ہندوستانی بحریہ کی تکنیکی ترجیحات، عملی ضروریات اور دیسی ترقی کے امکانات پر مرکوز تبادلۂ خیال کے لیے اہم حوالہ جاتی مواد ثابت ہوں گی۔

اس پروگرام کا انعقاد ہندوستانی بحریہ، دفاعی اختراع کی تنظیم (ڈی آئی او) اور سوسائٹی آف انڈین ڈیفنس مینوفیکچرر (ایس آئی ڈی ایم) کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

***

ش ح۔ ف ش ع

U: 6665


(ریلیز آئی ڈی: 2328245) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , Marathi , हिन्दी , Tamil