وزارتِ تعلیم
azadi ka amrit mahotsav

وزارتِ تعلیم نے آئی آئی آئی ٹی رانچی میں طالب علم کی موت کے معاملے کی جانچ کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 OCT 2026 2:26PM by PIB Delhi

وزارتِ تعلیم نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی آئی آئی ٹی)، رانچی کیمپس میں ایک طالب علم کی افسوس ناک موت کا نوٹس لیا ہے۔ واقعے کے حالات اور اس سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کی سربراہی اور صدارت دہلی یونیورسٹی کے ساؤتھ کیمپس کی ڈائریکٹر پروفیسر رجنی ابّی کریں گی۔ کمیٹی میں ایک سینئر ماہرِ نفسیات اور وزارتِ تعلیم کے ایک سینئر افسر بھی بطور ارکان شامل ہیں۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی آئی آئی ٹی)، رانچی سرکاری و نجی شراکت داری(پی پی پی)کے تحت قائم کیا گیا ادارہ ہے۔

کمیٹی کو اس واقعے سے متعلق حالات کا جائزہ لینے اور رہنما خطوط پر عمل درآمد کا اندازہ لگانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس دوران بنیادی سہولتوں کی دستیابی اور ان کے کام کاج، ادارہ جاتی معاونتی نظام، مشاورت اور رہنمائی کے انتظامات اور طلبہ کی شکایات کے ازالے کے طریقۂ کار پرخصوصی توجہ دی جائے گی۔ کمیٹی نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرے گی اور طلبہ کی فلاح و بہبود کو مستحکم کرنے اور ایسے واقعات کی تکرار روکنے میں مدد کے لیے مناسب اقدامات کی سفارش کرے گی۔ کمیٹی ضرورت کے مطابق متعلقہ فریقوں سے بات چیت کرے گی اور ریکارڈ و دستاویزات کا جائزہ لے گی۔

وزارت ِتعلیم طلبہ کے مفادات اور فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارے کے ہموار اور مؤثر کام کاج کو یقینی بنانے کے لیے مناسب عبوری انتظامی اقدامات کر رہی ہے۔

*******

) ش ح – رک )

U.NO- 5093


(ریلیز آئی ڈی: 2322761) وزیٹر کاؤنٹر : 12