ارضیاتی سائنس کی وزارت
’سوچھ ساگر،سرکشت ساگر‘مہم صاف ساحل اور محفوظ سمندروں کے لیے حکومت اور پورے معاشرے کی مشترکہ تحریک بن چکی ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
ساحلوں کی صفائی کےبین الاقوامی دن کے موقع پر مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جوہو بیچ پر ساحلی صفائی مہم کی قیادت کی، ہندوستان کی سمندری خزانےکے غیر دریافت شدہ امکانات کو اجاگر کیا اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے شروع کیے گئے ڈیپ اوشن مشن کو ہندوستان کی بلیو اکنامی کا رہنما قرار دیا
ہندوستان کی ساحلی صفائی مہم صاف سمندروں کے لیے حکومت، شہریوں اور معروف شخصیات کو متحد کر رہی ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
پچھترروزہ مہم سے ملک گیر تحریک تک: سوچھ ساگر، سرکشت ساگر سمندری تحفظ میں عوامی شرکت کو وسعت دے رہا ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
اس مہم کے ذریعے ملک بھر میں ساحلی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں، مرکزی ایجنسیوں، طلبہ، رضاکاروں، غیر سرکاری تنظیموں، معروف شخصیات اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کو متحرک کیا جا رہا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 SEP 2026 4:39PM by PIB Delhi
دنیا بھر میں کل منائے جانے والے ساحلوں کی صفائی کے بین الاقوامی دن کے موقع پر جوہو بیچ پر ساحلی صفائی مہم کی قیادت کرتے ہوئے، سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہندوستان کی سمندری دولت کے غیر دریافت شدہ امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے شروع کیے گئے ڈیپ اوشن(گہرے سمندری مشن) مشن کو ہندوستان کی بلیو اکنامی کا رہنما قرار دیا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے 75ویں سال کی تقریبات کے دوران 2022 میں شروع کی گئی ’سوچھ ساگر، سرکشت ساگر‘ مہم صاف تر ساحلوں اور محفوظ تر سمندروں کے لیے حکومت اور پورے معاشرے کی مشترکہ تحریک بن چکی ہے۔
یہ مہم ابتدا میں 75 روزہ بین وزارتی مہم کے طور پر شروع ہوئی تھی، جواب ساحلوں کی صفائی کے بین الاقوامی دن کے موقع پر ہر سال منعقد ہونے والی ملک گیر مہم میں تبدیل ہو چکی ہے۔ یہ دن ستمبر کے تیسرے ہفتے کے روز منایا جاتا ہے اور اس کے ذریعے سرکاری اداروں اور شہریوں کو ہندوستان کے ساحلی اور سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوشش میں شامل کیا جاتا ہے۔ 2026 میں یہ مہم 12 سے 19 ستمبر تک چلائی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ساحلوں کی صفائی کے بین الاقوامی دن کے موقع پر ممبئی کے جوہو بیچ پر منعقدہ ساحلی صفائی پروگرام کی قیادت کی۔ اس موقع پر وزارت ارضیاتی علوم کے سکریٹری ڈاکٹر ٹی سرینواسا کمار تمالا اور بی سی سی آئی کے صدر متھن منہاس سمیت وزارت ارضیاتی علوم اور اس کے اداروں کے ڈائریکٹرز اور سینئر افسران، عوامی نمائندے، معروف شخصیات، رضاکار اور دیگر شرکا موجود تھے۔ پروگرام میں اجتماعی طور پر سمندر کی صفائی کا حلف لیا گیا، جس کے بعد عملی طور پر صفائی مہم چلائی گئی۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بھی افسران اور رضاکاروں کے ساتھ ساحل سے پلاسٹک اور دیگر کچرے ہٹانے میں حصہ لیا۔
اس مہم نے ساحلی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں، ریاستی حکومتوں، مرکزی حکومت کی وزارتوں اور ایجنسیوں، انڈین کوسٹ گارڈ، انڈین نیوی، طلبہ، غیر سرکاری تنظیموں، رضاکاروں اور مقامی برادریوں کو ایک ساتھ جوڑا ہے۔ معروف شخصیات، عوامی نمائندوں اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے بھی اس مہم میں شرکت کی ہے، جس سے اس مہم کی سماجی رسائی مزید وسیع ہوئی ہے۔رواں برس جوہو بیچ پر بی سی سی آئی کے صدر متھن منہاس کی شرکت نے بھی سمندری تحفظ کے لیے معاشرے کے مختلف طبقات کو ایک ساتھ لانے کی کوشش کی عکاسی کی۔
یہ پہل ہندوستان کے وسیع سمندری خطے کے ساتھ بڑھتی ہوئی وابستگی سے منسلک ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے لال قلعہ سے ڈیپ اوشن مشن کے اعلان کے بعد ہندوستان گہرے سمندر کی کھوج اور اس کے وسائل و ماحولیاتی نظام کو سمجھنے کے لیے اپنی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنارہا ہے۔ سمندروں میں دھاتوں اور معدنیات، ماہی گیری، سمندری حیاتیاتی تنوع اور حیاتیاتی وسائل کے حوالے سے وسیع امکانات موجود ہیں، اس لیے سمندری وسائل کی سائنسی تلاش، ذمہ دارانہ استعمال اور تحفظ ہندوستان کی طویل مدتی ترقی کے لیے اہم ہیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان کے سمندری وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد اسی وقت مکمل طور پر حاصل کیے جا سکتے ہیں جب سمندری ماحولیاتی نظام کی صحت کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے۔ لہذا صاف ستھرے ساحل، پلاسٹک کی آلودگی میں کمی اور عوامی بیداری میں اضافہ صحت مند سمندروں کو برقرار رکھنے اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں۔ اس مہم کا مقصد اس بیداری کو شہریوں کی مسلسل شرکت اور اجتماعی اقدام میں تبدیل کرنا ہے۔
ہندوستان کی تقریباً 11,098 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی اس کی ساحلی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک پھیلی ہوئی ہے اور متنوع ماحولیاتی نظام، برادریوں اور معاشی سرگرمیوں کو سہارا دیتی ہے۔ اس وسیع پیمانے کے پیش نظر سمندری کچرے کے مسئلے سے نمٹنے اور نازک ساحلی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے حکومتوں، سائنسی اداروں، ساحلی برادریوں اور شہریوں کی مربوط کوششیں ضروری ہیں۔
’سوچھ ساگر، سرکشت ساگر‘ کے 2026 کے ایڈیشن کا انعقاد 12 سے 19 ستمبر تک کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں ساحلی صفائی مہمات اور عوامی شمولیت سے متعلق مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ سمندری تحفظ اور ذمہ دارانہ ماحولیاتی طریقوں کو فروغ دینے کی ملک گیر کوشش کے تحت اس مہم میں شہریوں، طلبہ، ساحلی برادریوں، تعلیمی اداروں، غیر سرکاری تنظیموں، رضاکار تنظیموں اور سرکاری ایجنسیوں کو شامل کیا جا رہا ہے۔ وزارت ارضیاتی علوم اور اس کے ادارے سمندری کچرے اور ساحلی ماحولیاتی تحفظ سے متعلق سائنسی اور عوامی آگاہی کی سرگرمیوں کے ذریعے اس مہم کی حمایت کر رہے ہیں۔
’ساگر پراہاری پلیٹ فارم‘ کے ذریعے شہریوں کی شرکت کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے، جو عوام کو اس مہم سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ سمندری کچرے کی دستاویز بندی میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ یہ پہل سمندری آلودگی سے نمٹنے اور ساحلی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے سائنسی معلومات کو عوامی شرکت کے ساتھ مربوط کرنے کے وسیع تر مقصد کی تکمیل کرتی ہے۔
جوہو بیچ پر منعقدہ پروگرام میں حکومتی نمائندوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، معروف افراد، رضاکاروں اور شہریوں نے ہندوستان کی ساحلی پٹی کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوشش میں حصہ لیا۔ اجتماعی حلف اور صفائی کی سرگرمی نے اس پیغام کو مزید مضبوط کیا کہ ہندوستان کے ساحلوں کو صاف اور سمندروں کو محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے صرف ایک دن یا ایک مہم تک محدود رہنے کے بجائے مسلسل عوامی شرکت ضروری ہے۔
’سوچھ ساگر، سرکشت ساگر‘ مہم ہندوستان کی آزادی کے 75ویں سال کے دوران شروع کیے گئے اجتماعی اقدام کے جذبے کو مسلسل آگے بڑھا رہی ہے۔ اس کا مقصد صاف ستھرے ساحلوں، صحت مند سمندروں اور پائیدار سمندری مستقبل کے لیے عوامی شرکت کو مزید فروغ دینا ہے۔
فوٹو — جمعہ کے روز ممبئی کے جوہو بیچ پر ساحلی صفائی مہم کے دوران مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ
*****
ش ح۔ م ع ن۔ت ع
U.No. 3838
(ریلیز آئی ڈی: 2312894)
وزیٹر کاؤنٹر : 11