ادویات سازی کا محکمہ
azadi ka amrit mahotsav

 کینسر کی 137 ادویات کے تجارتی مارجن کو معقول بنایا گیا


نظرثانی شدہ قیمتیں 9 نومبر 2026 سے نافذ ہوں گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 OCT 2026 6:53PM by PIB Delhi

وزارت کیمیکل و فرٹیلائزر کے محکمہ دواسازی کے تحت نیشنل فارماسیوٹیکل پرائسنگ اتھارٹی (این پی پی اے) نے عوامی مفاد میں 137 منتخب غیر شیڈیولڈ اینٹی کینسر ادویات کے تجارتی مارجن کو معقول بنانے (ٹی ایم آر) کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد حد سے زیادہ تجارتی مارجن پر قابو پانا، کینسر کے علاج کو زیادہ سستا بنانا اور  کینسر کی مانع ادویات تک رسائی بہتر کرنا ہے۔ موجودہ قیمتوں کے ڈھانچے کے لحاظ سے ان ادویات کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) میں 70 فیصد تک کمی متوقع ہے۔

یہ اقدام این پی پی اے کی 2019 میں کی گئی ٹی ایم آر پائلٹ مشق کی کامیابی کے بعد کیا گیا ہے، جس کے تحت 42 اینٹی کینسر ادویات کے تجارتی مارجن کو 30 فیصد تک محدود کیا گیا تھا۔ اس کے نتیجے میں غیر شیڈیولڈ اینٹی کینسر ادویات کے 526 برانڈز کی ایم آر پی میں 90 فیصد تک کمی ہوئی تھی۔ موجودہ مشق کے تحت اینٹی کینسر ادویات کے وسیع تر دائرے کو شامل کیا گیا ہے، جس کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) کی ماہر کمیٹی کی سفارش کردہ فہرست کو بنیاد بنایا گیا ہے۔

ماہر کمیٹی میں ملک بھر کے معروف آنکولوجسٹ، طبی ماہرین، مختلف اسپتالوں کے ماہرین اور سرکاری افسران شامل تھے۔ کمیٹی نے غور و خوض کے بعد 137 ادویات کو ٹی ایم آر کے تحت شامل کرنے کی سفارش کی۔ اس فہرست کو وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر این پی پی اے نے ڈرگس (پرائسز کنٹرول) آرڈر (ڈی پی سی او)، 2013 کی شق 19 کے تحت تجارتی مارجن کو زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) کے 30 فیصد تک محدود کر دیا ہے۔ 17 اکتوبر 2026 کو جاری گزٹ نوٹیفکیشن این پی پی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

اس اقدام سے کینسر سے متاثرہ بڑی تعداد میں مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو اہم راحت ملنے کی توقع ہے، جنہیں علاج کی زیادہ لاگت کے باعث اکثر بھاری مالی بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے۔

تمام دوا ساز کمپنیوں کو گزٹ نوٹیفکیشن کی اشاعت کے سات دن کے اندر اپنی نظرثانی شدہ قیمتوں سے این پی پی اے کو آگاہ کرنا ہوگا۔ نظرثانی شدہ قیمتیں 9 نومبر 2026 سے نافذ ہوں گی۔ کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس پر قیمتوں کی فہرست جاری کرنے کے ساتھ ساتھ تمام خوردہ فروشوں اور اسپتالوں تک بھی یہ معلومات وسیع پیمانے پر پہنچانا ہوگی۔ تمام خوردہ فروشوں اور اسپتالوں کو 9 نومبر 2026 سے کم کی گئی قیمتوں پر ادویات فروخت کرنا ہوں گی اور اپنی فارمیسیوں میں نظرثانی شدہ قیمتیں نمایاں طور پر درج کرنا ہوں گی۔ اسپتالوں کو اپنی ویب سائٹس پر بھی نظرثانی شدہ قیمتیں نمایاں طور پر ظاہر کرنا ہوں گی۔ صارفین ادویات کی نظرثانی شدہ قیمتیں ’فارما صحیح دام‘ ایپ اور این پی پی اے کی ویب سائٹ کے ذریعے چیک کر سکتے ہیں۔

چونکہ کینسرکی مانع ادویات کی ایک بڑی مقدار براہ راست اسپتالوں اور طبی اداروں کو فراہم کی جاتی ہے، اس لیے عمل درآمد کی تاریخ سے ان ادویات کی نظرثانی شدہ قیمتوں کو یقینی بنانے کی ذمہ داری اسپتالوں اور طبی اداروں کی ہوگی۔ ریاستی ڈرگ کنٹرولرز مینوفیکچررز، ڈیلروں، خوردہ فروشوں، اسپتالوں اور طبی اداروں کی جانب سے احکامات کی تعمیل یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔

 کینسرکی مانع ادویات پر ٹی ایم آر کا مقصد تقسیم اور خوردہ فروخت کے نظام میں حد سے زیادہ تجارتی مارجن کو قابو میں رکھنا، دوا ساز کمپنیوں کی جائز آمدنی کا تحفظ کرنا اور مصنوعی قلت کو روکنا ہے۔ دوا ساز کمپنیوں کو نوٹیفائی کی گئی ادویات کی موجودہ پیداوار اور سپلائی کی سطح برقرار رکھنا ہوگی تاکہ مریضوں کو ادویات بروقت اور بلا تعطل دستیاب رہیں۔

 کینسرکی مانع ادویات کو زیادہ سستا اور قابل رسائی بنا کر یہ اقدام مریضوں اور ان کے اہل خانہ پر مالی بوجھ کم کرنے کے ساتھ ساتھ کینسر کے علاج تک مساوی رسائی کے وسیع تر عوامی صحت کے مقصد کو بھی تقویت دے گا۔

***********

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 6265 )


(ریلیز آئی ڈی: 2324780) وزیٹر کاؤنٹر : 8