لوک سبھا سکریٹریٹ
وزیر اعظم اور لوک سبھا اسپیکر نے مہاتما گاندھی اور جناب لال بہادر شاستری کو خراج عقیدت پیش کیا
مرکزی وزراء، اراکین پارلیمان اور دیگر معزز شخصیات نے مہاتما گاندھی اور جناب لال بہادر شاستری کو خراج عقیدت پیش کیا
لوک سبھا اسپیکر نے ’’اپنے رہنماؤں کو جانیے‘‘ پروگرام میں شریک طلباء سے خطاب کیا
لوک سبھا اسپیکر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مہاتما گاندھی اور جناب لال بہادر شاستری کی زندگی اور نظریات سے ترغیب حاصل کریں
وکست بھارت کی تعمیر کے لیے نوجوان سچائی، عدم تشدد، سادگی، نظم و ضبط اور فرض شناسی کے مضبوط جذبے کو اپنائیں: لوک سبھا اسپیکر
ملک بھر سے 500 سے زائد نوجوان شرکاء نے سمویدھان سدن کے سینٹرل ہال میں مہاتما گاندھی اور جناب لال بہادر شاستری کو خراج عقیدت پیش کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 OCT 2026 5:00PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا، مرکزی وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود اور کیمیکل و فرٹیلائزر جناب جگت پرکاش نڈا، مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور اور وزیر برائے اقلیتی امور جناب کرن رجیجو، راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف جناب ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف جناب راہل گاندھی، جناب نتن نابین، رکن پارلیمنٹ، اراکین پارلیمنٹ، سابق ممبران پارلیمنٹ اور دیگر معزز شخصیات نے آج سمویدھان سدن کے سینٹرل ہال میں بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم جناب لال بہادر شاستری کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کی تصاویر پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔
لوک سبھا کے سکریٹری جنرل جناب اتپل کمار سنگھ اور راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل جناب پی سی مودی نے بھی اس موقع پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔
اس موقع پر لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا نے ’’اپنے رہنما کو جانیے‘‘ پروگرام کے تحت سمویدھان سدن کے سینٹرل ہال میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم جناب لال بہادر شاستری کی زندگی، نظریات اور عوامی خدمت سے ترغیب حاصل کریں اور ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے عزم، نظم و ضبط اور ذمہ داری کے مضبوط احساس کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔
نوجوان شرکا ء کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ تاریخی سینٹرل ہال میں ان کی موجودگی ہندوستان کی جمہوری اور آئینی وراثت سے جڑنے کا ایک موقع ہے۔ مہاتما گاندھی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی سچائی، اخلاقیات، عدم تشدد اور ستیہ گرہ کی طاقت کی مظہر ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب دنیا کا ایک بڑا حصہ نوآبادیاتی اقتدار کے تحت تھا، مہاتما گاندھی نے یہ دکھایا کہ سچائی اور عدم تشدد پر مبنی تحریک آزادی کی جدوجہد کو سمت دے سکتی ہے۔ بعد ازاں ان کے نظریات اور فلسفے نے دنیا بھر میں آزادی اور انصاف کی جدوجہد کو تحریک دی۔ مہاتما گاندھی کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان کی زندگی اور افکار کا مطالعہ کریں اور کہا کہ جتنا زیادہ انسان ان کی زندگی اور فلسفے کو سمجھتا ہے، اتنا ہی اسے مشکلات اور چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے بصیرت، حوصلہ اور ایک نیا نقطۂ نظر حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی زندگی یہ سبق دیتی ہے کہ سادہ ذرائع سے بھی لوگوں کی زندگیوں اور ذہنوں میں دیرپا تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ خود احتسابی، نظم و ضبط، ثابت قدمی اور مقصد کے تئیں پختگی ان کی زندگی کا لازمی حصہ تھے اور آج بھی نوجوانوں کے لیے ان کی اہمیت برقرار ہے۔
سابق وزیر اعظم جناب لال بہادر شاستری کا حوالہ دیتے ہوئے جناب برلا نے ان کی سادگی، دیانت داری، اعلیٰ نظریات، فرض شناسی اور فیصلہ سازی میں پختگی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے شاستری جی کے متاثر کن نعرے ’’جے جوان، جے کسان‘‘ کو یاد کیا، جس نے ایک مشکل دور میں ملک کو سمت فراہم کی اور قومی سلامتی اور غذائی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ آج کے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی، علم اور وسیع وسائل تک رسائی حاصل ہے، لیکن صرف یہ چیزیں کسی کے اہداف کے حصول کو یقینی نہیں بناسکتیں۔ صبر، اخلاقی طرز عمل، نظم و ضبط، عزم اور مسلسل کوشش بھی اتنی ہی ضروری ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مقاصد کے تئیں ثابت قدم رہیں اور مایوسی، تھکن یا ناکامیوں کو اپنے عزم کو کمزور نہ کرنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے سفر میں سماجی ذمہ داری کو مرکزی حیثیت حاصل رہنی چاہیے اور ان کا مقصد محض ذاتی کامیابی نہیں، بلکہ ملک کی ترقی اور پیش رفت میں اپنا کردار ادا کرنا بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علم، توانائی اور صلاحیتوں کو ایک نئے اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر اور قیادت کے لیے استعمال کریں۔
اپنے خطاب کا اختتام کرتے ہوئے جناب برلا نے شرکا ء سے اپیل کی کہ وہ اس پروگرام کے پیغام اور اس سے حاصل ہونے والی ترغیب کو اپنے اسکولوں، لوگوں اور جہاں کہیں بھی جائیں، وہاں پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں تاریخی دستور ساز اسمبلی ہال سے نئی تحریک، توانائی اور اعتماد کے ساتھ، اپنے فرائض کی ادائیگی اور ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے نئے عزم کے ساتھ واپس جانا چاہیے۔
ملک کے مختلف حصوں سے 500 سے زائد اسکولی طلبہ نے اس پروگرام میں شرکت کی اور تاریخی دستور ساز اسمبلی ہال میں مہاتما گاندھی اور جناب لال بہادر شاستری کو پیش کیے گئے پھولوں کے خراجِ عقیدت کا مشاہدہ کیا۔ منتخب 36 نوجوان شرکا نے دونوں قومی رہنماؤں کی زندگی، نظریات، افکار اور خدمات پر بھی اظہار خیال کیا اور بتایا کہ ان کے نزدیک ان دونوں رہنماؤں کی زندگی آج بھی ہندوستان اور دنیا بھر کی نسلوں کے لیے کس طرح باعث ترغیب بنی ہوئی ہے۔
اس سے قبل دن میں لوک سبھا اسپیکر نے راج گھاٹ اور وجے گھاٹ کا بھی دورہ کیا اور بالترتیب مہاتما گاندھی اور جناب لال بہادر شاستری کی سمادھیوں پر حاضری دے کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
***
ش ح۔م ش ۔ م ر
U-NO.4535
(ریلیز آئی ڈی: 2318308)
وزیٹر کاؤنٹر : 5