عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ 16 ستمبر 2026 کو خصوصی مہم 6 کے لیے مخصوص ویب پورٹل کا افتتاح کریں گے
خصوصی مہم 6 کا تیاری کا مرحلہ: 16 ستمبر سے 30 ستمبر 2026 تک
خصوصی مہم 6 کے نفاذ کا مرحلہ: 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک
الیکٹرانک کچرےکو موثر طریقے سےجمع کرنے، الگ کرنے اور ٹھکانے لگانے پر توجہ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 SEP 2026 1:41PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ حکومت ہند کی تمام 84 وزارتوں/محکموں کے خصوصی مہم 6 کے نوڈل افسران، عوامی شکایات کے نوڈل افسران اور اپیلٹ اتھارٹیز کے اجلاس میں خصوصی مہم 6 کی پیش رفت کی نگرانی کے لیے مخصوص آن لائن ویب پورٹل (https://scdpm.nic.in/SCDPM26) کا افتتاح کریں گے۔ اس اجلاس سے ڈی اے آر پی جی، پوسٹس، کوئلہ، ڈی او ایس ای ایل اور کانوں کے محکموں کے سکریٹری صاحبان بھی خطاب کریں گے۔
محکمۂ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات (ڈی اے آر پی جی) 2021سے ایک نوڈل محکمے کے طور پر کام کر رہا ہے جو ملک بھر کے سرکاری دفاتر میں سوچھتا کو ادارہ جاتی شکل دینے اور التواء کو کم کرنے کے لیے ہر سال منعقد ہونے والی خصوصی مہمات کی نگرانی اور ان کی رہنمائی کرتا ہے۔ خصوصی مہم 6، 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک منعقد کی جائے گی اور اس سے قبل 16 سے 30 ستمبر 2026 تک اس کا تیاری کا مرحلہ ہوگا۔ یہ خصوصی مہم حکومت ہند کے تمام دفاتر میں سو فیصد عمل درآمد کے نقطۂ نظر کے ساتھ صفائی کو ادارہ جاتی شکل دینے کی کوشش ہے۔
سال 2021 سے لے کر اب تک، خصوصی مہم کے پانچ ایڈیشنز (2021، 2022، 2023، 2024 اور 2025) اور ماہانہ سیکرٹریٹ ریفارمز کی نگرانی (جولائی 2026 تک) کے ذریعے، 24.20 لاکھ سے زائد مقامات کا احاطہ کیا گیا ہے، 180.48 لاکھ سے زائد فائلوں کو تلف یا بند کیا گیا ہےاور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے ذریعے 5,102.91 کروڑ روپے سے زیادہ کی آمدنی حاصل کی گئی ہے۔ اکیلے خصوصی مہم 5 میں، تقریباً 11.6 لاکھ مقامات کا احاطہ کیا گیا، 29.52 لاکھ فائلیں نمٹائی گئیں، 233.75 لاکھ مربع فٹ دفتر کی جگہ خالی کرائی گئی اور کچرے کو ٹھکانے لگانے سے تقریباً 833.92 کروڑ روپےکی کمائی ہوئی۔
اس خصوصی مہم کے دوران بہت سے اختراعی اقدامات کیے گئے، جنہیں دستاویزی شکل دی گئی اور دسمبر میں گڈ گورننس ویک کی تقریب کے دوران اسیسمنٹ رپورٹس کی شکل میں جاری کیا گیا۔ خصوصی مہم کی قیادت وزراء، وزراء مملکت اور وزارتوں/محکموں کے سکریٹری صاحبان نے کی ہے۔ خصوصی مہم کے اقدامات اور کامیابیوں کا ذکر وزیر اعظم کے ’من کی بات‘ میں بھی ملتا ہے۔
کابینی سکریٹری نے 5 اگست 2026 کو حکومت ہند کے تمام سکریٹری صاحبان کو ایک ڈی او خط لکھا ہے اور ڈی اے آر پی جی نے 13 اگست 2026 کو خصوصی مہم 6 کے لیے تفصیلی رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ خصوصی مہم 6 حکومت ہند کی تمام وزارتوں/محکموں اور ان کے ملحقہ/ذیلی/خود مختار دفاتر میں منعقد کی جائے گی، جن میں فیلڈ/آؤٹ اسٹیشن دفاتر بھی شامل ہیں جو سروس ڈیلیوری کے ذمہ دار ہیں یا جن کا عوامی واسطہ ہے اور بیرون ملک بھارتی مشنز بھی شامل ہیں۔ خصوصی مہم 6 کا محور بہترین طور طریقوں جیسے کہ شہریوں پر مرکوز طریقوں اور سب کی شمولیت کو مستحکم کرنا ہوگا اور اس کا بنیادی ہدف الیکڑانک کچرے کو موثر طریقے سے جمع کرنے، الگ کرنے اور ٹھکانے لگانے پر مرکوز رہے گا۔
خصوصی مہم 6 کا تیاری کا مرحلہ 30 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ تیاری کے مرحلے کے دوران، وزارتیں/محکمے منتخب زمروں میں التواء کی نشاندہی کریں گے، زمینی عملے کو متحرک کریں گے، مہم کے مقامات کو حتمی شکل دیں گے، ریکارڈ کا جائزہ لیں گے، جگہ کے انتظام کی منصوبہ بندی کریں گے اور شناخت شدہ کچرے کو ٹھکانے لگائیں گے۔ بہترین طورطریقوں کو 19 سے 25 دسمبر 2026 تک گڈ گورننس ویک 2026 کے دوران پیش کیا جائے گا۔
***
(ش ح ۔ک ح۔م ا(
U. No. 3567
(ریلیز آئی ڈی: 2310418)
وزیٹر کاؤنٹر : 5