نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدرجمہوریہ جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے ایمس دیوگھر کی دوسرے جلسۂ تقسیمِ اسناد سے خطاب کیا
اپنے علم سے شفاء دیں، اپنی تحقیق سے جدت پیدا کریں اور اپنی خدمت سے دوسروں کو ترغیب دیں: نائب صدر کا نوجوان فارغ التحصیل طلبہ سے خطاب
نائب صدر نے نوجوان طبی ماہرین پر زور دیا کہ وہ قابلیت، ہمدردی اور کردار کو اپنے رہنما اصول بنائیں
قبائلی اور دیہی برادریوں کے لیے معیاری صحت کی سہولیات اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی، ترقی یافتہ بھارت کے تصور کا بنیادی حصہ ہے: نائب صدر
ایمس دیوگھر متوازن اور جامع ترقی کے تصور کا عکاس: نائب صدر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 OCT 2026 2:24PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے آج جھارکھنڈ کے دیوگھر میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے دوسرے جلسۂ تقسیمِ اسناد سے خطاب کیا اور فارغ التحصیل ڈاکٹروں، نرسوں اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو مبارک باد دی۔ اس جلسۂ تقسیمِ اسناد کو سنتھال پرگنہ خطے کی امنگوں کا جشن قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایمس دیوگھر قبائلی اور دیہی برادریوں کے لیے طبی تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں بڑھتے ہوئے مواقع کی علامت ہے۔
بھگوان برسا منڈا، سدھو کانہو اور تلکا مانجھی کی وراثت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے فارغ التحصیل طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے علم کو تعلیمی اداروں کی حدود سے باہر لے جائیں اور دیہات، قبائلی برادریوں اور ملک کے دور دراز ترین علاقوں میں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی علم کا اعلیٰ ترین مقصد معاشرے کی خدمت ہے اور نوجوان طبی ماہرین سے اپیل کی کہ وہ قابلیت، دیانت داری، ہمدردی اور اخلاقی طرزِ عمل کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طب کی سند حاصل کرنا محض ایک کامیابی نہیں بلکہ ان محروم اور کمزور طبقات کی ہمدردی اور لگن کے ساتھ خدمت کرنے کی ذمہ داری بھی ہے، جنہیں بنیادی سہولیات تک مناسب رسائی حاصل نہیں ہے۔
نائب صدر نے علاقائی صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانے میں ایمس دیوگھر کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے ملیریا کے خاتمے، لمفی فلیریا کی نگرانی، خون کی کمی، سماعت کی صحت اور اسکولی صحت سے متعلق اس کے عوامی رابطے کے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ کسی طبی ادارے کی ذمہ داری اس کے احاطے تک محدود نہیں ہوتی بلکہ اس سے کہیں آگے تک پھیلی ہوتی ہے۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں طبی تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کی توسیع کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ ملک میں طبی کالجوں کی تعداد 2014 سے پہلے 387 تھی، جو بڑھ کر 846 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمس دیوگھر جیسے ادارے متوازن اور جامع ترقی کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے تصور کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر ریاست، ضلع اور گاؤں میں معیاری صحت کی سہولیات اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی ضروری ہے۔
نائب صدر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سند حاصل کرنے والے 173 طلبہ میں سے 132 خواتین تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتِ حال خواتین کو بااختیار بنانے سے آگے بڑھ کر خواتین کی قیادت میں ترقی کی جانب ملک کی پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے اور اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کا ادراک کرنے کے قابل بنانے میں تعلیم کا کردار تبدیلی لانے والا ہے۔
فارغ التحصیل طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے ان پر زور دیا کہ وہ ان برادریوں سے اپنا تعلق برقرار رکھیں جن کی خدمت کے لیے یہ ادارہ قائم کیا گیا ہے، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کو ذمہ داری کے ساتھ اپنائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مصنوعی ذہانت، طبّی فاصلاتی مشاورت اور ڈیجیٹل تشخیص میں ہونے والی پیش رفت سے دور دراز علاقوں کے لوگوں کے ساتھ ساتھ شہروں کے باشندوں کو بھی فائدہ پہنچے۔ انہوں نے نوجوانوں میں ’’منشیات کو نہیں کہیں‘‘ کا پیغام عام کرنے کی بھی اپیل کی اور مریضوں کی ہمدردانہ دیکھ بھال میں نرسنگ کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے اہم کردار کو سراہا۔
نائب صدر نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ ادارہ جھارکھنڈ اور مشرقی خطے کے وسیع تر علاقے میں طبی علاج کے اعلیٰ معیار، سائنسی تحقیق اور ہمدردانہ خدمت کے مرکز کے طور پر مسلسل ترقی کرتا رہے گا۔ اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں قابلیت، ہمدردی اور کردار کو رہنما اصول بنائیں اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں بامعنی کردار ادا کریں۔
اس جلسۂ تقسیمِ اسناد میں جھارکھنڈ کے گورنر جناب سنتوش کمار گنگوار؛ مرکزی وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود جناب پرتاپراؤ جادھو؛ جھارکھنڈ کے وزیر برائے صحت، طبی تعلیم اور خاندانی بہبود ڈاکٹر عرفان انصاری؛ رکنِ پارلیمان (لوک سبھا) ڈاکٹر نشی کانت دوبے؛ رکنِ پارلیمان (راجیہ سبھا) جناب پردیپ کمار ورما؛ دیوگھر کے رکنِ اسمبلی جناب سریش پاسوان؛ ایمس دیوگھر کی صدر پروفیسر ایم۔ وی۔ پدما سریواستو اور ایمس دیوگھر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر نتن ایم۔ گنگانے سمیت دیگر معزز شخصیات، اساتذہ، سند حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-4952
(ریلیز آئی ڈی: 2321717)
وزیٹر کاؤنٹر : 34