کیمیکل اور پٹرو کیمیکل کا محکمہ
azadi ka amrit mahotsav

 تین روزہ تقریب ’انڈیا کیم-2026‘ آج ممبئی میں اختتام پذیر


چودھویں دو سالہ بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس کے ذریعے کیمیکل اور پیٹروکیمیکل کے شعبے میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی راہ ہموار ہوئی

سی ای او  فورم، انڈیا-جاپان، انڈیا-امریکہ اور انڈیا-یورپی یونین فورمز کے دوران کیمیکل اور پیٹروکیمیکل کے شعبے کو درپیش چیلنجوں پر غور و خوض کے اجلاس منعقد کیے گئے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 24 OCT 2026 4:51PM by PIB Delhi

تین روزہ تقریب ’انڈیا کیم-2026‘ کا افتتاح 22 اکتوبر کو کیا گیا تھا اور آج ممبئی میں اس کا اختتام ہوا۔

انڈیا کیم-2026 کے 14ویں ایڈیشن کا موضوع تھا ’’ایڈوانٹیج بھارت: عالمی کیمیکل صنعت کے ایک ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر ہندوستان‘‘۔اس تقریب کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور کیمیکل و پیٹروکیمیکل کے شعبے میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی راہ ہموار ہوئی۔

اس تقریب کے دوران سی ای او فورم، انڈیا-جاپان، انڈیا-امریکہ اور انڈیا-یورپی یونین فورمز میں مختلف اجلاس منعقد کیے گئے۔ ان میں کاروباری معاملات پر تبادلۂ خیال، اہم موضوعات پر گفتگو اور کیمیکل و پیٹروکیمیکل کے شعبے کو درپیش مختلف چیلنجوں پر غور و خوض کیا گیا۔ اس کے علاوہ گول میز اجلاس بھی منعقد ہوئے۔

جاپان اس تقریب کا شراکت دار ملک تھا۔ ہندوستان اور جاپان کے درمیان  مضبوط تجارتی تعلقات ہیں، خاص طور پر کیمیکل اور پیٹروکیمیکل کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان اچھا تعاون پایا جاتا ہے۔

انڈیا کیم-2026 کا افتتاح کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے کیمیکل و کھاد اور صحت و خاندانی بہبود، جناب جگت پرکاش نڈّا نے کیمیکل کے شعبے سے وابستہ صنعت کاروں، سرمایہ کاروں، نئی ایجادات کرنے والوں اور پالیسی سازوں سے اپیل کی کہ وہ مل کر کام کریں تاکہ 2047 تک وکست بھارت یعنی ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کا مقصد حاصل کیا جا سکے۔اس موقع پر مہاراشٹر، مدھیہ پردیش اور اڈیشہ کے وزرائے اعلیٰ کے علاوہ مرکزی وزیر مملکت برائے کیمیکل و کھاد اور صحت و خاندانی بہبود، محترمہ انوپریا پٹیل بھی موجود تھیں۔

جناب نڈّا نے کہا کہ کیمیکل اور پیٹروکیمیکل کی صنعت ایک ابھرتا ہوا شعبہ ہے، جس میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ یہ شعبہ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک یعنی ’وکست بھارت‘ بنانے کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اس شعبے کا کردار نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شعبے کو اپنی موجودہ تقریباً 220 ارب امریکی ڈالر کی مارکیٹ سے بڑھ کر 2040 تک تقریباً 1 ٹریلین ڈالر (ایک لاکھ کروڑ ڈالر) تک پہنچنا ہوگا۔ اس کے بعد 2047 تک اس کا حجم بڑھ کر تقریباً 1.6 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف ہے۔

جناب جے پی نڈّا کی صدارت میں منعقد ہونے والے سی ای او   فورم میں صنعت کو مضبوط بنانے، عالمی منڈی میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے اور ہندوستان کو کیمیکل و پیٹروکیمیکل کے شعبے میں عالمی سطح کا ایک اہم مرکز بنانے کے مقصد پر توجہ دی گئی۔

دنیا بھر سے آئے ہوئے صنعت کاروں نے ہندوستان کی کیمیکل صنعت میں موجود مواقع اور اسے درپیش چیلنجوں پر تبادلۂ خیال کیا۔

انڈیا کیم-2026 کے دوران انڈیا-جاپان، انڈیا-امریکہ اور انڈیا-یورپی یونین کیمیکل و پیٹروکیمیکل فورمز کے تحت غور و خوض کے اجلاس منعقد ہوئے۔ ان اجلاسوں میں مختلف ممالک کے نمائندوں اور صنعت کاروں نے تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر گفتگو کی۔

’’ایڈوانٹیج بھارت: عالمی کیمیکل صنعت کے ایک ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر ہندوستان‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں کئی گول میز اجلاس بھی ہوئے۔ ان میں خصوصی کیمیکلز، کیمیکل اور پیٹروکیمیکل صنعت کے لیے بنیادی ڈھانچہ، زرعی کیمیکلز، ماحولیاتی مسائل، پلانٹ مشینری، پمپ اور والوز جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔ یہ وہ شعبے ہیں جن سے متعلق مسائل کو حل کرنا اس صنعت کی تیز رفتار ترقی کے لیے ضروری ہے۔

انڈیا کیم-2026 کے 14ویں ایڈیشن میں پہلی بار ’’انڈیا کیم یوتھ انوویشن چیلنج‘‘ کے نام سے ایک نیا پروگرام بھی شامل کیا گیا۔ اس کا مقصد نوجوان موجدوں اور اختراعی صلاحیت رکھنے والے طلبا کو ہندوستان کی کیمیکل اور پیٹروکیمیکل صنعت سے جوڑنا تھا۔اس مقابلے میں نوجوان طلبا نے کیمیکل صنعت کو درپیش مسائل پر کام کیا اور ان کے حل پیش کیے۔ صنعت سے وابستہ ماہرین کی ایک کمیٹی نے ان کے پیش کردہ حل کا جائزہ لیا اور انعامات کے لیے بہترین کاموں کا انتخاب کیا۔پہلا انعام ممبئی کے آئی سی ٹی کے طلبا سومیا بھولے اور سارتھک کالے نے حاصل کیا۔دوسرا انعام ناگپور کے وی این آئی ٹی کے طلبا سمن بتوے اور سالونی مہادیسر نے حاصل کیا۔تیسرا انعام گاندھی نگر کے آئی آئی ٹی  کے طلبا جش پرساد اور سمت بمبھورلیا نے حاصل کیا۔

کیمیکل اور پیٹروکیمیکل کے محکمے اور  فکّی نے مشترکہ طور پر اس تقریب کا انعقاد کیا۔اس تقریب میں صنعت کاروں اور حکومت کے نمائندوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا گیا، جہاں وہ اس شعبے سے متعلق اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کر سکیں۔ اس کے ذریعے سرمایہ کاری کے امکانات، قوانین و ضوابط اور صنعت کو درپیش اہم چیلنجوں پر گفتگو کو فروغ ملا۔

اس موقع پر عالمی معیار کی ایک نمائش بھی منعقد کی گئی، جس میں ہندوستان اور دنیا کی معروف کمپنیوں نے اپنے پویلین قائم کیے۔اس نمائش میں ہندوستان کی کئی ریاستوں نے بھی حصہ لیا۔ ان میں شراکت دار ریاستیں مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، اڈیشہ، اتر پردیش، گجرات، آندھرا پردیش اور بہار شامل تھیں۔

اس تقریب میں جاپان، امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، یورپی یونین کے مختلف ممالک، لاطینی امریکہ، جمہوریہ کوریا اور آسیان ممالک سمیت کئی ملکوں نے شرکت کی۔تین روزہ اس تقریب میں 5,000 سے زیادہ افراد نے شرکت کی، جس سے کیمیکل اور پیٹروکیمیکل کے شعبے میں بین الاقوامی اشتراک  اور دلچسپی کا اظہار ہوا۔

*********

ش ح-ا ع خ    ۔ر  ا

U-No- 6642


(ریلیز آئی ڈی: 2328042) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , Marathi , हिन्दी , Tamil