وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کیپٹن اسمت مچھار سے بات چیت کی
وزیر اعظم نے مسافروں کی جان بچانے میں ان کی بہادری اور حاضر دماغی کی ستائش کی
آج پورا ملک فخر سے کہہ سکتا ہے کہ ہم ہندوستانی وہ لوگ نہیں ہیں جو جان لیتے ہیں، بلکہ ہم وہ لوگ ہیں جو جان بچاتے ہیں: وزیر اعظم
آج گاندھی جینتی ہے؛ عدم تشدد کی اصل روح کیا ہے، آپ نے اسے اپنی عملی زندگی میں پیش کرکے دکھایا ہے: وزیر اعظم
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 OCT 2026 4:50PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کال کے ذریعے کیپٹن اسمت مچھار سے بات چیت کی۔ انہوں نے گفتگو کا آغاز ان کی صحت کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کیا اور یقین دلایا کہ پورا ملک ان کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔ انہوں نے پائلٹ کی بہادری، صبر و تحمل اور انتہائی مختصر وقت میں اہم فیصلے کرنے کی غیر معمولی حاضر دماغی کی ستائش کی، جس کے نتیجے میں متعدد لوگوں کی جانیں بچائی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت کی کشمکش اور شدید زخمی ہونے کے باوجود کیپٹن نے اپنی جان سے زیادہ اپنے مسافروں کی سلامتی کو ترجیح دی، جس سے 140 کروڑ ہم وطنوں کا وقار بلند ہوا۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا، ’’آج پورا ملک فخر سے کہہ سکتا ہے کہ ہم ہندوستانی وہ لوگ نہیں ہیں جو جان لیتے ہیں، بلکہ وہ لوگ ہیں جو جان بچاتے ہیں۔‘‘
وزیر اعظم نے پائلٹ کے اہل خانہ، جن میں بھوپیندر بھائی، گیتا بہن اور سونل بہن شامل ہیں، کے ساتھ اپنی گفتگو کو محبت سے یاد کیا۔ انہوں نے گیتا بہن کی اس بات پر ستائش کی کہ انہوں نے اپنے بیٹے میں گہری ثقافتی اقدار پیدا کیں اور کہا کہ انہوں نے بھگود گیتا کی تعلیمات کو پوری طرح اپنی زندگی میں اتار لیا ہے۔
وزیر اعظم نے کیپٹن اسمت کی باتیں، جنہوں نے انہیں اپنا سب سے بڑا آئیڈیل قرار دیا، پوری توجہ سے سنیں۔ کیپٹن نے بتایا کہ پرواز کے 17 سالہ تجربے نے انہیں یہ محسوس کرنے میں مدد دی کہ طیارہ نیچے جا رہا ہے۔ انہوں نے اس ہولناک لمحے کا ذکر کیا جب شدید زخمی اور بری طرح پھنسے ہونے کے باوجود انہوں نے آخری کوشش کرتے ہوئے دروازہ کھولا، کیونکہ وہ کسی بھی صورت مسافروں کو مرنے نہیں دینا چاہتے تھے۔ وزیر اعظم نے اس بات کو بھی سراہا کہ زندگی بچانے کی جدوجہد کے دوران کیپٹن نے ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کرکے روحانی قوت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سخت آزمائش سے گزرنے کے بعد کیپٹن کا جذباتی ہوجانا بالکل فطری ہے۔ جناب مودی نے کہا، ’’آپ کے دلیرانہ کام نے پوری دنیا کو آپ سے بات کرنے کے لیے بے تاب کردیا ہے اور آپ کے اہل خانہ نے واقعی ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے ملک بھر میں پائی جانے والی جذباتی یکجہتی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ کی درازیٔ عمر کے لیے ساورکنڈلا سے ودھوان تک خصوصی دعائیں اور آرتیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کیپٹن کے اس عزم کو سراہا کہ وہ اپنی صحت یابی کو صبر و تحمل کے ساتھ طے کیے جانے والے سفر کے طور پر دیکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ جان کر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ پائلٹ ہندوستانی ثقافت سے اپنا تعلق برقرار رکھنے کے لیے اپنے دو سالہ بیٹے کے ساتھ روزانہ ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کرتے ہیں۔ انہوں نے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حکومتوں کا دلی شکریہ ادا کیا اور مقامی لوگوں کی جانب سے ملنے والی بے پناہ محبت کے بارے میں کیپٹن کے جذبات سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن کی کوشش نے دنیا بھر میں تمام ہندوستانی پائلٹوں کے وقار اور مقام کو برقرار رکھا۔ جناب مودی نے کہا، ’’آج گاندھی جینتی ہے؛ عدم تشدد کی اصل روح کیا ہے، آپ نے اسے اپنی زندگی میں عمل کرکے دکھایا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے گجراتی زبان میں محبت بھرے انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن کے کم عمر بچوں، بوبی اور جیوا، کا حال -چال دریافت کیا۔ انہوں نے پائلٹ کے والدین اور ان کی اہلیہ سونل بہن کی بھی دل کی گہرائیوں سے ستائش کی، جنہوں نے حالیہ گفتگو کے دوران بغیر کسی شکایت کے غیر معمولی حوصلے اور یقین و اعتماد کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کیپٹن کو یقین دلایا کہ وہ صرف ایک فون کال کی دوری پر ہیں اور وعدہ کیا کہ جب وہ ملاقات کریں گے تو اس واقعے کی تمام اندرونی تفصیلات ان سے سنیں گے۔ انہوں نے کیپٹن کی مکمل اور جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورا ملک مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ جناب مودی نے کہا، ’’بہت جلد صحت یاب ہوجائیں تاکہ ہماری ملاقات ہوسکے؛ ایشور آپ کو سلامت رکھے اور جے ہند۔‘‘
***
ش ح۔م ش ۔ م ر
U-NO.4534
(ریلیز آئی ڈی: 2318266)
وزیٹر کاؤنٹر : 9