سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
سائنس اور تکنالوجی کے عزت مآب وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سی ایس آئی آر – این آئی ایس سی پی آر کے ذریعہ شائع کردہ مقبول عام سائنسی رسائل کو پانچ زبانوں میں لانچ کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 SEP 2026 11:10AM by PIB Delhi
کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے 85 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر، سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت کے معزز مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے تمل، تیلگو، مراٹھی، بنگالی اور آسامی زبانوں میں سائنس کی پانچ نئی مقبول میگزینز (رسائل) کا اجرا کیا، جنہیں سی ایس آئی آر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کمیونیکیشن اینڈ پالیسی ریسرچ نے شائع کیا ہے۔
رسائل – اسامی زبان میں বিজ্ঞান লহৰ (بِگیان لہر)، بنگالی زبان میں বিজ্ঞান বৃত্তান্ত (بگیان بریتَّنتو)، مراٹھی زبان میں विज्ञान क्षितिज (وِدنیان شِتج)، تمل زبان میں அறிவியல் அறிக்கையாளர் (اریوِیَل ارِکَّیَلر)، اور تیلگو زبان میں విజ్ఞాన్ వెలుగు (وگیان ویلوگو) – سی ایس آئی آر – این آئی ایس سی پی آر کے مشہور سائنس پبلشنگ پورٹ فولیو میں اہم توسیع کے طور پر نشان زد ہیں۔ اس نئی شروعات کی بنیاد ادارے کی سائنس کمیونیکیشن کی اس دیرینہ روایت پر ہے جو وہ اپنے ممتاز رسائل 'سائنس رپورٹر' (انگریزی)، 'وگیان پرگتی' (ہندی) اور 'سائنس کی دنیا' (اردو) کے ذریعے نبھاتا آ رہا ہے۔
اس افتتاحی تقریب کو ڈائریکٹر جنرل اور سیکریٹری ڈاکٹر این کلائسیلوی، اور ڈائریکٹر ڈاکٹر گیتا وانی رائسم کی موجودگی نے رونق بخشی۔ سی ایس آئی آر – این آئی ایس سی پی آر کی اس مہم کا مقصد معتبر اور دلچسپ سائنسی معلومات کو قارئین کے لیے ان کی متعلقہ زبانوں میں قابلِ رسائی بنانا ہے، اور ساتھ ہی ان خطوں کی سائنسی کامیابیوں، ایجادات اور ترقی کو نمایاں کرنا ہے۔
اس مہم کی ایک نمایاں خصوصیت آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمیت جدید ترین ٹیکنالوجیز کا استعمال ہے، تاکہ سی ایس آئی آر – این آئی ایس سی پی آر کے موجودہ مقبول سائنسی رسائل ('وگیان پرگتی'، 'سائنس رپورٹر' اور 'سائنس کی دنیا') سے منتخب کردہ مواد کے ترجمے کو آسان بنایا جا سکے۔ اے آئی کی مدد سے کیے گئے ان تراجم کا بعد میں انسانی ماہرین کی طرف سے جائزہ لیا جاتا ہے، پروف ریڈنگ کی جاتی ہے، حقائق کی جانچ کی جاتی ہے اور ادارتی طور پر ان کی نوک پلک سنواری جاتی ہے، تاکہ سائنسی درستگی، لسانی معیار اور پڑھنے کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمہ شدہ مواد کے ساتھ ساتھ، یہ رسائل متعلقہ بھارتی زبانوں میں لکھے گئے اصل مضامین بھی شائع کرتے ہیں، جس سے ان زبانوں میں سائنسی تحریر کو فروغ اور مضبوطی ملتی ہے اور خطے کی اہم سائنسی کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا جاتا ہے۔
ان پانچ رسائل کی اشاعت میں جناب مکیش امباداس پنڈ اور ڈاکٹر مہر وان کا تعاون شامل رہا، ان کے علاوہ ان رسائل کے مدیران، ایڈیٹوریل ٹیموں، ڈیزائن ٹیم اور دیگر ادارہ جاتی عملے کی انتھک کوششوں کا بھی بہت بڑا تعاون شامل ہے۔ اجراء کے موقع پر موجود مدیران اور ادارتی نمائندوں میں ڈاکٹر پرم نندا برمن، مدیر ، اور ڈاکٹر بورنالی شرما، ایسو سی ایٹ ایڈیٹر، بگیان لہر (اسامی)؛ ڈاکٹر اُتم کمار جانا، مدیر، بگیان بریتَّنتو (بنگالی)؛ جناب مکیش امباداس پنڈ، مدیر، وِدنیان شِتج (مراٹھی)؛ ڈاکٹر ایس بھوونیش، مدیر، اور ڈاکٹر ایل سندھیا، ایسو سی ایٹ ایڈیٹر، اریویَل ارِکیَّلر (تمل) اور ڈاکٹر این کے پرسنا، مدیر، وِگیان ویلوگو (تیلگو) شامل تھے۔
یہ افتتاح سائنس کو معاشرے کے وسیع تر طبقات تک پہنچانے اور ایک ہمہ گیر، کثیر لسانی اور سائنسی طور پر باخبر بھارت کے وژن کو آگے بڑھانے کی جانب سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر کا ایک اور اہم قدم ہے۔ دوسری طرف، سی ایس آئی آر کا یہ 85 واں یومِ تاسیس خود سائنس، ٹیکنالوجی اور قومی ترقی میں اس ادارے کی 84 سالہ گراں قدر خدمات اور تعاون کی علامت ہے


سائنس اور تکنالوجی کے عزت مآب وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ، سی ایس آئی آر کے 85ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب میں، سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر کے ذریعہ شائع کردہ مقبول عام سائنسی رسائل کا پانچ زبانوں میں اجراء کرتے ہوئے
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:4143
(ریلیز آئی ڈی: 2315261)
وزیٹر کاؤنٹر : 4