وزارت ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

نئی دہلی میں واقع نیشنل اسکول آف ڈرامہ میں برکس تھیٹر فیسٹیول 2026 کا آج آغاز


ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، اس موقع پر ثقافت کی وزارت کے سکریٹری جناب وویک اگروال بھی موجود تھے

اس میلے میں برکس کے 9 ارکان اور شراکت دار ممالک کی متنوع ڈرامائی روایات ایک ساتھ پیش کی جا رہی ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 OCT 2026 4:22PM by PIB Delhi

’مشترکہ کہانیاں، مشترکہ مستقبل‘ (شیئرڈ اسٹوریز، شیئرڈ فیچرس)کے موضوع پر برکس تھیٹر فیسٹیول 2026 کا آج نئی دہلی میں واقع نیشنل اسکول آف ڈرامہ (این ایس ڈی) میں آغاز ہوا۔ تین روزہ یہ میلہ(فیسٹیول) برکس ممالک کی متنوع ڈرامائی روایات، عصری فنِ اداکاری کے طریقوں اور مشترکہ ثقافتی اقدار کے جشن  سے عبارت ہے ۔ ہندوستان کی برکس صدارت 2026 کے تحت حکومتِ ہند کی ثقافت کی وزارت کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا یہ میلہ 12 سے 14 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔ اس میں برکس کے 9ارکان  اور شراکت دار ممالک کے تھیٹر سے وابستہ فن کار، دانش ور، طلبہ اور ثقافتی نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261012162300_318a22.jpg

نئی دہلی میں برکس سربراہ اجلاس کے کامیاب اختتام کے بعد یہ میلہ ہندوستان کی برکس صدارت کے تحت ایک اور اہم ثقافتی سرگرمی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس میں شرکت کرنے والے ممالک ہندوستان، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، روس، ایران، ویتنام، جنوبی افریقہ، قزاقستان اور ایتھوپیا ہیں۔ یہ میلہ تھیٹر کی مشترکہ زبان کے ذریعے فنون اور ثقافت کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

افتتاحی تقریب میں حکومتِ ہند کے ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس تقریب میں حکومتِ ہند کی وزارتِ ثقافت کے سکریٹری جناب وویک اگروال، وزارتِ خارجہ کے سکریٹری (اقتصادی تعلقات) اور 2026 کے لیے ہندوستان کے برکس شیرپا جناب سدھاکر دلیلا، نیز نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے ڈائریکٹر جناب چترنجن ترپاٹھی بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں شریک ممالک کے معزز سفیروں اور مشن کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261012162312_9afef7.jpg

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا، ’’آج ہم بین الاقوامی برادری کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ایک وقت میں یہاں جمع ہوئے ہیں۔ ایسے وقت میں جب ممالک کو بڑھتے ہوئے مختلف مفادات کے درمیان راستہ نکالنے کے لیے مسلسل جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے، باہمی افہام و تفہیم اور تعمیری مکالمے کے مواقع پہلے سے کہیں زیادہ قیمتی ہو گئے ہیں۔‘‘

مرکزی وزیر نے مزید کہا، ’’سفارت کاری جہاں ممالک کو مذاکرات کے قابل بناتی ہے اور اقتصادی تعاون انہیں خوش حال ہونے میں مدد دیتا ہے، وہیں ثقافت معاشروں کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ ایسے روابط قائم کرتی ہے جو سیاسی سرحدوں سے بالاتر ہوتے ہیں۔ ہماری تاریخیں، زبانیں اور روایات مختلف ہونے کے باوجود یہی یقین برکس تھیٹر فیسٹیول کو فنونِ اداکاری سے کہیں زیادہ اہمیت عطا کرتا ہے۔‘‘

افتتاحی دن جناب آصف علی کا تحریر کردہ ڈراما ’’سمندر منتھن‘‘ پیش کیا گیا، جس کی تزئین، ہدایت کاری اور موسیقی کی ذمہ داری این ایس ڈی کے ڈائریکٹر جناب چترنجن ترپاٹھی نے انجام دی۔ یہ ڈراما این ایس ڈی کے احاطے میں واقع ابھیمَنچ آڈیٹوریم میں پیش کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image003_20261012162325_ed95c5.jpg

اس میلے کے تحت ڈراموں کی پیشکش نئی دہلی کے مختلف مقامات پر کی جائے گی، جن میں نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے ابھیمَنچ اور سَم مُکھ آڈیٹوریم، کمانی آڈیٹوریم، ایل ٹی جی آڈیٹوریم اور میگھ دوت تھیٹر شامل ہیں۔ ان ڈراموں کے ٹکٹ بک مائی شو کے ذریعے 200 روپے فی ٹکٹ کی قیمت پر دستیاب ہوں گے، جس سے ناظرین کو بین الاقوامی سطح پر تھیٹر اور فنونِ اداکاری کی پیشکشوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔

اس میلے میں شریک ممالک کے قومی تھیٹر اسکول اور معروف تھیٹر ادارے حصہ لے رہے ہیں۔ روس کی نمائندگی دو تھیٹر گروپ کر رہے ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے تھیٹر کی دو پیشکشیں پیش کی جائیں گی، جب کہ دیگر شریک ممالک اپنی متنوع زبانوں، ثقافتی نقطۂ نظر، ڈرامائی روایات اور عصری تخلیقی اظہار کی عکاسی کرنے والے فن پارے پیش کریں گے۔ اس میلے کا منتخب کردہ پروگرام تھیٹر کی مختلف اصناف پر مشتمل ہے، جن میں کلاسیکی، عصری اور تجرباتی تھیٹر شامل ہیں۔

ہندوستان نے 2026 کے لیے ’لچک، اختراع، تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘ (بلڈنگ فار ریزیلئنس ، انوویشن ، کوآپریشن اینڈ سسٹین ایبیلیٹی) کے موضوع کے تحت برکس کی صدارت سنبھالی ہے۔ اس دوران برکس ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے عوام پر مرکوز نقطۂ نظر اپنایا گیا ہے۔ اس صدارت کے تحت برکس کے ثقافتی شعبے میں ثقافتی اور تخلیقی صنعتوں میں اشتراک، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور پائیدار ترقی میں ثقافت کے کردار کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ تھیٹر فیسٹیول براہِ راست فنکارانہ پیشکشوں کے ذریعے فنون کے تبادلے، ثقافتی مکالمے اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دے کر ان ترجیحات کی تکمیل کرتا ہے۔

فنکارانہ سرگرمیوں اور پیشہ ورانہ تبادلے کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈراموں کی پیشکش کے بعد آنے والی صبحوں میں عملی نوعیت کی ورکشاپس اور تبادلۂ خیال کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے، جن میں ہدایت کار، فنکار اور عملے کے ارکان حصہ لیں گے۔ ان اجلاسوں میں فنکارانہ وژن، اداکاری کی روایات، اداکاری کے طریقۂ کار اور اسٹیج پر پیشکش کے فن جیسے موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔ ان میں تبادلۂ خیال، ناظرین کی شرکت اور مشترکہ عملی مشقوں کے ذریعے مختلف ثقافتوں کے درمیان سیکھنے، علم کے تبادلے اور طویل مدتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ متنوع کہانیوں اور فنکارانہ روایات کے ذریعے یہ میلہ مختلف ثقافتی شناختوں کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ برکس ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو مضبوط بنانے کی کوشش کرتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image004_20261012162345_6753c2.jpg

وزارت ثقافت، حکومت ہند کے تحت ایک خود مختار ادارہ، نیشنل اسکول آف ڈراما (این ایس ڈی)، برکس تھیٹر فیسٹیول 2026 کے انعقاد کے لیے مرکزی ادارے کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔ شریک ممالک کے تھیٹر اداروں اور فن کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے، این ایس ڈی فنون کے تبادلے کو فروغ دینے اور بین الاقوامی ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے کے فیسٹیول کے مقصد کی تکمیل میں تعاون کر رہا ہے۔

برکس تھیٹر فیسٹیول 2026 نہ صرف تھیٹر کے اعلیٰ معیار کی پیش کش کا ذریعہ ہے، بلکہ ثقافتی مکالمے، پیشہ ورانہ تبادلے اور عوامی سطح پر باہمی روابط کے فروغ کا ایک پلیٹ فارم بھی ہے، جو برکس تعاون کے وسیع تر مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔ تھیٹر کے ذریعے یہ فیسٹیول سرحدوں کے پار کہانیوں، فن کاروں اور ناظرین کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے، جس سے ثقافتی تفہیم کو تقویت ملتی ہے اور مسلسل تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

******

U-NO- 5025

ش ح۔م م ۔  ع د


(ریلیز آئی ڈی: 2322385) وزیٹر کاؤنٹر : 9