وزارتِ تعلیم
یوا سنگم کے ساتویں مرحلے کے تحت تلنگانہ کے وفدنے آسام کے مالا مال ثقافتی ورثے اور روایات کا جائزہ لیا
وفد کے ارکان نے آسام کے گورنر جناب لکشمن پرساد آچاریہ سے ملاقات کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 OCT 2026 7:20PM by PIB Delhi
وزارتِ تعلیم کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم نے ہندوستان کے نوجوانوں کے درمیان ثقافتی اور جذباتی رشتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ‘ایک بھارت، شریشٹھ بھارت’ پہل کے تحت ‘یوا سنگم’ کے ساتویں مرحلے کا پروگرام منعقد کیا ہے۔
یہ پروگرام نوجوان شرکاء کو مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ثقافتی ورثے، روایات، تعلیمی منظرنامے اور ترقیاتی کامیابیوں سے روشناس ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس کے تحت 20 جوڑی دار ریاستوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ذریعے باہمی تفہیم اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
کرناٹک کی سینٹرل یونیورسٹی کی قیادت میں تلنگانہ سے آنے والے وفد کا 4 اکتوبر 2026 کو گوہاٹی پہنچنے پر انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)، گوہاٹی نے پرتپاک استقبال کیا۔

تلنگانہ کے وفد نے 5 اکتوبر 2026 کو آسام میں اپنے دن کا آغاز یوگا کے ایک اجلاس سے کیا۔ اس اجلاس نے نوجوان شرکاء کو صحت و تندرستی، ذہنی یکسوئی اور مثبت توانائی کے ساتھ اپنے دن کا آغاز کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں ہندوستان کے روایتی علم اور ثقافتی ورثے کے ایک اہم پہلو سے بھی روشناس ہونے کا موقع ملا۔

وفد نے 5 اکتوبر 2026 کو آسام کے گورنر جناب لکشمن پرساد آچاریہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران نوجوان شرکاء کو آسام کے مالا مال ورثے، روایات اور ثقافتی اہمیت کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔ اس ملاقات سے ہندوستان کے متنوع ثقافتی منظرنامے کے بارے میں ان کی سمجھ میں مزید اضافہ ہوا اور ملک بھر کے نوجوانوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی اہمیت کو سمجھنے میں بھی مدد ملی۔


یوا سنگم کے ساتویں مرحلے کے تحت تلنگانہ اور آسام کے درمیان اس تبادلے سے پروگرام کے بنیادی ہدف کی عکاسی ہوتی ہے، جس کا مقصد ہندوستانی نوجوانوں کو ملک کے تنوع سے روشناس کرانا، اپنی آبائی ریاستوں سے باہر کی برادریوں کے ساتھ میل جول کے مواقع فراہم کرنا اور ہندوستان کے مشترکہ ثقافتی ورثے کے تئیں ان کی قدر شناسی کو مزید گہرا کرنا ہے۔اس طرح کے تبادلے نوجوانوں کو مختلف مقامات اور ثقافتوں کو قریب سے جاننے، لوگوں سے روابط قائم کرنے اور دیرپایادیں سمیٹنے کے بامعنی مواقع فراہم کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ‘ایک بھارت، شریشٹھ بھارت’ کے وسیع تر تصور کو آگے بڑھانے اور تنوع میں اتحاد کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
*******
) ش ح – رک )
U.NO- 4998
(ریلیز آئی ڈی: 2322121)
وزیٹر کاؤنٹر : 11