قومی انسانی حقوق کمیشن
قومی انسانی حقوق کمیشن نے راجستھان کے بانسواڑہ میں شوہر اور دیگر رشتہ داروں کی جانب سے خاتون پر مبینہ حملے اور سرعام تذلیل کا ازخود نوٹس لیا
راجستھان حکومت کے چیف سکریٹری اور بانسواڑہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو نوٹس جاری، دو ہفتے میں معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 SEP 2026 7:34PM by PIB Delhi
قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے راجستھان کے بانسواڑہ میں ایک خاتون کو اس کے شوہر اور دیگر رشتہ داروں کی جانب سے لاٹھیوں سے پیٹنے، زبردستی بال کاٹنے اور نیم برہنہ حالت میں سرعام گھمانے کی میڈیا رپورٹ کا ازخود نوٹس لیا ہے۔ یہ واقعہ مبینہ طور پر یکم ستمبر 2026 کو پیش آیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اہل خانہ خاتون پر ایک دوسرے شخص کے ساتھ گھر سے جانے کا الزام لگا رہے تھے۔
کمیشن نے کہا کہ اگر میڈیا رپورٹ میں درج الزامات درست ہیں تو یہ متاثرہ خاتون کے زندگی اور وقار کے حق کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ ہے۔ کمیشن نے راجستھان حکومت کے چیف سکریٹری اور بانسواڑہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتے کے اندر معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
رپورٹ میں تحقیقات کی موجودہ صورتحال کے ساتھ متاثرہ خاتون کو دیے گئے معاوضے کی تفصیلات بھی شامل کرنے کو کہا گیا ہے، اگر کوئی معاوضہ دیا گیا ہو۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 4 ستمبر کو سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد معاملہ منظر عام پر آیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاتون کو سرعام انتہائی ظالمانہ اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا گیا۔ این ایچ آر سی نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے متعلقہ حکام سے مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔
***
ش ح ۔ م د ۔ م ص
U : 3607
(ریلیز آئی ڈی: 2310680)
وزیٹر کاؤنٹر : 7