کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

کابینہ نے مربوط ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 OCT 2026 3:09PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے آج ایک خصوصی مقصدی ادارہ (ایس پی وی) یعنی انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس اتھارٹی (آئی ٹی ایل اے) کے قیام کی منظوری دی، تاکہ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے وسیع شعبوں میں تحقیق، منصوبہ بندی،جائزہ، نگرانی اور اثرات کے جائزوں کو مضبوطی فراہم کی جا سکے۔

مذکورہ منظوری کا مقصد ٹرانسپورٹ سے متعلق متعدد وزارتوں اور اداروں کے درمیان غیر مربوط منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے باعث درپیش دیرینہ چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔توقع ہے کہ زیادہ بہتر تال میل اور مختلف ذرائع نقل و حمل کے باہمی انضمام کو فروغ دے کر، آئی ٹی ایل اے سے بھارت میں ٹرانسپورٹ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی کارکردگی، پائیداری اور مؤثریت میں اضافے ہوگا۔

آئی ٹی ایل اے کے کلیدی رول اور ذمہ داریاں درج ذیل ہوں گی:

  • قومی اعلیٰ ادارہ: آئی ٹی ایل اے مربوط ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی منصوبہ بندی، تحقیق، پروجیکٹوں کی جانچ اور نگرانی، پالیسی معاونت اور ڈیٹا کے تجزیے کے لیے اعلیٰ ترین ادارے کے طور پر کام کرے گا۔
  • طویل مدتی قومی ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان:آئی ٹی ایل اے دس سال یا اس سے زیادہ کی منصوبہ بندی کی مدت کے ساتھ ایک جامع قومی ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان تیار کرے گا، جس میں سڑکیں، ریلوے، بندرگاہیں اور جہاز رانی، شہری ہوا بازی، اندرون ملک آبی گزرگاہیں، ساحلی جہاز رانی، شہری نقل و حرکت اور لاجسٹکس شامل ہوں گے۔
  • مربوط منصوبہ بندی کا فریم ورک:آئی ٹی ایل اے ٹرانسپورٹ سے متعلق وزارتوں کے قلیل مدتی شعبہ جاتی منصوبوں (تقریباً 5 سال) اور سالانہ منصوبوں کا جائزہ لے گا، تاکہ قومی ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان کے ساتھ ان کی مطابقت اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے اور کثیر موڈل بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
  • بڑے پروجیکٹوں کی تکنیکی جانچ:آئی ٹی ایل اے حکومت ہند کے 500 کروڑ روپے یا اس سے زیادہ لاگت والے بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کی تکنیکی جانچ کرے گا۔ موجودہ مالیاتی جانچ کے طریقۂ کار کے تحت مالیاتی جانچ جاری رہے گی۔
  • نگرانی اور اثرات کا جائزہ:آئی ٹی ایل اے500 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت والے ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کے عمل درآمد کی نگرانی کرے گا، مسائل کے حل کے لیے مربوط نظام فراہم کرے گا اور ان پروجیکٹوں کے عمل درآمد کے بعد اثرات کا جائزہ لے گا۔
  • قومی ٹرانسپورٹ ڈیٹا ریپوزٹری: آئی ٹی ایل اے متعدد ذرائع سے متعلقہ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس ڈیٹا سیٹس حاصل کرکے ایک متحد ٹرانسپورٹ ڈیٹا ریپوزٹری قائم کرے گا، جس میں جی ایس ٹی این ای-وے بل پر مبنی نظام، شہری ٹریفک مینجمنٹ نظام اور دیگر متعلقہ ڈیٹا بیس شامل ہوں گے۔مذکورہ ادارہ منصوبہ بندی، نگرانی اور اثرات کے جائزے کے لیے ڈیٹا کا تجزیہ بھی کرے گا، مثلاً فریٹ فلو/ او-ڈی تجزیہ۔
  • قومی لاجسٹکس پالیسی(2022)کے جائزے اوراسے اپ ڈیٹ بنانے کےلیے مشورہ اور معاونت فراہم کرنا۔
  • لاجسٹکس شعبے میں صلاحیت سازی، تربیت اور ہنرمندی کو فروغ دینا۔
  • ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تحقیق اور اختراعات کو فروغ دینا۔

 آئی ٹی ایل اے کا قیام کثیرموڈل رابطے کو مضبوط بنانے، بنیادی ڈھانچے کی کارکردگی بہتر کرنے، لاجسٹکس کے اخراجات کم کرنے اور عالمی لاجسٹکس کے شعبے میں بھارت کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے کے ذریعے بھارت کے وژن 2047 کو عملی جامہ پہنانے میں اہم رول ادا کرے گا۔آئی ٹی ایل اے تحقیق، منصوبہ بندی، بڑے پیمانے پر ڈیٹا کے انضمام،پروجیکٹوں کی نگرانی اور جائزے کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت کو فروغ دے گا، جبکہ صلاحیت سازی اور بین الاقوامی بہترین طریقۂ کار اپنانے میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔

*****

ش ح۔ ش م۔اش ق

U. No- 4697


(ریلیز آئی ڈی: 2319569) وزیٹر کاؤنٹر : 5