سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
شلپ سنگم میلہ 2026، میسورو، کرناٹک
میلے میں 83 اسٹال، جن میں 80 کاریگروں کے لیے مختص؛ 37 خواتین کاریگر شامل
بارہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی شرکت
سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے مرکزی سکریٹری سدھانش پنت، میلے کا دورہ کریں گے
میسورو میں مرکزی اسکیموں، پروگراموں اور اقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ مقامات کا بھی دورہ کریں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 OCT 2026 7:19PM by PIB Delhi
سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی وزارت کے مرکزی سکریٹری سدھانش پنت کرناٹک کے میسور میں جاری نو روزہ ’شلپ سماگم میلہ 2026‘ کا کل دورہ کریں گے۔ اس میلے کا انعقاد سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی وزارت کر رہی ہے۔
سکریٹری میسور میں سائٹ کے دوروں کے ساتھ وزارت کی زیر عمل اسکیموں، پروگراموں اور اقدامات کا جامع جائزہ بھی لیں گے۔
وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ میسور دشرا نمائش گراؤنڈ میں یہ میلہ 11 اکتوبر سے جاری ہے اور پیر 19 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ میلے کے ذریعے درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) اور صفائی کرمچاریوں سے تعلق رکھنے والے دستکاروں اور مستفیدین کو اپنی روایتی دستکاری، ہینڈ لوم مصنوعات اور دیگر اشیا وسیع تر صارفین کے سامنے پیش کرنے کے لیے مارکیٹنگ پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ یہ میلہ وزارت کے تحت کام کرنے والی تین قومی کارپوریشنوں، نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی) اور نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) نے مشترکہ طور پر منعقد کیا ہے۔ یہ کارپوریشنیں دستکاروں اور اہل مستفیدین کو مالی امداد فراہم کرتی ہیں۔
جاری میلے میں مجموعی طور پر 83 اسٹال لگائے گئے ہیں، جن میں 80 اسٹال دستکاروں کو الاٹ کیے گئے ہیں۔ ان میں 37 خواتین دستکار بھی شامل ہیں۔ آندھرا پردیش، بہار، کرناٹک، کیرالہ، راجستھان، پڈوچیری، گجرات، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، تلنگانہ، تمل ناڈو اور اتر پردیش سمیت 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دستکار نمائش میں حصہ لے رہے ہیں۔
اسٹالوں میں مختلف اقسام کی مصنوعات پیش کی گئی ہیں، جن میں دستکاری، ہینڈ لوم ساڑیاں، مصالحے، اچار، اگربتیاں، شہد سے بنی مصنوعات، بلاک پرنٹ شدہ اشیا، چمڑے کی مصنوعات، لکڑی کے کھلونے، بیگ، پرس، ٹیراکوٹا مصنوعات، مصنوعی زیورات، روز وڈ کی دیوار پر سجانے والی اشیا اور بیڈ و کشن کور شامل ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ انہوں نے کھانے کے اسٹالوں کا بھی دورہ کیا، جہاں روایتی پکوان پیش کیے جا رہے ہیں، جس سے میلے میں آنے والوں کے تجربے میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
میلے کا مقصد دستکاروں کے لیے مارکیٹ روابط مضبوط کرنا، روایتی دستکاری کو فروغ دینا اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ زائرین اور ممکنہ خریداروں سے براہ راست رابطے کے ذریعے دستکار اپنی مصنوعات کی نمائش، صارفین کی تعداد میں اضافہ اور اپنے کاروبار کی مارکیٹ تک رسائی بہتر بنا سکتے ہیں۔ یہ اقدام ہندوستان کے مالا مال ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کے ساتھ روایتی فنون اور ہنر کے تحفظ میں بھی مددگار ہے۔
’شلپ سماگم میلہ 2026‘ میسور دشرا نمائش گراؤنڈ میں پیر 19 اکتوبر تک جاری رہے گا، جہاں زائرین کو ہندوستان کی روایتی دستکاری اور ہینڈ لوم مصنوعات دیکھنے کے ساتھ دستکاروں کے روزگار کو تعاون دینے کا موقع ملے گا۔ وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات ایسے اقدامات کے ذریعے مارکیٹ تک رسائی مضبوط بنانے، کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور پسماندہ طبقات کے معاشی طور پر بااختیار بنانے کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے۔
میلہ وزارت اور اس کی تینوں قومی کارپوریشنوں کی اسکیموں اور پروگراموں سے متعلق معلومات عام کرنے کے لیے بھی ایک اہم پلیٹ فارم کا کام کر رہا ہے۔ اس کے ذریعے اہل مستفیدین کو دستیاب مالی امداد اور کاروباری مواقع کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
وزارت قابل اطلاق انتظامات کے تحت دستکاروں کو مفت اسٹال فراہم کرنے کے ساتھ سفری اخراجات، یومیہ الاؤنس، سامان کی نقل و حمل اور کھانے کے اخراجات میں بھی معاونت فراہم کرکے ان کی شرکت کو آسان بنا رہی ہے۔
میلے کے علاوہ وزارت ’بھارت ٹیولپ‘ پہل کو بھی فروغ دے رہی ہے، جس کا مقصد ہدف شدہ طبقات کے دستکاروں کی تیار کردہ مصنوعات کے لیے ہندوستان اور بیرون ملک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مارکیٹ تک رسائی بڑھانا ہے۔ ’بھارت ٹیولپ‘ کے تحت مصنوعات کی برانڈنگ کا مقصد ان کی شناخت بہتر بنانا، آن لائن فروخت کو آسان بنانا اور روایتی دستکاروں کو وسیع تر صارفین سے جوڑنا ہے۔
وزارت 2022 سے شلپ سماگم میلوں کا انعقاد کر رہی ہے اور اب تک منعقد کیے گئے 13 میلوں کے ذریعے 975 دستکار مستفید ہو چکے ہیں۔
میسور میں جاری میلہ مالی سال 2026-27 کا پہلا شلپ سماگم میلہ ہے۔
وزارت نے موجودہ مالی سال کے دوران مزید میلوں کے انعقاد کی بھی تجویز پیش کی ہے، جن میں 21 سے 28 اکتوبر 2026 تک گوہاٹی، نئی دہلی کے دلی ہاٹ، جودھپور اور لکھنؤ میں میلے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 14 سے 27 نومبر 2026 تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقد ہونے والے انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2026 اور فروری 2027 میں سورج کنڈ میلے سمیت بڑی نمائشوں میں بھی شرکت کی جائے گی۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :6266 )
(ریلیز آئی ڈی: 2324786)
وزیٹر کاؤنٹر : 8