وزارات ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

پی ایم میمنٹوز ای-نیلامی 2026 میں مہاراشٹر کی وراثت، فنون اور عصری کامیابیوں کی جھلک


نواسی(89) یادگاری اشیا پر مشتمل یہ مجموعہ مہاراشٹر کی مالا مال ثقافتی روایات، تاریخی ورثے، فنونِ لطیفہ اور عصری کامیابیوں کی ایک خوبصورت جھلک پیش کرتا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 SEP 2026 5:16PM by PIB Delhi

مہاراشٹر کا شاندار تاریخی ورثہ، روحانی روایات، مقامی فنون اور عصری کامیابیاں پی ایم میمنٹوز ای-نیلامی 2026 میں نمایاں طور پر پیش کی گئی ہیں۔ اس مجموعے میں مجسموں، پینٹنگز، فن پاروں، یادگاری اشیا، مذہبی نوادرات، کھیلوں سے متعلق یادگاروں اور مختلف ماڈلز کی ایک وسیع رینج شامل ہے، جو ریاست کے متنوع ثقافتی منظرنامے کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔

 

 

اس مجموعے میں ایک نمایاں موضوع چھترپتی شیواجی مہاراج کا لازوال ورثہ ہے۔ متعدد یادگاری اشیا میں مراٹھا حکمراں کو مختلف انداز اور فنّی اسالیب میں پیش کیا گیا ہے۔ان میں گھوڑے پر سوار، تخت پر براجمان، شیر کے ساتھ اور مختلف روایتی و رسمی مواقع پر ان کی عکاسی کرنے والے مجسمے شامل ہیں۔

اس مجموعے میں چاندی کا ایک مجسمہ، لکڑی پر کندہ کیا گیا پورٹریٹ، فریم شدہ فن پارہ اور رائے گڑھ قلعے میں واقع میگھ ڈمبری کا ایک ماڈل بھی شامل ہے۔

کئی فن پاروں میں مہاراشٹر کی بھکتی روایات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ان میں سنت تُکارام کو روایتی سازوں کے ساتھ پیش کرنے والے فن پارے اور سنت دھیانیشور کو دھیان اور مراقبے کی حالت میں دکھانے والی تصاویر شامل ہیں۔

یہ مجموعہ خاص طور پر وارلی آرٹ کے انداز میں بنائے گئے کئی فن پاروں کے ذریعے ریاست کے مقامی اور روایتی فنون کی بھی خوبصورت جھلک پیش کرتا ہے ۔ ان میں ایک پینٹنگ میں قبائلی رہنما برسا منڈا کی تصویر کو وارلی آرٹ کے روایتی نقش و نگار کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جبکہ دیگر فن پاروں میں وارلی آرٹ کی منفرد ہندسی اشکال کے ذریعے دیہی زندگی، کھیتی باڑی، تہواروں اور اجتماعی روایات کی عکاسی کی گئی ہے۔ کپڑے پر بنائی گئی وارلی پینٹنگز، جن میں گہرے عنابی رنگ کے کپڑے پر ہاتھ سے بنائی گئی ایک پینٹنگ بھی شامل ہے، اس روایتی فن کی وسعت اور خوبصورتی کو مزید نمایاں کرتی ہیں۔

یہ کیٹلاگ صرف تاریخی ورثے اور مذہبی فنون تک محدود نہیں بلکہ مہاراشٹر کی کھیلوں کے میدان میں نمایاں کامیابیوں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ نمایاں یادگاری اشیا میں پیرا بیڈمنٹن کھلاڑی سکانت کدم کے دستخط شدہ بیڈمنٹن ریکٹ کے علاوہ سچن کھلاری کا دستخط شدہ کیری بیگ اور شاٹ پٹ بھی شامل ہیں۔ سچن کھلاری نے پیرس 2024 پیرا لمپک گیمز میں بھارت کی نمائندگی کی تھی۔

کئی یادگاری اشیا میں مہاراشٹر کے بنیادی ڈھانچے اور ادارہ جاتی ترقی کے اہم سنگِ میلوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ ان میں وادھاون پورٹ، تھانے-بوریولی ٹوئن ٹنل پروجیکٹ اور نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پیش کردہ ماڈلز شامل ہیں۔ بھارت کے سماجی اور فکری ورثے کو نمایاں کرنے والی یادگاری اشیا بھی اس کیٹلاگ کا اہم حصہ ہیں۔ ان میں ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر، لوک مانیہ بال گنگادھر تلک، اہلیہ بائی ہولکر اور پیشوا باجی راؤ اول کے پورٹریٹ اور مجسمے شامل ہیں۔

مجموعی طور پر 89 یادگاری اشیا پر مشتمل یہ مجموعہ مہاراشٹر کی ثقافتی شناخت کی ایک جامع تصویر پیش کرتا ہے، جس میں تاریخی شخصیات، روحانی روایات، لوک فنون، مذہبی فنِ تعمیر، کھیلوں کی کامیابیاں اور جدید بنیادی ڈھانچے کو یکجا کیا گیا ہے۔ ہاتھ سے تیار کردہ وارلی فن پاروں اور مذہبی مجسموں سے لے کر ادارہ جاتی ماڈلز اور کھیلوں کی یادگاروں تک، یہ مجموعہ ان مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرتا ہے جن کے ذریعے مہاراشٹر کا ورثہ اور اس کی کامیابیاں نمایاں ہوتی ہیں۔

 پی ایم میمنٹوز ای-نیلامی 2026 کا آٹھواں ایڈیشن 2 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔ نیلامی کی تاریخوں، شرکت کی تفصیلات اور مکمل کیٹلاگ کے لیے سرکاری پی ایم میمنٹوز ای-نیلامی پورٹل pmmementos.gov.in ملاحظہ کریں۔

****************

(ش ح –اع خ ۔ ر ا)

U. No: 4155


(ریلیز آئی ڈی: 2315310) وزیٹر کاؤنٹر : 10