قومی انسانی حقوق کمیشن
ہندوستان کا قومی انسانی حقوق کمیشن، وزارت خارجہ کے تعاون سے ، گلوبل ساؤتھ کے قومی انسانی حقوق کے اداروں کے سینئر عہدیداروں کے لیے انسانی حقوق پر آئی ٹی ای سی ایگزیکٹو صلاحیت سازی پروگرام منعقد کرے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 SEP 2026 11:49AM by PIB Delhi
اس پروگرام کا مقصد انسانی حقوق کے مختلف پہلوؤں اور بین الاقوامی نقطۂ نظر سے متعلق معلومات فراہم کرنا اور شرکاء میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ہندوستان کے قومی انسانی حقوق کمیشن کے تجربات کا اشتراک کرنا ہے۔
ہندوستان کا قومی انسانی حقوق کمیشن، وزارت خارجہ کے تعاون سے، گلوبل ساؤتھ کے قومی انسانی حقوق کے اداروں کے سینئر عہدیداروں کے لیے انسانی حقوق کے موضوع پر ہندوستانی تکنیکی اور اقتصادی تعاون (آئی ٹی ای سی) کے تحت چھ روزہ ایگزیکٹو صلاحیت سازی پروگرام کا انعقاد کرے گا۔ یہ پروگرام نئی دہلی میں 14 سے 19 ستمبر 2026 تک منعقد ہوگا۔ پروگرام کا افتتاح قومی انسانی حقوق کمیشن کے چیئرپرسن جسٹس وی راما سبرامنیم کریں گے۔
اس پروگرام کا مقصد قومی انسانی حقوق کے اداروں کی صلاحیت کو مضبوط بنانا، تجربات کے تبادلے اور بہترین طریقوں کو فروغ دینا اور اس طرح متعلقہ ممالک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے تعاون کو تقویت دینا ہے۔ یہ خصوصی طور پر تیار کیا گیا پروگرام حصہ لینے والے اداروں کی ضروریات اور کمیشن کی جانب سے منعقد کیے گئے آئی ٹی ای سی کے چار سابقہ صلاحیت سازی پروگراموں کے دوران موصول ہونے والی تجاویز کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ 15 قومی انسانی حقوق کے اداروں کے 41 سینئر عہدیداروں کی اس پروگرام میں شرکت متوقع ہے۔
یہ پروگرام بین الاقوامی انسانی حقوق کے فریم ورک کے ارتقا، انسانی حقوق سے متعلق عصری مسائل، انسانی حقوق اور کاروبار، انسانی حقوق پر نئی ٹیکنالوجیز کے اثرات اور پائیدار ترقی جیسے موضوعات کا احاطہ کرے گا۔ شرکاء کو عالمی انسانی حقوق کی گفتگو کے تناظر میں ہندوستان کے قومی انسانی حقوق کمیشن کے کام سے آگاہ کرایا جائے گا، جس میں اس کے شکایات کے انتظام اور تحقیقات کے نظام بھی شامل ہیں۔
تین دہائیوں سے زیادہ کے تجربے کی بنیاد پر یہ پروگرام گلوبل ساؤتھ کے ممالک میں قومی انسانی حقوق کے اداروں کے درمیان انسانی حقوق کی وکالت، مؤثر نفاذ اور ادارہ جاتی مضبوطی کے لیے باہمی سیکھنے اور بامعنی تعاون کو فروغ دے گا۔ صلاحیت سازی اور تربیت کے شعبے میں مہارت رکھنے والی معروف شخصیات وسائل کے ماہرین کے طور پر اپنا تعاون پیش کریں گے۔
شرکاء معروف ماہرین کے ساتھ تعاملی اجلاسوں، ثقافتی تجربات اور فیلڈ دوروں میں حصہ لیں گے۔ یہ پروگرام گلوبل ساؤتھ کے قومی انسانی حقوق کے اداروں کے درمیان بات چیت اور تجربات کے تبادلے کے مواقع فراہم کرے گا۔ یہ ہندوستان کے قومی انسانی حقوق کمیشن کے انسانی حقوق کے اداروں اور خطے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کرے گا۔
***
(ش ح۔اس ک )
UR-3371
(ریلیز آئی ڈی: 2309743)
وزیٹر کاؤنٹر : 4