جل شکتی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پینے کے پانی و صفائی ستھرائی کےمحکمہ نے آبی شعبے سے متعلق 2026 کی کانفرنس کے بعد جل جیون مشن 2.0 کو دیہی آبی فراہمی کے لیے 16ویں مالیاتی کمیشن کی گرانٹس سے مربوط کرنے اور آپریشن و دیکھ بھال کے نظام کو مستحکم بنانے کے موضوع پر ورچوئل کانفرنس منعقد کی


پینے کے پانی و صفائی ستھرائی کے محکمہ کےسکریٹری نے دیہی آبی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کی دیرپا  مالی اعانت، پنچایتوں کی قیادت میں بہتر منصوبہ بندی اور مختلف محکموں کے درمیان مؤثر تال میل پر زور دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 22 OCT 2026 4:40PM by PIB Delhi

جل شکتی کی وزارت کے تحت پینے کے پانی و صفائی ستھرائی کے محکمہ(ڈی ڈی ڈبلیو ایس) نے آج ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے ساتھ چوتھی ورچوئل کانفرنس منعقد کی۔ یہ کانفرنس یکم اور 2 ستمبر 2026 کو منعقدہ آبی شعبے سے متعلق محکمانہ سربراہی اجلاس 2026 کے بعد موضوعاتی مشاورت کے سلسلے کی ایک کڑی تھی۔ کانفرنس میں جل جیون مشن (جے جے ایم) 2.0 اور 16ویں مالیاتی کمیشن کی گرانٹس کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی، تاکہ آبی ذرائع کے تحفظ و پائیداری، آبی سلامتی اور پائیدار دیہی پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے گرام پنچایتوں کی قیادت میں منصوبہ بندی کو فروغ دیا جا سکے۔

اس ورچوئل کانفرنس میں ریاستی صحتِ عامہ انجینئرنگ محکموں (پی ایچ ای ڈیز) اور دیہی آبی فراہمی کے محکموں کے اعلیٰ افسران، پنچایتی راج کے محکموں کے حکام، پنچایتی راج کی وزارت، دیہی ترقی کی وزارت، حکومتِ ہند اور نیشنل انفارمیٹکس سینٹر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کرناٹک، اڈیشہ اور مدھیہ پردیش سمیت مختلف ریاستوں کے دیہی آبی فراہمی کے محکموں نے مالیاتی کمیشن کی گرانٹس سے استفادہ کرتے ہوئے دیہی آبی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے، آپریشن اور دیکھ بھال کے انتظامات کو بہتر بنانے، عوامی شراکت داری بڑھانے اور مقامی طرزِ حکمرانی کے نظام کو مستحکم کرنے کے سلسلے میں بہترین طور طریقے اور عملی تجربات پیش کیے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پینے کے پانی و صفائی ستھرائی کے محکمہ کےسکریٹری جناب اشوک کے۔ کے۔ مینا نے کہا کہ جل جیون مشن 2.0 کی مدت میں توسیع کے بعد اب توجہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سے ہٹ کر اس کی فعالیت، پائیداری اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر مرکوز ہو گئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کامیابی کا حقیقی پیمانہ محض اثاثوں کی تعمیر نہیں، بلکہ یہ یقینی بنانا ہے کہ دیہی گھرانوں کو اچھی طرح دیکھ بھال کیے جانے والے اور مالی طور پر پائیدار نظام کے ذریعے مسلسل محفوظ اور قابلِ اعتماد پینے کا پانی فراہم ہوتا رہے۔

 

جناب مینا نے دیہی آبی انتظام و انصرام میں گرام پنچایتوں کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ 73ویں آئینی ترمیم کے تحت پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کو مقامی خود حکومتوں کی اہم ذمہ داریوں میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ گرام پنچایتوں کو جل جیون مشن اور دیگر پروگراموں کے تحت تعمیر کیے گئے آبی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کی جواب دہی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جامع سالانہ آپریشن و دیکھ بھال (او اینڈ ایم) کے منصوبے تیار کرنے، مقامی وسائل کو متحرک کرنے اور خدمات کی فراہمی کا انتظام سنبھالنے میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

16ویں مالیاتی کمیشن کے فریم ورک کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشروط گرانٹس زمینی سطح پر پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی خدمات کو پائیدار بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 16ویں مالیاتی کمیشن کی جانب سے دیہی مقامی اداروں (آر ایل بیز) کے لیے تجویز کردہ مجموعی گرانٹس کا ایک بڑا حصہ پانی اور صفائی ستھرائی سے متعلق سرگرمیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان گرانٹس کا بنیادی استعمال آپریشن و دیکھ بھال، آبی ذرائع کے تحفظ و پائیداری، پانی کے معیار کے انتظام، خدمات کی فراہمی میں بہتری اور مقامی اداروں کی صلاحیت مضبوط بنانے کے لیے کیا جانا چاہیے، نہ کہ نئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر، جب کہ موجودہ اثاثوں کو دیکھ بھال اور معاونت کی ضرورت ہو۔

سکریٹری نے دیہی آبی فراہمی کے نظام کے لیے پائیدار مالی وسائل کی فراہمی کے تین اہم ستونوں پر توجہ مرکوز کی۔ ان میں مالیاتی کمیشن کی گرانٹس کا مؤثر استعمال، دستیاب دیگر پروگراموں اور اسکیموں کے ساتھ ہم آہنگی، اور صارفین سے وصول کیے جانے والے واجبات کی وصولی کے نظام کو بتدریج مضبوط بنانا شامل ہیں۔

مختلف ریاستوں کی کامیاب مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ریاستوں اور گرام پنچایتوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ آمدنی کے ایسے پائیدار ماڈل اپنائیں جو آپریشن و دیکھ بھال کے مسلسل اخراجات پورے کرنے میں معاون ہوں اور کسی ایک ذریعے سے مالی وسائل حاصل کرنے پر انحصار کم کریں۔ انہوں نے صفائی ستھرائی اور ٹھوس فضلے کے انتظام میں گرام پنچایتوں کے بڑھتے ہوئے کردار پر بھی زور دیا اور کہا کہ مقامی اداروں کو پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی، دونوں خدمات کے لیے جامع منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بلا تعطل خدمات کی فراہمی کے لیے مرمت، پانی کے رساؤ پر قابو پانے، پمپوں کی دیکھ بھال، پانی میں کلورین ملانے، پانی کے معیار کی نگرانی، بجلی کے اخراجات اور عملے کے انتظامات کے لیے مناسب مالی گنجائش مختص کرنا ضروری ہے۔

صلاحیت سازی کو ایک بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے جناب مینا نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ پنچایتوں کے نمائندوں اور مقامی اہلکاروں کی تربیت کے لیے راشٹریہ گرام سوراج ابھیان (آر جی ایس اے) اور دیگر پروگراموں کے تحت دستیاب وسائل سے استفادہ کریں۔ انہوں نے ریاستوں سے اپیل کی کہ آپریشن اور دیکھ بھال سے متعلق رہنما کتابچوں کا مقامی زبانوں میں ترجمہ کرکے انہیں عام کیا جائے، اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پنچایتوں کو مالیاتی کمیشن کے فریم ورک کے تحت قابلِ اجازت سرگرمیوں، مالی وسائل کے طریقۂ کار اور رپورٹنگ کے تقاضوں کی واضح سمجھ ہو۔

انہوں نے ریاستی، ضلعی اور گرام پنچایت کی سطح پر دیہی آبی فراہمی کے محکموں، پنچایتی راج اداروں اور دیہی ترقی کے محکموں کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن 2.0، وکست بھارت - روزگار اور آجیویکا مشن (گارنٹی برائے گرامین) (وی بی-جی رام جی) اور 16ویں مالیاتی کمیشن کے دور پر بیک وقت عمل درآمد، مربوط منصوبہ بندی اور باہمی تال میل کے ساتھ اقدامات کے ذریعے پائیدار آبی نظم و نسق کو ادارہ جاتی شکل دینے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔

قومی جل جیون مشن (این جے جے ایم) کی ڈپٹی سکریٹری محترمہ کریتیکا کلہری نے 16ویں مالیاتی کمیشن کی گرانٹس اور پانی و صفائی ستھرائی کے لیے مشروط گرانٹس کے استعمال پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ اس میں گرانٹس کے ڈھانچے، ان کے جاری ہونے کی شرائط، رپورٹنگ کے تقاضوں، قابلِ اجازت سرگرمیوں اور منصوبہ بندی کے فریم ورک کی وضاحت کی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ 16ویں مالیاتی کمیشن کے تحت دیہی مقامی اداروں کے لیے مجموعی طور پر 4.35 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے، جس میں سے ایوارڈ کی مدت کے دوران تقریباً 1.74 لاکھ کروڑ روپے پانی کے انتظام اور صفائی ستھرائی کے لیے مختص ہیں۔ پریزنٹیشن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ اثاثوں کے آپریشن و دیکھ بھال، ان کی پوری مدتِ استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی، احتیاطی دیکھ بھال، عوامی ملکیت کے احساس اور مقررہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے جواب دہی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

 

پنچایتی راج کی وزارت کے ڈائریکٹر جناب وپل اجول نے گرام پنچایت ترقیاتی منصوبہ (جی پی ڈی پی) کی تیاری، گرانٹس کے جاری ہونے کے طریقۂ کار اور دیہی آبی فراہمی کے نظام کے آپریشن و دیکھ بھال کے لیے مالیاتی کمیشن کی گرانٹس کے استعمال پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے زور دیا کہ خدمات کی پائیدار فراہمی کے لیے تین اہم عناصر، یعنی ضروریات، وسائل اور ذمہ داریوں (آر آر آر) کو یکجا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ گرام پنچایتوں کو خدمات کی فراہمی میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنی چاہیے، آپریشن و دیکھ بھال کے سالانہ اخراجات کا تخمینہ لگانا چاہیے، دستیاب مالی وسائل کا جائزہ لینا چاہیے اور ان ترجیحات کو گرام پنچایت ترقیاتی منصوبے میں شامل کرنا چاہیے۔ انہوں نے پنچایتوں کے مالی وسائل کو مضبوط بنانے اور خدمات کی پائیدار فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنے ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی (او ایس آر)، صارفین سے واجبات کی وصولی اور کارکردگی کی بنیاد پر دی جانے والی گرانٹس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

کانفرنس میں پنچایتی راج  کی وزارت کے نیشنل انفارمیٹکس سینٹر (این آئی سی) کی جانب سے ای گرام سوراج پورٹل اور اس کے رپورٹنگ ماڈیولز پر تکنیکی پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی۔ اس نشست میں بتایا گیا کہ گرام پنچایتیں اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے منصوبہ بندی، عمل درآمد، جیو ٹیگنگ، اخراجات کی رپورٹنگ، اثاثوں کے انتظام اور نگرانی کے عمل کو یکجا کر سکتی ہیں۔ پریزنٹیشن میں ای گرام سوراج کو پبلک فنانشل مینجمنٹ سسٹم (پی ایف ایم ایس) اور مختلف محکموں کے ڈیٹا بیس سے مربوط کرنے کے فوائد کو اجاگر کیا گیا، جس سے مالیاتی کمیشن کی گرانٹس سے چلنے والی سرگرمیوں میں شفافیت، جواب دہی اور حقیقی وقت میں نگرانی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

ریاستوں کے تجربات کے تبادلے کے سیشن میں کرناٹک نے دیہی آبی فراہمی کے انتظام کے لیے اپنے مربوط طریقۂ کار کو پیش کیا۔ اس میں جل سنکلن، جل آستی اور جیواجل جیسے اختراعی اقدامات شامل ہیں، جو جغرافیائی اطلاعاتی نظام (جی آئی ایس) پر مبنی اثاثوں کے انتظام، حقیقی وقت میں نگرانی، عوامی شراکت داری اور شواہد پر مبنی آپریشن و دیکھ بھال کی منصوبہ بندی کو یکجا کرتے ہیں۔ ریاست نے پانی کے بجٹ کی تیاری، پانی کی مقدار کے لحاظ سے ٹیرف کی وصولی، احتیاطی دیکھ بھال اور پینے کے پانی کے نظام کے حوالے سے عوام میں احساسِ ملکیت کو مضبوط بنانے کے اپنے تجربات بھی پیش کیے۔ مزید برآں، ریاست نے دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے فریم ورک کے تحت ادارہ جاتی ہم آہنگی کے اپنے تجربات بیان کیے، جہاں دیہی آبی فراہمی، پنچایتی راج اور دیہی ترقی کے شعبے قریبی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ ریاست نے بتایا کہ اس مربوط انتظامی ڈھانچے سے بہتر منصوبہ بندی، مالیاتی کمیشن کی گرانٹس کے مؤثر استعمال، آپریشن و دیکھ بھال کی منصوبہ بندی، پانی کے بجٹ کی تیاری اور ٹیرف کی وصولی میں گرام پنچایتوں کی شمولیت کو تقویت ملی ہے۔ اس کے علاوہ، تکنیکی محکموں اور مقامی خود حکومتوں کے درمیان تال میل بھی بہتر ہوا ہے۔ کرناٹک نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی مسلسل شمولیت، ذمہ داریوں کی واضح تقسیم اور مالی وسائل میں ہم آہنگی دیہی پینے کے پانی کی خدمات کو طویل مدت تک پائیدار بنانے کے بنیادی عوامل ہیں۔

اڈیشہ نے دیہی ترقی، پنچایتی راج اور پینے کے پانی کے محکموں کے درمیان قریبی ہم آہنگی پر مبنی اپنا ادارہ جاتی ماڈل پیش کیا۔ ریاست نے آپریشن و دیکھ بھال کے اپنے مربوط فریم ورک، نچلی سطح سے اوپر کی جانب بجٹ سازی کے عمل، ڈیجیٹل نگرانی کے نظام، مقامی مکینکوں کی تربیت کے پروگراموں اور ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔ ان اقدامات میں شمسی توانائی کا استعمال، خودکاری اور انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) پر مبنی نگرانی کے نظام شامل ہیں، جن کا مقصد پینے کے پانی کی خدمات کو طویل مدت تک پائیدار بنانا ہے۔ ریاست نے بتایا کہ مربوط منصوبہ بندی، نچلی سطح سے بجٹ سازی اور مالیاتی کمیشن کی گرانٹس، ریاستی وسائل اور عوامی تعاون کے اشتراک سے آپریشن و دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملی ہے۔ اڈیشہ نے قابلِ اعتماد خدمات کی فراہمی اور دیہی آبی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کے پائیدار انتظام کو یقینی بنانے کے لیے گرام پنچایتوں کی شمولیت، مقامی سطح پر صلاحیت سازی، ڈیجیٹل نگرانی اور جواب دہی کے واضح نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مدھیہ پردیش نے حال ہی میں نوٹیفائی کیے گئے آپریشن و دیکھ بھال کے ضوابط 2026 کو اجاگر کیا، جن کے تحت گرام پنچایتوں کو پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی سے متعلق سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل کے متعدد ذرائع استعمال کرنے کی سہولت حاصل ہے۔ ریاست نے خریداری کے آسان طریقۂ کار، ضلعی سطح پر پانی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت (واش) سے متعلق تکنیکی کمیٹیوں، منظم تربیتی پروگراموں، صارفین سے واجبات کی وصولی کے لیے ڈیجیٹل نظام اور پنچایتوں کے نمائندوں و انجینئروں کی تکنیکی صلاحیت بڑھانے کے لیے کی جانے والی وسیع کوششوں کو پیش کیا۔ ریاست نے بتایا کہ مالیاتی کمیشن کی گرانٹس، ریاستی گرانٹس، صارفین سے وصول کیے جانے والے واجبات اور دیگر مقامی وسائل سمیت مالی اعانت کے متعدد ذرائع کو یکجا کرکے آپریشن و دیکھ بھال کے نظام کو پائیدار بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

اختتامی کلمات میں قومی جل جیون مشن (این جے جے ایم) کے ایڈیشنل سکریٹری و مشن ڈائریکٹر (اے ایس اینڈ ایم ڈی)، جناب کمل کشور سوان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مالیاتی کمیشن کی گرانٹس کو دیہی آبی نظم و نسق کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے اور آبی فراہمی کے نظام کے حوالے سے پنچایتوں کی ذمہ داری اور احساسِ ملکیت کو مضبوط بنانے کے ایک موقع کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ تعمیل سے متعلق زیرِ التوا تقاضوں کو پورا کریں، گرام پنچایت ترقیاتی منصوبے (جی پی ڈی پی) پر مبنی منصوبہ بندی کو مستحکم بنائیں، صارفین سے واجبات کی وصولی کے نظام کو بہتر بنائیں اور دیہی آبی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو پائیدار بنانے کے لیے 15ویں اور 16ویں مالیاتی کمیشن، دونوں کی گرانٹس کا مؤثر استعمال یقینی بنائیں۔

جناب سوان نے ریاستوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ آنے والے مہینوں میں پنچایتوں کے نمائندوں، پنچایت سکریٹریوں، سرپنچوں اور تکنیکی عملے کے لیے وسیع پیمانے پر تربیتی اور صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کریں۔ اس کے ساتھ ہی ای گرام سوراج پر لاگ اِن اور رپورٹنگ سے متعلق مسائل کو بروقت حل کرنے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ نومبر 2026 میں دو علاقائی کانفرنسیں منعقد کرنے کا منصوبہ ہے، جن میں تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا، عمل درآمد میں درپیش چیلنجوں کا ازالہ کیا جائے گا اور پینے کے پانی، صفائی ستھرائی، پنچایتی راج اور دیہی ترقی کے ذمہ دار محکموں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

کانفرنس کا اختتام مرکز اور ریاستوں و مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے اس مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا کہ پنچایتوں کی قیادت میں منصوبہ بندی کو مضبوط بنایا جائے گا، مالیاتی پائیداری کو بہتر کیا جائے گا، مختلف محکموں کے درمیان تال میل بڑھایا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ جل جیون مشن کے تحت کی گئی خطیر سرمایہ کاری کے نتیجے میں ملک بھر کے دیہی گھرانوں کو پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی قابلِ اعتماد، بلاتعطل اور پائیدار خدمات فراہم ہوں۔

*******

ش ح۔ ع ح۔ ت ع

UN-NO-6491


(ریلیز آئی ڈی: 2326697) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil , Kannada