کامرس اور صنعت کی وزارت
اے پی ای ڈی اے کی معاونت سے تمل ناڈو سے بلغاریہ کو 1.755 میٹرک ٹن نامیاتی پالمیرا گڑ کا پاؤڈر برآمد کیا گیا
بھارت کا روایتی پامائرا گڑ پاؤڈر بلغاریہ کی منڈی میں متعارف
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 OCT 2026 12:06PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی کامرس اور صنعت کی وزارت کے تحت کام کرنے والے ادارے زرعی اور پراسیس شدہ غذائی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کی اتھارٹی (اے پی ای ڈی اے) نے 15 اکتوبر 2026 کو تمل ناڈو کے ضلع ایروڈ کے گوبیچیٹی پالیَم سے بلغاریہ کے شہر ورنا کے لیے 1.755 میٹرک ٹن نامیاتی پالمیرا گڑ پاؤڈر (پامیر کے پھولوں کے رس سے تیار کردہ گڑ) کی پہلی برآمدی کھیپ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ مصنوعات این پی او پی اور یورپی یونین (ای یو) سے تصدیق شدہ ہیں۔
یہ کھیپ بھارت کی روایتی پامیر مصنوعات کو بین الاقوامی منڈیوں میں متعارف کرانے اور ملک کی نامیاتی مصنوعات کی برآمدات میں تنوع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
یہ کھیپ ایروڈ کی کمپنی میسرز ویلبیئنگ فوڈز نے چنئی کی کمپنی میسرز چیٹی ایکسپورٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے تیار اور برآمد کی ہے۔ اسے سمندری راستے سے چنئی بندرگاہ کے ذریعے بلغاریہ بھیجا جائے گا۔ بلغاریہ میں اس کی درآمد اور تقسیم کی ذمہ داری وہاں قائم کمپنی میسرز سو لائف لمیٹڈ کے پاس ہے۔
اس اقدام کا مقصد تمل ناڈو کی روایتی پالمیرا مصنوعات کے لیے منڈیوں تک رسائی کو مضبوط بنانا اور نامیاتی طریقۂ کاشت سے وابستہ پیداوار کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 137 ایکڑ رقبے پر نامیاتی کاشت کی جا رہی ہے، جس سے کسانوں کو بہتر منڈیوں تک رسائی اور برآمدات پر مبنی ویلیو چین کے فروغ کے ذریعے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق، ملکی منڈی کے مقابلے میں کسانوں کو تقریباً 15 سے 22 فیصد تک، جبکہ تیار کنندہ کو 17 فیصد زیادہ قیمت حاصل ہو رہی ہے۔ اس طرح یہ اقدام اس منصوبے میں شریک کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور ان کے پائیدار معاش کے ذرائع کو مستحکم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
پالمیرا کے پھولوں کے رس سے تیار کیا جانے والا پالمیرا گڑ پاؤڈر بھارت کی ایک روایتی مٹھاس ہے، جس میں قدر افزائی اور بین الاقوامی بازاروں میں وسیع تر قبولیت کے امکانات موجود ہیں۔ یہ ریفائنڈ چینی کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس میں وٹامنز اور معدنیات سمیت بعض غذائی اجزا کی موجودگی کے باعث ممکنہ غذائی فوائد بھی پائے جاتے ہیں۔
پالمیرا پر مبنی مصنوعات روایتی طریقۂ پیداوار اور پالمیرا کھجور کے درخت کے استعمال سے وابستہ ہیں، جو طویل عرصے سے تمل ناڈو کے زرعی اور ثقافتی منظرنامے کا حصہ رہا ہے۔ اس قدرتی وسیلے سے برآمد کے معیار پر پورا اترنے والی مصنوعات تیار کرنے سے منڈیوں میں مواقع کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ مقامی پیداوار کنندگان اور اس سے وابستہ پوری ویلیو چین کو بھی فروغ دینے کی گنجائش موجود ہے۔
اے پی ای ڈی اے کے چیئرمین جناب ابھیشیک دیو نے برآمدی کھیپ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس تقریب میں اے پی ای ڈی اے کی سکریٹری ڈاکٹر سسوتی بوس، ادارے کے سینئر افسران، برآمد کنندہ کمپنیوں کے نمائندوں، بین الاقوامی شراکت داروں، ترقی پسند دھان کے کاشت کاروں اور برآمدی ویلیو چین سے وابستہ دیگر متعلقہ فریقوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر بھارت کی زرعی برآمدات کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔
اے پی ای ڈی اے مصدقہ نامیاتی اور قدر افزا زرعی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے منڈیوں کی ترقی، معیار سے متعلق ضوابط کی پابندی اور بھارتی پیداوار کنندگان کو بیرون ملک خریداروں سے منسلک کرنے میں مسلسل سہولت فراہم کر رہا ہے۔بلغاریہ کو نامیاتی پالمیرا گڑ پاؤڈر کی پہلی کھیپ کی برآمد سے نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مزید مواقع پیدا ہونے اور عالمی منڈیوں میں بھارت کی روایتی مصنوعات کی موجودگی مستحکم ہونے کی توقع ہے۔
***
ش ح۔ س آ۔ ج ا
U.No. 6192
(ریلیز آئی ڈی: 2324255)
وزیٹر کاؤنٹر : 6