وزارت دفاع
سووَلمبن 2026 — افتتاحی پریس کانفرنس
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 OCT 2026 5:31PM by PIB Delhi
بھارتی بحریہ کے اہم ترین بحری اختراعات اور دیسی ساخت و ترقی سے متعلق سیمینار سووَلمبن 2026 کے پانچویں ایڈیشن کے سلسلے میں افتتاحی پریس کانفرنس 19 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ اس کی صدارت وائس ایڈمرل اجے کوچھر، وائس چیف آف دی نیول اسٹاف (وی سی این ایس) نے کی۔
سالانہ این آئی آئی او سیمینار سووَلمبن 2026، نئی دہلی کے مانیک شا سینٹر میں 26 اور 27 اکتوبر 2026 کو منعقد ہوگا۔ اس سیمینار میں بھارتی بحریہ کی جانب سے مقامی تکنیکی اختراعات کو عملی صلاحیتوں میں تبدیل کرنے اور آتم نربھرتا (خود انحصاری) کی بنیادوں کو مضبوط بنانے کی جاری کوششوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔ اس سیمینار میں اختراع کار، صنعتی شراکت دار، اسٹارٹ اپس، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتیں (ایم ایس ایم ایز)، تعلیمی ادارے، سرمایہ کار اور دفاعی افواج شرکت کریں گے، تاکہ بحری سلامتی کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے باہمی اشتراک سے حل تلاش کیے جا سکیں۔
ذرائع ابلاغ سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ 2022 سے سووَلمبن کے ارتقا نے بھارتی بحریہ کی عملی ضروریات کو بھارتی صنعت اور تعلیمی اداروں کی تکنیکی صلاحیتوں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جدید جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس بات کو اہم قرار دیا کہ مخصوص اور جدید ٹیکنالوجیز کو ایسے نظاموں میں تبدیل کیا جائے جنہیں سمندر میں عملی طور پر استعمال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ طویل فاصلے تک کام کرنے اور طویل عرصے تک تعیناتی کی ذمہ داریاں انجام دینے والی بحریہ کے لیے پائیدار مقامی ٹیکنالوجیز جنگی تیاری، عملی لچک اور صلاحیتوں میں مسلسل اضافے کے حوالے سے انتہائی اہم ہیں۔
سووَلمبن 2026 کی نمائش میں مختلف موضوعاتی شعبے شامل ہوں گے، جن میں کامیابی کی مثال بننے والی مقامی اختراعات پیش کی جائیں گی۔ ان میں بحری نگرانی، بغیر پائلٹ کے فضائی نظاموں کا مقابلہ (کاؤنٹر یو اے ایس)، مصنوعی ذہانت اور کوانٹم ٹیکنالوجی، جوہری، حیاتیاتی اور کیمیائی دفاع (این بی سی ڈی)، نیز حفاظت اور کارکردگی بہتر بنانے والی ٹیکنالوجیز شامل ہوں گی۔ وینچر سرمایہ ادار اور سرمایہ کاروں کے ساتھ تبادلۂ خیال بھی سیمینار کا ایک اہم حصہ ہوگا، جس کے ذریعے مالی اعانت کے مواقع، امید افزا کاروباری اداروں کو وسعت دینے اور مقامی ٹیکنالوجیز کو تجارتی سطح پر متعارف کرانے سے متعلق امور پر گفتگو کی جائے گی۔
اس سال کا سیمینار مستقبل اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر تبادلۂ خیال کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ ان ٹیکنالوجیز میں بحری کارروائیوں کو مؤثر بنانے اور بھارت کی بحری صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کی نمایاں استعداد موجود ہے۔ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کے ماہرین پر مشتمل پینل خود انحصاری اور آئی ڈی ای ایکس کے نظام کو مضبوط بنانے سے متعلق اجلاس منعقد کرے گا، تاکہ مستحکم سپلائی چینز کی تشکیل، تعلیمی اداروں میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور اسٹارٹ اپس کے سفر کو اجاگر کیا جا سکے۔
سووَلمبن 2026 کے دوران سووَلمبن 5.0 دستاویز، ٹیکنالوجی سے متعلق اہم تقاضوں کا مجموعہ، اور نیول یونیفائیڈ سسٹمز، ایتھرنیٹ اینڈ ٹیکٹیکل یوٹیلائزیشن (این اے یو ایس ای ٹی یو)کے انٹرفیس معیارات بھی جاری کیے جائیں گے۔
اس تقریب کا مقصد مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ دفاعی قوت کی تشکیل کے لیے بھارتی بحریہ اور اختراعی نظام کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے، تاکہ تکنیکی اہداف کو جدید دور کی جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔


**********
) ش ح – رک )
U.No. 6327
(ریلیز آئی ڈی: 2325223)
وزیٹر کاؤنٹر : 6