الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
ہندوستان کا سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام عالمی سطح پر مضبوط شرکت اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کو راغب کر رہا ہے: جناب اشونی ویشنو
سیمیکون انڈیا 2026 کے دوسرے روز سیمی کنڈکٹر ویلیو چین میں 25 اہم اعلانات اور اشتراکات ریکارڈ کیے گئے
اعلانات میں سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ، مواد، لاجسٹکس، چِپ ڈیزائن، جدید پیکیجنگ، پاور الیکٹرانکس اور افرادی قوت کی ترقی شامل
وزیر موصوف نے پائیداری پر زور دیا — فیب یونٹ میں پانی کی ری سائیکلنگ اور ڈیٹا سینٹروں میں کلوزڈ لوپ کولنگ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 SEP 2026 8:19PM by PIB Delhi
سیمیکون انڈیا 2026 کے دوسرے روز سیمی کنڈکٹر ویلیو چین کے مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہوئے 25 اہم اعلانات اور اشتراکات سامنے آئے، جن میں سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ، مواد، لاجسٹکس، چِپ ڈیزائن، جدید پیکیجنگ، پاور الیکٹرانکس اور افرادی قوت کی ترقی شامل ہیں۔ اس پروگرام کو حوصلہ افزا ردعمل حاصل ہوا، پہلے روز تقریباً 12,000 افراد نے شرکت کی، جن میں زیادہ تر صنعت سے وابستہ افراد تھے۔ اس پروگرام میں 600 سے زائد نمائش کنندگان شامل ہیں، جن میں تقریباً 300 بین الاقوامی نمائش کنندگان ہیں۔
ذرائع ابلاغ سے خطاب کرتے ہوئے الیکٹرانکس اور آئی ٹی کے مرکزی وزیر، جناب اشونی ویشنو نے کہا کہ دوسرے روز شرکت اس سے بھی زیادہ رہی، کاروباری اداروں کے درمیان مضبوط روابط دیکھنے میں آئے، کاروباری ملاقاتوں کے دوران کئی معاہدے طے پائے اور مختلف اجلاسوں کو بھی اچھا ردعمل ملا۔ ممالک کے لیے منعقدہ گول میز اجلاسوں کو بھی مثبت ردعمل حاصل ہوا، جن میں جاپان اور سنگاپور کی 30 سے زائد کمپنیوں نے اپنے اپنے پویلین میں شرکت کی، جبکہ جنوبی کوریا اور متعدد یورپی ممالک نے بھی شرکت کی جن میں بیلجیم، نیدرلینڈ اور سویڈن شامل ہیں۔
جناب ویشنو نے کہا کہ بڑھتی ہوئی شرکت ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر سے متعلق سرگرمیوں کو وسعت دینے میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اس پروگرام کے دوران سامنے آنے والی سرمایہ کاری میں دلچسپی کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ صنعت کے قائدین نے اپنی عمل درآمد کی صلاحیت کی بنیاد پر سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔

سیمی کنڈکٹر سپلائی چین کو مضبوط بنانا
سیمی کنڈکٹر سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے حوالے سے وزیر موصوف نے انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن اور نیپون ایکسپریس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر روشنی ڈالی۔ اس کے تحت ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام کے پھیلاؤ کے ساتھ نیپون ایکسپریس لاجسٹکس، گودام کاری، کسٹمز اور سپلائی چین سے متعلق دیگر ضروریات کے شعبوں میں اپنی مہارت فراہم کرے گی۔
وزیر موصوف نے ہندوستانی صنعت کاروں کے لیے موجود مواقع کو بھی اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سیمی کنڈکٹر کمپنیوں کو لاگت اور معیار کے اعتبار سے عالمی سطح پر مسابقت کرنی ہوگی، جبکہ مینوفیکچرنگ کی صلاحیت، مصنوعات کے لائف سائیکل اور بجلی کی کھپت کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔

پائیدار سیمی کنڈکٹر اور ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے پر توجہ
پائیداری کے حوالے سے وزیر موصوف نے سیمی کنڈکٹر فیب یونٹس میں بڑے پیمانے پر پانی کی ری سائیکلنگ اور ڈیٹا سینٹرز میں کلوزڈ لوپ کولنگ سسٹمز کے استعمال کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے ان شعبوں کے پھیلاؤ کے ساتھ وسائل کے مؤثر استعمال والی ٹیکنالوجیز کی اہمیت پر زور دیا۔
سیمیکون انڈیا 2026 کے دوسرے روز کیے گئے 25 اعلانات اور اشتراکات نے سیمی کنڈکٹر ویلیو چین کے مختلف شعبوں میں بڑھتی ہوئی سرگرمی اور سرمایہ کاری، اختراع، مینوفیکچرنگ، ہنرمندی اور عالمی شراکت داری کے ابھرتے ہوئے مواقع کو اجاگر کیا۔ یہ پیش رفت عالمی سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو مزید نمایاں کرتی ہے۔


سیمیکون انڈیا 2026 کے دوسرے روز ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے مقصد سے سپلائی چین کی مقامی سطح پر تیاری، جدید پیکیجنگ، ہنرمندی کی ترقی اور ڈیپ ٹیک سرمایہ کاری کے شعبوں میں متعدد حکمت عملی پر مبنی مفاہمت کی یادداشتوں اور شراکت داری کے اعلانات کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر الیکٹرانکس اور آئی ٹی کے مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو، تجارت و صنعت اور الیکٹرانکس و آئی ٹی کے مرکزی وزیر مملکت جناب جتن پرسادا، MeitY کے سکریٹری جناب ایس کرشنن، MeitY کے ایڈیشنل سکریٹری اور آئی ایس ایم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب امیتیش کمار سنہا اور MeitY میں الیکٹرانکس کے جوائنٹ سکریٹری جناب سشیل پال موجود تھے۔
- ٹاٹا الیکٹرانکس اور انوکس ایئر پروڈکٹس لمیٹڈ: سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کے لیے اہم اعلیٰ خالصت والی گیسوں کی مقامی سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے اشتراک۔
- ٹاٹا الیکٹرانکس اور سومیٹومو کیمیکل لمیٹڈ: فرنٹ اینڈ سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کے لیے اعلیٰ خالصت والے ویٹ کیمیکلز اور جدید مواد کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے شراکت داری۔
- ٹاٹا الیکٹرانکس اور کیلنگٹن انجینئرنگ پی ٹی ای لمیٹڈ: گیس ڈسٹری بیوشن سسٹمز، اعلیٰ خالصت والی پائپنگ اور پروسیس ٹول ہُک اَپ کے ذریعے فیب کی تیاری کو تیز کرنے کے لیے اشتراک۔ اس میں مقامی شراکت داروں کو سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کی خصوصی مہارتوں کی تربیت دینا بھی شامل ہے۔
- ٹاٹا الیکٹرانکس اور اینوموٹو کمپنی لمیٹڈ: مشترکہ تحقیق و ترقی اور لیڈ فریم مینوفیکچرنگ کی مقامی سطح پر تیاری کے ذریعے جدید سیمی کنڈکٹر پیکیجنگ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے شراکت داری۔
- سی-میٹ، پونے اور ہنڈالکو انڈسٹریز لمیٹڈ: سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام کے لیے ضروری اہم خام مال کی پیداوار کو بڑے پیمانے پر بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت، جس کا مقصد مقامی مواد کی صلاحیتوں اور سپلائی چین کی مضبوطی کو تقویت دینا ہے۔
- MeitY، وزارت بجلی اور پاور گرڈ: وولٹیج سورس کنورٹر (وی ایس سی) پر مبنی ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن سسٹمز کے لیے سلیکن کاربائیڈ پاور ماڈیولز کی مقامی سطح پر تیاری میں معاونت کے لیے اشتراک۔ اس کا پائلٹ منصوبہ بہار میں پاور گرڈ کے 1,000 میگاواٹ پساولی پروجیکٹ میں شروع کیا جائے گا۔
- ایل اینڈ ٹی سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز لمیٹڈ اور ورچوئل فاریسٹ پرائیویٹ لمیٹڈ: ایئر کنڈیشننگ اور شمسی توانائی سے چلنے والے سسٹمز کے لیے پاور الیکٹرانکس کے حل کی مشترکہ تیاری۔
- ایل اینڈ ٹی سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز لمیٹڈ اور نیوین سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ: اگلی نسل کے قابل تجدید توانائی کے نظاموں اور اے آئی ڈیٹا سینٹر کے لیے سلیکن کاربائیڈ پاور ماڈیولز کی تیاری۔
- ایل اینڈ ٹی سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز لمیٹڈ اور فِمر انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ: قابل تجدید توانائی کے نظاموں کے لیے انسولیٹڈ گیٹ بائی پولر ٹرانزسٹرز (آئی جی بی ٹی) کی تیاری۔
- ایل اینڈ ٹی سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز لمیٹڈ اور کیپیٹل پاور سسٹمز لمیٹڈ: اسمارٹ میٹروں کے لیے آئی او ٹی ماڈیولز پر اشتراک، جس کا آغاز مقامی طور پر تیار کردہ 4G کمیونیکیشن ماڈیول سے ہوگا۔
- ٹاٹا الیکٹرانکس اور ایل اینڈ ٹی سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز لمیٹڈ: ٹاٹا کے فیب اور او ایس اے ٹی مراکز میں ایل اینڈ ٹی کی سیمی کنڈکٹر مصنوعات کی مینوفیکچرنگ کے امکانات تلاش کرنے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری، جس کا آغاز صارفین کے لیے کیمرہ ماڈیولز سے ہوگا۔
- انڈیا ڈیپ ٹیک الائنس (آئی ڈی ٹی اے): ہندوستان کی 56 ڈیپ ٹیک کمپنیوں میں 263 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی اطلاع۔
- ایس ای ایم آئی اور آئی ڈی ٹی اے: انڈیا سیمی کنڈکٹر اکیڈمی (آئی ایس اے) تیار کرنے کے لیے اشتراک، جو صنعت کی قیادت میں قائم قومی سطح کا ہنرمندی کا پلیٹ فارم ہوگا۔ اس میں کیڈنس، سی جی سیمی، ڈکسن ٹیکنالوجیز، مائیکرون ٹیکنالوجی، سائنوپسس، تھری ڈی گلاس سولیوشنز، یو سی سان ڈیاگو اور آئی آئی ٹی کانپور سمیت شراکت دار شامل ہیں۔
- انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم) اور نیپون ایکسپریس ہولڈنگز اِنک: سیمی کنڈکٹر لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مضبوط و لچک دار سپلائی چین تیار کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت۔
- انڈی سیمی سی اور سی-ڈیک: ہندوستان کے پہلے مقامی سسٹم آن ماڈیول، "ISC-VEGA-SOM" کا اجرا۔ اس میں سی-ڈیک کے ویگا تیجس 32 پروسیسر کو انڈی سیمی سی کے LoRa RF ماڈیول کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ اسے سی-ڈیک کے انڈسٹری سپورٹ سینٹر اقدام کے تحت تیار کیا گیا ہے۔
- کینز سیمی کنڈکٹر اور اِنڈی سیمی سی: جدید پیکیجز (کیو ایف این، بی جی اے) کی کوالیفکیشن، اسمبلی اور ٹیسٹنگ اور کسٹمائزڈ SiP کی تیاری کے لیے اسٹریٹجک او ایس اے ٹی اشتراک۔
- کینز سیمی کنڈکٹر، مائیکروچِپ ٹیکنالوجی اور گرڈ کرسٹ ٹیکنالوجیز: انرجی میٹرنگ ایس او سی کے لیے ہندوستان میں مکمل اینڈ ٹو اینڈ راستہ تیار کرنے کے امکانات تلاش کرنے کے لیے اشتراک۔
- کینز سیمی کنڈکٹر اور یونائیٹڈ بی سی ٹیم: جدید انٹرالوجسٹکس اور لائٹس آؤٹ سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کے لیے مرحلہ وار روڈ میپ تیار کرنے کی شراکت داری۔
- این آئی ای ایل آئی ٹی اور سیمنز ای ڈی اے: صنعتی معیار کے ای ڈی اے ٹولز تک رسائی اور خصوصی تربیت کے ذریعے سیمی کنڈکٹر ڈیزائن کی تعلیم کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت۔
- این آئی ای ایل آئی ٹی اور ٹاٹا الیکٹرانکس: ہنرمند اور صنعت کے لیے تیار اے ٹی ایم پی افرادی قوت تیار کرنے کے لیے اشتراک۔
- این آئی ای ایل آئی ٹی اور سنگاپور پولی ٹیکنک انٹرنیشنل: سیمی کنڈکٹر تعلیم، تربیت اور ہنرمندی کی ترقی اور ہندوستان-سنگاپور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت۔
- این آئی ای ایل آئی ٹی اور ایس سی ایل: این آئی ای ایل آئی ٹی کے eChipHub پلیٹ فارم پر مقامی 0.8 مائیکرون اوپن سورس پروسیس ڈیزائن کِٹ (پی ڈی کے) کا باضابطہ اجرا، جس سے طلبہ اور اختراع کاروں کے لیے چِپ ڈیزائن تک رسائی وسیع ہوگی۔
- این آئی ای ایل آئی ٹی اور آئی ای ایس اے: سیمی کنڈکٹر شعبے کی افرادی قوت کی ترقی کو مضبوط بنانے اور صنعت کے لیے تیار باصلاحیت افرادی قوت کی پائپ لائن تشکیل دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت۔
- این آئی ای ایل آئی ٹی اور ایس ای ایم آئی یونیورسٹی: ہندوستان کی سیمی کنڈکٹر افرادی قوت کے لیے تربیت، سرٹیفیکیشن اور فیکلٹی ڈیولپمنٹ کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت۔
- سلوا کمپنی انک اور سی-ڈیک کے چِپ ان سینٹر: ڈی ایل آئی میں شامل اسٹارٹ اپ، ایم ایس ایم ای اور سی-ڈیک کے تحقیقی و تربیتی اقدامات کو جدید ٹی سی اے ڈی ٹولز تک رسائی فراہم کرنے کے لیے اشتراک۔
اس موقع پر وزیر موصوف نے ہندوستان کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ سسٹم آن ماڈیول انڈی سیمی سی کے آئی ایس سی ویگا ایس او ایم کا اعلان کیا، جو سی-ڈیک کے ویگا-تیجس 32 پروسیسر کو انڈی سیمی سی کے عالمی سطح پر سرٹیفائیڈ لورا-آر ایف ماڈیول کے ساتھ مربوط کرتا ہے۔ سی-ڈیک کے انڈسٹری سپورٹ سینٹر اقدام کے تحت تیار کیا گیا یہ سنگ میل ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر ماحولیاتی نظام میں نمایاں پیش رفت کی علامت ہے۔ یہ اس امر کا مظاہرہ کرتا ہے کہ ڈی ایل آئی پروگرام کے تعاون سے ہندوستانی ڈیزائن کمپنیاں نہ صرف اختراعات کر رہی ہیں بلکہ کامیابی کے ساتھ اپنی مصنوعات کو مارکیٹ میں بھی لا رہی ہیں۔ اب جبکہ چِپس حتمی مصنوعات میں شامل ہو رہی ہیں، ہندوستان بتدریج ایک مصنوعات تیار کرنے والی قوم کے طور پر ترقی کر رہا ہے۔
یشوبھومی، نئی دہلی میں 19 ستمبر تک جاری رہنے والے سیمی کنڈکٹر انڈیا 2026 میں 600 سے زائد کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں اور توقع ہے کہ یہاں تقریباً 50,000 زائرین آئیں گے۔ اس میں 52 ممالک کے نمائندے، 400 سے زائد اعلیٰ عہدیداران اور 150 سے زیادہ مقررین شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش میں جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا، نیدرلینڈز، سنگاپور اور سویڈن کی نمائندگی کرنے والے چھ ملکی پویلین کے علاوہ 12 ریاستی اسٹال، اسٹارٹ اَپ پویلین، انوویشن شوکیس، طلبہ ہیکاتھون اور افرادی قوت کی ترقی کا پویلین بھی شامل ہیں۔
**********
ش ح۔ ف ش ع
U: 3768
(ریلیز آئی ڈی: 2312316)
وزیٹر کاؤنٹر : 9