امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
ہندوستان پہلی بار 26 سے 28 اکتوبر 2026 تک نئی دہلی میں وزن و پیمائش سے متعلق قانونی میٹرولوجی کی بین الاقوامی کمیٹی کے 61ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا
اجلاس میں 100 سے زائد بین الاقوامی مندوبین اور قانونی میٹرولوجی کے ماہرین کی شرکت متوقع
او آئی ایم ایل کی حکمتِ عملی سے متعلق ورکشاپ اور بین الاقوامی سیمینار میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ڈیجیٹلائزیشن اور عالمی قانونی میٹرولوجی کے مستقبل پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 OCT 2026 11:26AM by PIB Delhi
ہندوستان پہلی بار قانونی میٹرولوجی کی بین الاقوامی کمیٹی (سی آئی ایم ایل) کے 61ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ یہ اجلاس 26 سے 28 اکتوبر 2026 تک نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔ اس کا اہتمام حکومتِ ہند کی وزارتِ امورِ صارفین کا محکمہ، قانونی میٹرولوجی کی بین الاقوامی تنظیم (او آئی ایم ایل) کے اشتراک سے کر رہا ہے۔
اس اجلاس میں دنیا بھر سے 100 سے زائد بین الاقوامی مندوبین اور قانونی میٹرولوجی کے ماہرین کی شرکت متوقع ہے۔ ان میں او آئی ایم ایل کے رکن ممالک، نامہ نگار رکن ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ پہلی بار اس اجلاس کی میزبانی کرنا بین الاقوامی تعاون، میٹرولوجی کے معیارات میں ہم آہنگی، منصفانہ تجارت کے فروغ اور صارفین کے تحفظ کے سلسلے میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
او آئی ایم ایل کی حکمتِ عملی سے متعلق ورکشاپ اور بین الاقوامی سیمینار
’’ قانونی میٹرولوجی کے شعبے میں تبدیلیاں‘‘ کے موضوع پر ایک بین الاقوامی سیمینار 26 اکتوبر 2026 کو منعقد کیا جائے گا۔ اس سیمینار میں مختلف ممالک کے ماہرین جمع ہوں گے اور قانونی میٹرولوجی کے نظام کو جدید بنانے کے سلسلے میں اپنے تجربات اور بہترین طریقۂ کار کا تبادلہ کریں گے۔ اس دوران ضابطہ جاتی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن، پیمائشی آلات کے معیارات میں بین الاقوامی ہم آہنگی اور ان کی باہمی شناخت، آن لائن تعلیمی وسائل اور قانونی میٹرولوجی کے انتظام و انصرام کے لیے اختراعی طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
او آئی ایم ایل کی حکمتِ عملی سے متعلق ورکشاپ بھی 27 اکتوبر 2026 کو منعقد کی جائے گی۔ اس ورکشاپ میں شریک ممالک اور بین الاقوامی ماہرین کو تنظیم کی مستقبل کی حکمتِ عملی اور ترجیحات پر غور و خوض کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔ اس میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں، تکنیکی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی، بین الاقوامی تعاون اور دنیا بھر میں قانونی میٹرولوجی کے نظام کی بدلتی ہوئی ضروریات پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
غور و خوض کے اہم موضوعات
تین روزہ پروگرام کے دوران قانونی میٹرولوجی کی بین الاقوامی کمیٹی (سی آئی ایم ایل) کے ارکان متعدد اہم امور پر غور کریں گے۔ ان میں بین الاقوامی سفارشات کی تیاری اور ان پر نظرثانی، او آئی ایم ایل کی تکنیکی سرگرمیاں، او آئی ایم ایل سرٹیفکیشن نظام (او آئی ایم ایل –سی ایس)، ڈیجیٹل تبدیلی، صلاحیت سازی اور بین الاقوامی تعاون شامل ہیں۔
یہ اجلاس شریک ممالک کے درمیان تکنیکی معلومات اور تجربات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرے گا، جس سے پیمائشی نظام کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معیارات کے فروغ کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔
قانونی میٹرولوجی کی بین الاقوامی کمیٹی (سی آئی ایم ایل) کا 60واں اجلاس 13 اور 15 اکتوبر 2025 کو پیرس، فرانس میں منعقد ہوا تھا۔ اس اجلاس میں 55 رکن ممالک کے نمائندے براہِ راست یا نمائندگی کے ذریعے شریک ہوئے، جب کہ 12 نامہ نگار ارکان اور رابطہ رکھنے والی پانچ تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اجلاس کے اہم نتائج میں خودکار ریفریکٹومیٹرز، باٹوں اور ٹریفک کی رفتار ناپنے والے آلات سے متعلق تکنیکی اشاعتوں کی منظوری شامل تھی۔ اس کے علاوہ او آئی ایم ایل سرٹیفکیشن نظام کے لائحۂ عمل، ڈیجیٹائزیشن اور بین الاقوامی تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
عالمی قانونی میٹرولوجی کے شعبے میں ہندوستان کے رول کو مستحکم بنانا
قانونی میٹرولوجی کی بین الاقوامی کمیٹی کے 61ویں اجلاس کی میزبانی ہندوستان کو بین الاقوامی سطح پر قانونی میٹرولوجی کے شعبے میں اپنی اصلاحات اور پیش رفت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ امورِ صارفین کی وزارت کے محکمے نے ضابطہ جاتی نظام کو جدید بنانے، ضوابط کی تعمیل کے طریقۂ کار کو آسان بنانے، اعتماد پر مبنی ضابطہ کاری کو فروغ دینے اور کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جب کہ صارفین کے مؤثر تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اس اجلاس میں او آئی ایم ایل کے رکن ممالک کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے، جن میں فرانس، جرمنی، برطانیہ، جاپان، چین، آسٹریلیا، سوئٹزرلینڈ، ریاستہائے متحدہ امریکہ، جنوبی افریقہ اور برازیل سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔ نامہ نگار ارکان اور متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
مختلف ممالک کی اس شرکت سے تجربات کے تبادلے، بہترین طریقۂ کار کو ایک دوسرے کے ساتھ مشترک کرنے اور قانونی میٹرولوجی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے مواقع فراہم ہوں گے۔ یہ اجلاس، او آئی ایم ایل کی حکمتِ عملی سے متعلق ورکشاپ اور بین الاقوامی سیمینار کے ساتھ مل کر، قابلِ اعتماد پیمائش، منصفانہ تجارت، تکنیکی اختراعات اور صارفین کے اعتماد جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال میں معاون ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی وکست بھارت 2047 کے وژن کو آگے بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔
صنعت اور صارفین کے لیے فوائد
اس اجلاس سے ہندوستانی صنعت کاروں کو بین الاقوامی پیمائشی معیارات، مطابقت کے جائزے سے متعلق تقاضوں اور او آئی ایم ایل سرٹیفکیشن نظام کے بارے میں بیداری میں اضافے کے ذریعے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ اس سے معیاری مصنوعات کی تیاری اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کو آسان بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
پیمائش سے متعلق تقاضوں میں زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ہم آہنگی سے تجارت میں حائل تکنیکی رکاوٹوں کو کم کرنے اور جہاں قابلِ اطلاق ہو، جانچ اور سرٹیفکیشن کے عمل میں غیر ضروری تکرار سے بچنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ صارفین کے لیے قابلِ اعتماد اور درست پیمائش لین دین میں شفافیت، اشیا پر مقدار کی درست وضاحت اور مصنوعات و خدمات پر اعتماد بڑھانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
یہ تقریب ہندوستان کو ضابطہ جاتی اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن اور کاروبار کرنے میں آسانی کے سلسلے میں اپنے تجربات مشترک کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی جدید اور مؤثر قانونی میٹرولوجی کے نظام سے متعلق بین الاقوامی مباحث میں ہندوستان اپنا کردار ادا کر سکے گا۔
قانونی میٹرولوجی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون
قانونی میٹرولوجی کی بین الاقوامی تنظیم (او آئی ایم ایل) ایک بین حکومتی تنظیم ہے، جس کا قیام 1955 میں قانونی میٹرولوجی کے طریقۂ کار میں عالمی سطح پر ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے عمل میں آیا تھا۔ یہ تنظیم تجارت، صنعت، صحت کی دیکھ بھال، تحفظ اور ماحولیات کے تحفظ میں استعمال ہونے والے پیمائشی آلات کے لیے بین الاقوامی سفارشات، معیارات اور متعلقہ دستاویزات تیار کرتی ہے۔
قانونی میٹرولوجی کی بین الاقوامی کمیٹی (سی آئی ایم ایل)، او آئی ایم ایل کا اہم فیصلہ ساز ادارہ ہے، جو اس کی تکنیکی اور انتظامی سرگرمیوں کی رہنمائی کا ذمہ دار ہے۔ اس کا سالانہ اجلاس قانونی میٹرولوجی کے شعبے میں پالیسی سے متعلق امور، تکنیکی پیش رفت اور بین الاقوامی تعاون پر غور و خوض کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
قانونی میٹرولوجی کی بین الاقوامی کمیٹی کے 61ویں اجلاس کی میزبانی ہندوستان کے بین الاقوامی تعاون اور پیمائش کے معیارات میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ اس سے دیانتداری پر مبنی تجارت، صارفین کے تحفظ اور دنیا بھر میں پیمائشی نظام پر اعتماد کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ش ب۔ن م۔
U- 6297
(ریلیز آئی ڈی: 2325033)
وزیٹر کاؤنٹر : 9