سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
این ایچ اے آئی کی جانب سے ٹول پلازوں پر بیت الخلاء اور دیگر سہولیات کی صفائی اور بہتر دیکھ بھال یقینی بنانے کے لیے نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ
صارفین سے فیس وصول کرنے والی ایجنسیوں پر این ایچ اے آئی کے ٹینڈروں میں حصہ لینے پر 15 دن یا تمام زیرِ التواء خامیوں کو دور کرنے تک پابندی لگائی جا سکتی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 OCT 2026 4:56PM by PIB Delhi
قومی شاہراہوں پر بیت الخلاء کی صفائی اور دیکھ بھال کو مزید بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کے تحت، بھارتی قومی شاہراہ اتھارٹی (این ایچ اے آئی) نے نگرانی اور ضابطوں پر عمل درآمد کا نظام مزید سخت کر دیا ہے۔ ان نئے اقدامات کا مقصد بیت الخلاء کے بلاکوں اور دیگر سہولیات، بشمول ٹول وصولی کے کاؤنٹروں، آس پاس کے علاقوں اور سائن بورڈوں کی مناسب صفائی اور دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہے۔ شہریوں کی سہولت کو ترجیح دینے والی اس پہل کا مقصد یہ بھی یقینی بنانا ہے کہ عوامی استعمال کی بنیادی سہولیات کی دیکھ بھال کے ذمہ دار ادارے مقررہ خدماتی معیار پر پورا اتریں اور خامیوں کو فوری طور پر دور کریں۔
صارفین سے فیس وصول کرنے والی ایجنسیوں کے لیے بیت الخلاء اور دیگر سہولیات کے سلسلے میں مقررہ خدماتی معیار پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ نئے نظام کے تحت، این ایچ اے آئی کے افسران ہفتے میں کم از کم ایک بار ان سہولیات کا معائنہ کریں گے۔ اگر کوئی خامی پائی گئی تو متعلقہ ایجنسی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا جائے گا اور مقررہ مدت کے اندر خامی دور کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔
شفافیت اور مناسب نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے نوٹس کے ساتھ تاریخ درج شدہ تصاویر این ایچ اے آئی کے ڈیٹا لیک پورٹل پر اپ لوڈ کی جائیں گی۔ متعلقہ ایجنسی کے لیے بھی اپنی وضاحت پیش کرنا اور اصلاحی کارروائی کی عکاسی کرنے والی تصاویر اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔ این ایچ اے آئی کے علاقائی دفاتر پیش رفت پر نظر رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مقررہ مدت کے اندر خامیوں کو دور کر دیا جائے۔
عدم تعمیل پر جرمانے
اگر کوئی خامی معاہدے یا مقررہ خدماتی معیار کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے تو این ایچ اے آئی معاہدے کی شرائط اور موجودہ رہنما خطوط کے مطابق متعلقہ جرمانہ عائد کرے گی۔
این ایچ اے آئی نے ان ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کی شق بھی متعارف کرائی ہے جو بار بار خامیوں کو دور کرنے میں ناکام رہتی ہیں۔ اگر کسی ایجنسی کے زیرِ انتظام ٹول پلازوں کی کل تعداد کے 10 فیصدیا اس سے زیادہ کے برابر تعداد میں خامیوں کو دور نہ کرنے پر نوٹس جاری کیے جاتے ہیں تو اس ایجنسی کو ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ایجنسی قرار دیا جائے گا۔ ایسی ایجنسی15 دن تک یا تمام زیرِ التوا ءخامیوں کو دور کرنے تک، ٹول پلازوں کی نیلامی، ٹول پلازوں کے معمول کے ٹھیکوں، تعمیراتی کاموں یا این ایچ اے آئی کے کسی بھی دوسرے ٹینڈر میں حصہ لینے کی اہل نہیں ہوگی۔
یہ نیا نظام سرکاری فنڈ سے چلنے والے ٹول پلازوں اور ان دیگر ٹول پلازوں پر لاگو ہوگا جہاں این ایچ اے آئی کی جانب سے صارفین سے فیس وصول کرنے والی ایجنسیاں مقرر کی جاتی ہیں۔ یہ نظام پہلے سے نافذ پالیسیوں، رہنما خطوط اور معاہدے کی شرائط کے علاوہ بھی نافذ العمل ہوگا۔
سہولیات کی فراہمی میں قومی شاہراہوں کے صارفین کو مرکزی حیثیت
این ایچ اے آئی نے 2025 میں شہریوں کی سہولت کو ترجیح دیتے ہوئے ‘صاف بیت الخلاء تصویری مہم’ شروع کی تھی۔ اس منفرد پہل کا مقصد قومی شاہراہوں کے صارفین کو ترغیب دینا ہے کہ وہ ٹول پلازوں پر گندے بیت الخلاء کی واضح تصاویر، مقام اور تاریخ و وقت کی تفصیلات کے ساتھ ‘راج مارگ یاترا’ موبائل ایپ کے ذریعے اپ لوڈ کرکے ان کی اطلاع دیں۔ ایسی ہر اطلاع پر، جو مقررہ شرائط پر پوری اترتی ہو، متعلقہ گاڑی کے رجسٹریشن نمبر پر ایک ہزار روپے کا انعام فاسٹیگ ری چارج کی صورت میں دیا جاتا ہے۔
‘صاف بیت الخلاء تصویری مہم’ اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنا کر این ایچ اے آئی قومی شاہراہوں پر بیت الخلاء کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف سطحوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ اس حکمت عملی میں عوامی شرکت، باقاعدہ معائنہ، ڈیجیٹل ریکارڈ کی تیاری اور مقررہ مدت میں خامیوں کو دور کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں، تاکہ خدمات کی فراہمی بہتر ہو اور ان سہولیات کی دیکھ بھال کے ذمہ دار اداروں کی جواب دہی یقینی بنائی جا سکے۔
شہریوں کو خامیوں کی اطلاع دینے کا موقع فراہم کرکے اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی نگرانی سخت بنا کر، این ایچ اے آئی کا مقصد بیت الخلاء کو مزید صاف ستھرا اور بہتر حالت میں رکھنا اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو زیادہ بہتر سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔
********
) ش ح ۔ا ک۔ش ت)
U.No. 5030
(ریلیز آئی ڈی: 2322403)
وزیٹر کاؤنٹر : 6