خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ انّپورنا دیوی کی وفاقی جمہوریہ نائجیریا کی وزیر برائے امورِ خواتین و سماجی ترقی محترمہ ایمان سلیمان-ابراہیم سے ملاقات
بات چیت میں خواتین کے معاشی اجتماعی اداروں، مالی شمولیت، نگہداشت کی معیشت، صاف توانائی، بچوں کے تحفظ اور ڈیجیٹل شمولیت پر توجہ مرکوز کی گئی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 SEP 2026 7:54PM by PIB Delhi
وفاقی جمہوریہ نائجیریا کی وزیر برائے امور خواتین و سماجی ترقی محترمہ ایمان سلیمان-ابراہیم، نے آج نئی دہلی میں خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت، جی پی او اے، نئی دہلی میں حکومت ہند کی خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ انّپورنا دیوی سے ملاقات کی۔

خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت نے نائجیریا کے وفد کا پُرتپاک خیرمقدم کیا۔ بھارت کی برکس 2026 کی صدارت کے دوران وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے خواتین اور بچوں کی ترقی محترمہ انّپورنا دیوی نے کہا کہ ایک شراکت دار ملک کی حیثیت سے نائجیریا کی شرکت عالمی جنوب کے لیے مشترکہ کوششوں میں افریقہ کی ایک اہم آواز کو شامل کرتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی رہنمائی اور دوراندیش قیادت میں خواتین اور اطفال کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھارت اور نائجیریا کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔

خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ انّپورنا دیوی نے خواتین کے اجتماعی اداروں کی طاقت، صنفی مساوات کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے اور خواتین کے اجتماعی اداروں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور مالی شمولیت کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت وزیر اعظم کے خواتین کی قیادت میں ترقی کے وژن سے رہنمائی حاصل کر رہا ہے۔ دونوں وزراء نے باہمی دلچسپی کے شعبوں، جن میں صاف توانائی، سماجی تحفظ اور قومی نگہداشت کے نظام شامل ہیں، پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ بات چیت میں بچوں کے حقوق، تحفظ اور ڈیجیٹل سلامتی کے امور بھی شامل رہے۔ محترمہ انّپورنا دیوی نے مشکل حالات سے دوچار بچوں کے تحفظ اور معاونت کے لیے وزارت کی اہم فلیگ شپ پہلوں کو اجاگر کیا۔

وفاقی جمہوریہ نائجیریا کی وزیر برائے امورِ خواتین و سماجی ترقی محترمہ ایمان سلیمان-ابراہیم نے اپنے اور اپنے وفد کے پُرتپاک خیرمقدم پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ علم کے تبادلے اور بھارت کے بہترین طریقۂ کار سے سیکھنے کی منتظر ہیں، بالخصوص خواتین کے اجتماعی اداروں اور ہنرمندی کے فروغ، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے لیے مالی معاونت، غذائیت سے متعلق معاونت، خواتین کی قیادت میں حکمرانی اور نگہداشت کی معیشت کے شعبوں میں۔

دونوں وزراء نے اس خیال کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک خواتین کے معاشی اجتماعی اداروں، صاف توانائی، سماجی تحفظ اور نگہداشت کی معیشت، نیز بچوں کے حقوق، تحفظ اور ڈیجیٹل شمولیت کے شعبوں میں مل کر کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
14-09-2026
U: 3447
(ریلیز آئی ڈی: 2310267)
وزیٹر کاؤنٹر : 7