وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم 15 اکتوبر کو لداخ میں تقریباً 3,350 کروڑ روپے کے پانچ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور قوم کے نام وقف کریں گے
ان منصوبوں میں ہوائی اڈے کے بنیادی ڈھانچے، اہم سڑک رابطوں، پن بجلی، ورثے کے تحفظ اور آبی سلامتی سے متعلق منصوبے شامل ہیں
وزیر اعظم لیہ ہوائی اڈے پر مسافروں کے لیے نئی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کریں گے
وزیر اعظم 298 کلومیٹر طویل نمو-پدم-درچہ سڑک قوم کے نام وقف کریں گے، جو لداخ کو متبادل رابطہ فراہم کرنے کے ساتھ مسلح افواج کی تزویراتی نقل و حرکت کو مضبوط بنائے گی
وزیر اعظم لیہ میں ہندوستان کے پہلے سنگی نقوش کے تحفظ کے پارک کا افتتاح کریں گے، جس کا مقصد لداخ کے قدیم آثارِ قدیمہ کے ورثے کو محفوظ رکھنا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 OCT 2026 3:15PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی 15 اکتوبر 2026 کو تقریباً دوپہر 12:30 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے لداخ میں تقریباً 3,350 کروڑ روپے کی لاگت کے پانچ بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے۔ وہ اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ ان پانچ منصوبوں سے خطے میں رابطے کے نظام کو مضبوط بنانے، توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور آبی سلامتی کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم لیہ کے کشوک بکولا رنپوچے ہوائی اڈے پر 640 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی مسافروں کے لیے نئی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کریں گے۔ 23,800 مربع میٹر رقبے پر پھیلی یہ جدید عمارت سالانہ 35 لاکھ مسافروں کو خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ توانائی کی بچت بڑھانے اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے اس میں ارضی حرارت سے توانائی حاصل کرنے کی سہولت شامل کی گئی ہے، جو لداخ کے ماحول کے لحاظ سے حساس خطے میں پائیدار بنیادی ڈھانچے کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔ جدید مسافر سہولتوں کو لداخ کے مالا مال ثقافتی ورثے کے عناصر کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے تعمیر کی گئی یہ ٹرمینل عمارت مسافروں کی سہولت میں اضافہ کرے گی اور ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ فضائی رابطے کو مضبوط بنائے گی۔
وزیر اعظم سرحدی سڑک تنظیم (بی آر او) کے ذریعے تعمیر کی گئی 298 کلومیٹر طویل نمو-پدم-درچہ سڑک قوم کے نام وقف کریں گے۔ یہ سڑک لیہ کے نمو کو ہماچل پردیش کے درچہ سے دور افتادہ وادیٔ زنسکار کے راستے جوڑتی ہے اور لداخ کے لیے ایک متبادل رابطہ راہداری فراہم کرتی ہے، جس سے سرینگر-لیہ اور منالی-لیہ شاہراہوں کو اضافی سہارا ملے گا۔ بلند ہمالیائی علاقوں سمیت دشوار گزار خطوں سے گزرتی ہوئی یہ سڑک، جس میں بلند مقام پر واقع شنکون لا درّہ بھی شامل ہے، انجینئرنگ کے میدان میں ایک اہم کامیابی ہے۔ اس کی تزویراتی اہمیت مسلح افواج کی آپریشنل نقل و حرکت میں اضافے اور ان کے لیے رسد کی معاونت کو مضبوط بنانے میں مضمر ہے۔ اس سے زنسکار کے باشندوں کو بھی صحت کی سہولتوں، تعلیم، بازاروں اور ضروری خدمات تک رسائی بہتر ہونے کے باعث فائدہ پہنچے گا۔
توانائی کی سلامتی کو مضبوط بنانے اور لداخ میں قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی کوششوں کے تحت وزیر اعظم 9 میگاواٹ کے ہانو چھوٹے پن بجلی منصوبے اور 66 کلو وولٹ کی ڈبل سرکٹ داہ-ہانو-خلتسی ترسیلی لائن کا افتتاح کریں گے۔ ان منصوبوں سے بجلی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور لداخ کے بجلی کے نظام کی قابلِ اعتماد کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ منصوبے خطے کے پن بجلی وسائل سے فائدہ اٹھانے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔
لداخ کے قدیم آثارِ قدیمہ کے ورثے کو محفوظ رکھنے کی اہمیت کے پیش نظر وزیر اعظم لیہ کے سندھو گھاٹ میں ہندوستان کے پہلے سنگی نقوش کے تحفظ کے پارک کا افتتاح کریں گے۔ لداخ میں قبل از تاریخ دور کے چٹانی فن کے سیکڑوں مقامات موجود ہیں، جہاں جنگلی حیات، انسانی شکلوں اور علامتی نقش و نگار کی صورت میں کندہ کاری کی گئی ہے۔ یہ نقوش ہزاروں سال کی انسانی تاریخ کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کرتے ہیں۔ یہ سنگی نقوش خطے کے ثقافتی اور تہذیبی ماضی کا ایک ایسا ریکارڈ ہیں جن کا کوئی متبادل نہیں۔ تحفظ کا یہ پارک آثارِ قدیمہ کی ان نازک باقیات کو محفوظ رکھنے، عوام میں بیداری پیدا کرنے اور ورثے کی سیاحت کو ذمہ دارانہ انداز میں فروغ دینے کے لیے ایک مخصوص مقام فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم منصوبہ ہِم سروور کے تحت 40 گاؤں میں تیار کیے گئے 40 آبی ذخائر کا بھی افتتاح کریں گے۔ اس پہل کا مقصد مشن امرت سروور کے اہداف کے مطابق آبی تحفظ کے ذریعے لداخ کے مخصوص جغرافیائی اور موسمیاتی چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔ لداخ میں زراعت کو پانی کی دستیابی اور طلب کے درمیان موسمی عدم توازن کا سامنا ہے۔ کسانوں کو اکثر بوائی کے اہم موسم میں پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جب کہ دوسرے اوقات میں برف پگھلنے اور گلیشیئرز سے آنے والے پانی کی صورت میں وافر آبی وسائل دستیاب ہوتے ہیں۔ منصوبہ ہِم سروور کا مقصد پانی کی دستیابی کے وقت اسے محفوظ کرنا اور ضرورت کے وقت اس کی فراہمی یقینی بنا کر اس مسئلے کو حل کرنا ہے۔ اس طرح آب پاشی میں مدد ملے گی، زراعت سے وابستہ لوگوں کے روزگار کو سہارا ملے گا اور خطے میں طویل مدتی آبی سلامتی مضبوط ہوگی۔
*****
ش ح ۔ا ک۔ ر ب
U: 6065
(ریلیز آئی ڈی: 2323270)
وزیٹر کاؤنٹر : 16
یہ ریلیز پڑھیں:
Assamese
,
English
,
हिन्दी
,
Bengali
,
Bengali-TR
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam