جدید اور قابل تجدید توانائی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت کے صاف ستھری توانائی کے وژن کی تکمیل میں سولر انرجی کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ کا مرکزی کردار جاری رہے گا: جناب شری پد یسو نائک


ایس ای سی آئی نے 15 ویں یوم تاسیس کے موقع پر متعلقہ فریقوں کے اجلاس کا انعقاد کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 SEP 2026 2:14PM by PIB Delhi

‘‘سولر انرجی کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (ایس ای سی آئی) کے 15 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے آج یہاں خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے نئی اور قابل تجدید توانائی و بجلی،جناب شری پد یسو نائک نے کہا کہ ایس ای سی آئی کا 15 سالہ سفر عالمی سطح پر قابل تجدید توانائی کی جانب منتقلی میں بھارت کی بڑھتی ہوئی قیادت کی عکاسی کرتا ہے۔’’  وہ اس تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

جناب نائک نے کہا کہ ایس ای سی آئی نے ملک کے صاف ستھری توانائی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مسلسل کام کیا ہے اور اعتماد ظاہر کیا کہ یہ ادارہ اس وژن کی تکمیل میں آئندہ بھی مرکزی کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر مرکزی بجلی اتھارٹی (سی ای اے) کے چیئرپرسن جناب گھنشیام پرساد، وزارت نئی اور قابل تجدید توانائی کے ایڈیشنل سکریٹری جناب  مینک تیواری اور انوکس جی ایف ایل گروپ کے چیئرمین جناب  وویک جین کے علاوہ قابل تجدید توانائی کے شعبے کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ای سی آئی کے منیجنگ ڈائریکٹرجناب آکاش ترپاٹھی نے کہا کہ ایس ای سی آئی قابل تجدید توانائی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کرنے، تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ قریبی تعاون کرنے اور بازار کی ضروریات کے مطابق جدت لانے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ15برس پائیدار توانائی کے لیے ایس ای سی آئی کی لگن اور ملک کے اجتماعی عزم کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام متعلقہ فریقوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا۔

متعلقہ فریقوں کے اجلاس میں دو موضوعاتی اجلاس منعقد ہوئے، جن کے عنوانات ‘‘گرین مالیکیولز کے ذریعے صنعت کی نئی تشکیل’’ اور ‘‘بدلتا ہوا توانائی کا منظرنامہ: تقسیم شدہ قابل تجدید توانائی اور توانائی کی نئی منڈیاں’’ تھے۔ ان اجلاسوں میں پالیسی سازوں، صنعتی شعبے کے رہنماؤں اور مالیاتی اداروں نے شرکت کی اور بھارت میں توانائی کی منتقلی کو متاثر کرنے والے ابھرتے ہوئے مواقع اور چیلنجوں پر غور و خوض کیا۔

پہلے اجلاس‘‘گرین مالیکیولز کے ذریعے صنعت کی نئی تشکیل’’ میں مشکل سے کاربن اخراج کم کرنے والے شعبوں کو کاربن سے پاک بنانے اور صنعتی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں گرین ہائیڈروجن اور اس سے حاصل ہونے والی مصنوعات کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مقامی سطح پر پیداوار کے مواقع اور ابھرتے ہوئے استعمالات کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر گرین مالیکیولز کی منڈیوں کی ترقی کے لیے درکار پالیسی معاونت، بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی اور مالی اعانت پر بھی تبادلہ ٔخیال کیا گیا۔

دوسرے اجلاس،‘‘ بدلتا ہوا توانائی کا منظرنامہ: تقسیم شدہ قابل تجدید توانائی اور توانائی کی نئی منڈیاں’’  میں بھارت میں تقسیم شدہ قابل تجدید توانائی کے بدلتے ہوئے کردار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صارفین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت، تقسیم شدہ توانائی کے وسائل کے انضمام اور ابھرتے ہوئے مارکیٹ میکانزم کے علاوہ ان وسائل کے مؤثر انضمام اور قابل تجدید توانائی کے فروغ میں معاونت کے لیے درکار پالیسی اور ضابطہ جاتی فریم ورک پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

ایس ای سی آئی کے ملک کی خدمت کے 15برس  مکمل ہونے کے موقع پر اس کی مجموعی کامیابیوں میں تیسرے فریق کے ترقی کاروں کے ذریعے 41 گیگاواٹ سے زیادہ کی قابل تجدید توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت کے منصوبوں کی تکمیل، مختلف بجلی تقسیم کار کمپنیوں(ڈسکام)اور صارفین کے ساتھ 67 گیگاواٹ سے زیادہ کے بجلی فروخت معاہدوں پر دستخط اور تقریباً3.6 لاکھ کروڑ روپے کی مجموعی سرمایہ کاری کو ممکن بنانا شامل ہے۔ کمپنی اپنے زیر ملکیت منصوبوں کے پورٹ فولیو کو بھی تیزی سے وسعت دے رہی ہے اور توانائی ذخیرہ کرنے، گرین ہائیڈروجن اور اس سے متعلقہ شعبوں کے فروغ کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔

20 ستمبر 2011 کو قائم کی گئی ایس ای سی آئی، وزارت نئی اور قابل تجدید توانائی کے تحت ایک نورتن مرکزی سرکاری شعبے کا ادارہ ہے۔ اس نے قومی شمسی مشن کے لیے ملک کی مخصوص عمل درآمدی ایجنسی کے طور پر کام کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد سے یہ قابل تجدید توانائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے والا ملک کا ایک اہم مرکزی سرکاری شعبے کا ادارہ بن چکا ہے، جس کا دائرہ کار قابل تجدید توانائی کے مکمل ماحولیاتی نظام تک پھیلا ہوا ہے۔


https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260921141515_c60b84.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image002_20260921141520_955598.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image003_20260921141526_e3e916.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image004_20260921141531_319814.jpg

*****

 ش ح۔ م ح۔ ج ا

U.No. 3847


(ریلیز آئی ڈی: 2312979) وزیٹر کاؤنٹر : 16